جادو اور ہر بیماری کا علاج

بسم اﷲ الرحمن الرحيم

الحمد ﷲ مجھے علماء کی صحبت میں رہتے ہوئے گیارہ سال سے زائد کا عرصہ ہوگیا ہے مجھے اس دوران اُن سے بہت کچھ سیکھنے کا موقعہ ملا۔لہذا آج ان موتیوں میں سے جومیں نے انکے قدموں سے چنے ایک موتی آپ کی خدمت میں پیش کرتاہوں لیکن اس سے پہلے کچھ تمہید ہے اور وہ یہ کہ آج انسان اتنی ترقی کر گیا ہے کہ گھر بیٹھے پوری دنیا کا نظارہ کررہا ہے، بچے کی پیدائش سے پہلے اسکے لڑکا یا لڑکی ہونے کا کھوج لگا لیا، برق رفتار پیغام رسانی وبہم اطلاع پہچانی سیکھ لی، چاند پر کمندیں ڈالنے کے بعد، ہزاروں میل دور سیاروں کی طرف رخ کیا اور ان پر بھی قدم جمانا شروع کردئیے ، اب مزید آگے کا سفر جاری ہے الغرض اتنی ترقی کر لی کہ جب اپنے ماضی کی طرف دیکھتا ہے تو خود حیران رہ جاتا ہے لیکن افسوس اگر ترقی نہ کی تو اپنے رب کی معرفت وبندگی اور اسے راضی کرنے میں نہ کی، شاید بلکہ یقینا یہی وجہ ہے کہ اتنا ترقی یافتہ ہونے کے باوجود اپنے قلب کا سکون تلاش نہ کر سکا آہ! اپنے دماغ کوالجھنوں اور پریشانیوں سے نہ نکال سکا، ڈپریشن کے مرض سے چھٹکارا نہ پا سکا اور اسکے علاوہ کثیر ایسی بیماریوں میں مبتلا ہوگیا جن کا علاج طبیبوں کو نظر نہیں آتا۔ فوڈ کلچر کے نام پر جتنے نئے نئے کھانے تیار کرتا ہے یہ کھانے اتنی ہی بیماریوں کا پیش خیمہ بنتے ہیں، علاج کے لئے ایک دوا تیار کرتا ہے تو یہ دوا دس بیماریوں اور پیدا کردیتی ہے اور ایسے سائیڈ ایفیکٹس چھوڑ جاتی ہے جنکا وقتی طور پر تو بعض اوقات کچھ پتا نہیں چلتا لیکن بعد میں منفی اثرات ظاہر ہوتے ہیں۔ان تمام مسائل کے بہت سے اسباب ہو سکتے ہیں چنانچہ انکے حل کے لئے مختلف تجاویز وعلاج بھی ہیں لیکن میں اس وقت اپنے قارئین کو صرف ایک ایسا حل بتاؤں گا جس سے انکے بہت سے مسائل وپریشانیاں حل ہو سکتے ہیں اور وہ حل ہے رزقِ حلال اختیار کرنا اور حرام سے بچنا ممکن ہے کہ آپ میں سے بعض حضرات حیران ہوں کہ یہ تمام پریشانیوں کا حل کیونکر ہو سکتاہے تو جواب کے لئے عرض ہے جب بندہ حرام کا لقمہ اپنے پیٹ میں داخل کرتاہے تو یہ لقمہ اسکے اندر اس قدر نقصان وتخریب کاری کرتا ہے کہ آپ اسکا اندازا نہیں کر سکتے اس کا نقصان جسم پر ہونے کے ساتھ ساتھ روح پر بھی ہوتا ہے۔ اور اسکے نقصانات میں سے ایک بڑا نقصان یہ بھی ہے کہ بندے کی دعا قبول نہیں ہوتی اور جب دعا قبول نہیں ہو گی تو مشکلیں کیسے حل ہو سکتی ہیں۔ لہذا سب سے پہلا کام یہ کیجئے کہ اپنی خوراک ولباس اور روز مرہ استعمال کی چیزوں کو حرام سے پاک کیجئے اور پھر اﷲ کریم سے جو چاہے مانگئے وہ خالی نہیں پھیرے گا۔آپ اس دینی مشورے پر عمل کیجئے میں یقین سے کہہ سکتاہوں کہ آپ کے بہت سے مسائل حل ہوجائیں گے۔ ان شاء اﷲ العزیز۔

آج کل کم وبیش نوے فیصد لوگوں کو یہ وہم ہو گیا ہے کہ ان پر جادو، ٹونہ ہو گیا ہے لیکن یقین مانئے یہ غلط ہے ہر شخص جادو میں مبتلا نہیں ہے یہ مالِ حرام کا اثرِ بد ہے جسکی بناء پر انسان کا سکون برباد ہوگیا ہے بہرحال میں آپ کو جادو سے بچاؤ کا روحانی علاج بھی بتا دیتا ہوں اس کو ہر شخص مرو عورت بحالتِ پاکی پڑھ سکتا ہے چاہے اس پر جادو ہو یا نہ ہو۔ اسکی اور بھی بہت سی برکتیں ہیں۔

صبح وشام تین ، تین مرتبہ سورۃ فلق اور سورۃ الناس (قرآن کی آخری دو سورتیں) پڑھ کر اپنے اوپر دَم کرلیں ان شاء اﷲ تعالٰی پوری دنیا کے جنات وجادوگر مل کر بھی آپ کا کچھ نہیں بگاڑ سکیں گے۔

اور اگر رات کو سوتے وقت بھی یہ عمل کرکے اور اسکے ساتھ آیۃ الکرسی بھی پڑلیں تواور بھی زیادہ حفاظت ہوگی، آپ کا گھر اور آپ کے پڑوس کے چالیس گھر اسکی برکت سے اُس رات چوری وغیرہ سے محفوظ رہیں گے۔ اس پر عمل کیجئے اور اپنی دعاؤں اور تاثرات سے نوازئے۔

اﷲ کریم آپ کا اور میرا حامی وناصر ہو۔ فی امان اﷲ والسلام
iftikhar
About the Author: iftikhar Read More Articles by iftikhar: 5 Articles with 25500 views Bachlor in education
Dars e Nizami from Karachi,
Alim course 7 years
.. View More