مزید اونچی

٭ بادامی باغ واقعہ کی ذمہ دار حکومت پنجاب فوری طور پر مستعفی ہوجائے۔ڈاکٹر فاروق ستار
بادامی باغ میں جو کچھ ہوا ،اس سے دنیا کو ہمارے ملک قوم کی طرف سے غلط پیغام ضرو ر پہنچا لیکن ایک بات ہے کہ حرمت رسولﷺ سے بڑھ کر ہم مسلمانوں کے پاس کوئی بڑی چیز نہیں ہے اور حضور ﷺ کے لئے ہر مسلمان اور اس کا خاندان سو بار قربان ہونے کو تیار ہے۔گستاخ رسولﷺ کو عبرت ناک سزا ملنی چاہیئے لیکن کسی بے گناہ کو یا اس کے خاندان کوکم از کم ہم مسلمانوں کی طرف سے ہر گز نقصان نہیں ملنا چاہیئے۔ما شا ءاللہ ڈاکٹر صاحب! آپ کو بھی مذہب کے نام پر سیاست کرنے کا موقع تو مل گیا ناں!حالانکہ سندھ اور با الخصوص کراچی میں جو کچھ ہو رہا ہے اس پر آپ یا آپ کی پارٹی تو کبھی بھی مستعفی نہیں ہوئی۔آپ لوگوں نے کئی بار اپنی ہی حکومت کو بلیک میل کر کے اپنے مطالبے منوائے مگر استعفے نہیں دیئے ۔کوئی اور ہوتا تو شاید شرم سے ہی ڈوب مرتا مگر آپ نے تو شاید شرمندہ ہونا ہی نہیں سیکھا۔

٭ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد۔ خبر
اس پر توہم یہی کہیں گے کہ سو چوہے کھا کے بلی حج کو چلی۔صدر مملکت آصف علی زرداری اور ایرانی صدر احمدی نژاد نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو امن پائپ لائن منصوبے کا نام دے دیا گیا۔ پاک ایران منصوبے سے 2 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل ہو گی ،پاکستان کو یومیہ75 کروڑ مکعب فٹ گیس ملے گی ،پاک ایران گیس پائپ لائن کی مجموعی لمبائی 2775 کلو میٹر ہو گی ،جبکہ پاکستان میں پائپ لائن کی کل لمبائی781 کلو میٹر ہو گی۔ بلاشبہ اس حکومت کی ناکامیوں کے باوجود یہ ایک بہت ہی قابل تعریف اور قابل ستائش منصوبہ ہے اور اسکے مکمل ہونے پر پاکستان اور پاکستانی عوام کو بہت ہی زبردست ثمرات ملیں گے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ امریکہ کو پاکستانی حکومت کس طرح اس منصوبے میں رکاوٹ بننے سے باز رکھتی ہے۔یہ ایک خوشگوار تبدیلی ہے کہ جس سے ملک کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

٭وینز ویلا کے صدر ہوگو شاویز انتقال کر گئے۔ خبر
وینزویلا کے عوام دوست صدر ہوگو شاویزکی زندگی واقعی قابل تعریف ہے۔ایک عام آدمی کا یوں عوام میں پذیرائی حاصل کرنا۔غریب عوام میں مکس اپ ہو کر ان کے دکھ سکھ کا ساتھی بننا اور عوام کے ووٹ پر ملک کا صدر بننا بھی ایک بہت بڑا پیغام ہے۔وینزویلا کا صدر مرجائے تو عوام دھاڑیں مار کے روتی ہے ۔کاش ہمارے لیڈران بھی عبرت پکڑیں کہ جن کے جینے سے بھی عوام تنگ اور مرنے پر بھی عوام شکر انے کے نوافل پڑھتی نظر آتی ہے۔جب کوئی ہوگو شاویز کی طرح اچھا ہوگا تو دنیا اس کی تعریف کرنے میں کنجوسی نہیں کرے گی اور جب کوئی عوام پر اپنے مظالم برسات کرے گا تو عوام اسے بھلانے میں دیر نہیں کرے گی۔عوام پرمہنگائی،پٹرول بم،رشوت،بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے پہاڑ ہی اتنے گرائے گئے ہیں کہ ان کا حافظہ ہی کمزور ہوتا جا رہا ہے اور اسی کمزور حافظے کی وجہ سے بے چاری عوام پھر آزمودہ لوگوں کو سلیکٹ کروا کے پچھتاتی ہے کہ بھائی صاحب غلطی ہو گئی۔پھر انہیں اس غلطی کی سزا پانچ سے دس سال ملتی ہے۔اتنے عرصے میں عوام بھی ایکسپائر ہو جاتی ہے۔

٭ گرفتار ڈاکو کو ساتھی ہسپتال سے لیکر فرار
کتنے دکھ کی بات ہے کہ دو شہداءکا خون بھی رائیگاں کر دیا گیا۔بنیادی خبروں کے مطابق شہر قائد میں دو بینک گارڈزنے جان دے کر کیش لٹنے سے بچا لیا جبکہ ایک ڈاکو قابو کرلیا گیا جس کو اس کے ساتھی ہسپتال سے چھڑا کر لے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکووں نے علی گڑھ میں کیش وین لوٹنے کی کوشش کی جس پر گارڈز کی مزاحمت پر ڈاکوﺅں نے فائرنگ کردی جس سے دو گارڈ جاں بحق ہو گئے اور ایک زخمی ہو گیا جبکہ ایک ڈاکو پکڑا گیا۔ اس موقع پر ڈاکو بنارس پل پر دستی بم چلاتے ہوئے فرار ہوگئے ،گرفتار ڈاکو کو زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تھا جہاںاس کے ساتھی پہنچ گئے انہوں نے چار پولیس اہلکاروں کو زخمی کرکے اپنے ساتھی کو چھڑالیا اور فرار ہونے میںکامیاب ہوگئے۔ہماری پولیس کو اپنا نظام مزید موثر کرنا ہوگا ورنہ اسی طرح ملک دشمن اور عوام دشمن عناصر اپنے بہیمانہ منصوبوں میں خدانخواستہ کامیاب ہو جائیں گے۔ہماری پولیس کو جدید سیکورٹی نظام اپنانا ہوگا ورنہ امن عامہ میں اسی طرح کے نقائص سامنے آتے رہیں گے۔ڈاکو جشن منائیں گے اور شہداءکے لواحقین پولیس کو بد دعائیں دے گے۔

٭ جنوبی افریقہ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 125رنز سے ہرادیا
میرا مونوگرام تھرڈ امپائر ہے اور احقر کا تجزیہ اورتجربہ یہی کہتا ہے کہ جب تک ون ڈے ٹیم میں مصباح اور یونس خان شامل رہیں گے اس وقت تک ہمارا ون ڈے میچ جیتنے کا کوئی پروگرام نہیں۔یونس خان اور مصباح صرف ٹیسٹ میچ میں ہی ٹُک ٹُک کرنے کے قابل ہیں ون ڈے میں ہر گیند قیمتی ہوتی ہے اس میں تو ناصر جمشیدکی طرح بیٹ ذرا تیز چلانا پڑتا ہے۔ساﺅتھ افریقہ سے ٹیسٹ میچ میں اتنی بری ناکامی پر تو ہماری ٹیم کو کچھ نہ کچھ تو عبرت پکڑنا چاہیئے تھی۔ابھی کچھ میچ باقی ہیں دیکھنا یہ ہے کہ ہماری ٹیم قومی عزت کو بحال کرتی ہے یا ٹیم مینجمنٹ یونس خان اور مصباح کی پگڑی ”مزید اونچی“ کرتی ہے۔
Mumtaz Amir Ranjha
About the Author: Mumtaz Amir Ranjha Read More Articles by Mumtaz Amir Ranjha: 90 Articles with 60228 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.