دین و دنیا کے بلند اخلاق

حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ایک دن نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے میرا ہاتھ اپنے ہاتھ میں لیا اور فرمایا اے عقبہ! میں تجھے نہ بتادوں کہ دنیااور آخرت کے اخلاق فاضلہ کیا ہیں (پھر فرمایا) تم اس سے ناطہ جوڑو جو تم سے توڑ پیدا کرے اور جو تم کو محروم کرے تم اسے دو جو تمہیں تکلیف پہنچائے تم اسے معاف کردو۔(شرح السنہ)

حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا اے علی رضی اللہ عنہ ! تم کو دین و دنیا کے بلند اخلاق نہ بتادوں یہ کہ تم اس سے رابطہ رکھو جو تم سے رابطہ ختم کرے جو تمہیں محروم رکھے تم اسے نوازو جو تم کو تکلیف دے تم اسے معاف کردو۔(ترغیب)

حضرت امام مالک فرماتے ہیں مجھے یہ حدیث پہنچی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا میں اچھے اخلاق کو مکمل کرنے کیلئے بھیجا گیا ہوں

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ کیا میں تمہیں نہ بتاوں کہ وہ شخص کون ہے جو آگ پر حرام ہوگا اور جس پر آگ حرام ہوگی (سنو میں بتاتا ہوں) دوزخ کی آگ حرام ہے ہر ایسے شخص پر جو لوگوں سے قریب ہونے والا‘ نہایت نرم مزاج‘ اور نرم طبیعت ہو۔(ترمذی)

قبیلہ مزینہ کے ایک شخص نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا کہ مسلمان کو سب سے افضل ترین کس شے سے نوازا گیا ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا حسن اخلاق سے۔ (ترغیب)

حضرت ابوبردہ رضی اللہ عنہ نے کہا اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! کیا اللہ تعالیٰ مکارم اخلاق‘ بلند اخلاق کو پسند کرتا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: قسم اللہ کی جس کے قبضہ میں میری جان ہے بلاحسن خلق کوئی جنت میں داخل نہیں ہوسکتا۔(بیہقی فی الشعب)

حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے زیادہ پسندیدہ اور قیامت کے دن سب سے زیادہ مجھ سے قریب وہ ہوگا جو اخلاق کے اعتبار سے عمدہ ہوگا۔ (فتح الباری)

ابوثعلبہ خشنی رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تم میں سب سے زیادہ محبوب اور قیامت کے دن مجلس میںمیرے قریب وہ شخص ہوگا جو اخلاق کے اعتبار سے سب سے بہتر ہوگا۔(بیہقی)
Jaleel Ahmed
About the Author: Jaleel Ahmed Read More Articles by Jaleel Ahmed: 383 Articles with 1222882 views Mien aik baat clear karna chahta hoon k mery zeyata tar article Ubqari.org se hoty hain mera Ubqari se koi barayrast koi taluk nahi. Ubqari se baray r.. View More