تیسرا کلمہ تمجید۔۔۔فضائل و برکات

تیسرا کلمہ تمجید۔۔۔فضائل و برکات

عصرِ حاضر میں اہلِ اسلام کی پریشانیوں کی عمومی وجوہات دین سے دوری، اسلامی تعلیمات پر عمل نہ کرنا، اللہ تعالٰی کی ناراضگی اور رسول اکرم ﷺ کی شریعت و سنت کے خلاف ورزی ہیں۔ بقا کو چھوڑ کر فنا ہونے والی دنیا کی پوجا، نفس پرستی، اللہ کی رضا کی بجائے اپنی منشاء و رضا مندی کے حصول کی کوشش، کتاب و سنت کو خود پر نافذ کرنے کی بجائے اسلام کو اپنی مرضی کی زاویے سے دیکھنا، اپنی سہولت کے لئیے دین میں نرمی اور آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش اور اصلاح کرنے والے سے یہ امید رکھنا کہ وہ ہماری مرضی کے مطابق دین و شریعت کو بیان کرے، طرزِ معاشرت، آداب زندگی، شرعی قوانین، فقہی مسائل، انبیاء کرام علیہم السلام، اصحاب و الیاء کرام علیہم الرضوان کی تعلیمات سے فیض یاب ہونے کی بجائے اپنی اصطلاحات کو متعارف کروانا اور پھر اس پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرنا۔ یہ وہ تمام مسائل ہیں جنہوں نے اہلِ اسلام کی زندگی میں رکاوٹیں، پریشانیاں اور نفسیاتی مسائل کے پہاڑ کھڑے کر دئیے ہیں۔ اس سلسلہ میں انفرادی طور پر ہم بھی مجرم ہیں اور امت کی قیادت بھی برابر کی شریک ہے۔

روحانی علاج کے سلسلہ میں دنیا بھر میں موجود بہنیں اور بھائی رابطہ کرتے ہیں۔ اکثریت کا مسئلہ ذہنی پریشانی اور بے سکونی سے ہی شروع ہوتا ہے۔ جب شیطان ذہن پر حاوی ہوتا ہے پھر میاں بیوی کے جھگڑے، اولاد کی نافرمانیاں، نماز میں دل نہ لگنا، کاروبار میں بے برکتی، شادی و نکاح میں رکاوٹ، صحت کی خرابی، دماغی کیفیت میں رد و بدل اور بہت کچھ۔ جب کسی کے دل سے رحمت اٹھ جائے، احکامِ الٰہیہ کہ خلاف ورزی شروع ہو جائے تو پھر شیطان اپنے راستے ہموار کر لیتا ہے۔ اس ساری کیفیت کو ہمارے لوگ جادو سمجھنا شروع کر دیتے ہیں۔ حقیقت میں یہ جادو نہیں ہوتا بلکہ شیطان کا حملہ ہوتا ہے۔ ایسے لوگ جب عاملین سے رابطہ کرتے ہیں تو بہت سارے عامل اس پریشانی میں مزید اضافہ کر دیتے ہیں۔ کوئی اسے جنّات کا حملہ کہے گا تو کوئی کالا اور سفلی علم۔ اس سے لوگوں کی پریشانی میں شدید اضافہ ہو جاتا ہے۔ لوٹنے والے عامل پیسے مانگتے ہیں اور ہزاروں روپے غرق کر دئیے جاتے ہیں۔

حقیقت تو یہ ہے کہ ان ساری پریشانیوں سے نجات کے لئیے قرآن و سنت کے مطابق اور اولیاء کاملین کے فرامین پر عمل کر کے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔ بنیادی طور پر ان مسائل میں مبتلا لوگوں کو اللہ کے قریب لانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے لوگوں کو اگر سوا لاکھ کلمہ پڑھنے کی ہدایت کر دی جائے اور قرآن کریم کی لمبی لمبی سورتیں پڑھنے کو بتا دی جائیں تو وہ کبھی بھی اس پر عمل نہیں کریں گے۔ جو بندہ نماز کے لئیے وضو کرنے کو تیار نہیں وہ لمبے لمبے وظائف کیسے کرے گا؟ ایسوں کو ابتدائی طور پر توبہ و استغفار کی طرف لایا جائے اور کسی ولی ِ کامل کی بارگاہ سے اس کی بھلائی کی دعا کروائی جائے تاکہ اس کے دل کی حالت بدلے اور وہ ہدایت پا جائے۔

میں نے جب سے ہوش سنبھالا عملیات و وظائف کو اپنے آس پاس دیکھا۔ والدِ گرامی سے لےکر مرشدِ کریم حضور نائبِ محدث اعظم، شیخ الحدیث والفقہ والتفسیر علامہ مفتی پیر محمد عبد الرشید قادری ر ضوی رحمۃ اللہ علیہم تک یہ تجربات و مشاہدات سامنے آتے رہے۔ میں نے تمام بزرگان سے ایک سبق سیکھا کہ ذہنی، نفسیاتی اور معاشرتی مسائل کے شکار ہر انسان کو اللہ کے قریب لاؤ۔ توبہ و استغفار کی طرف راغب کرو۔ اس سلسلہ میں استغفار کی کثرت اور تیسرا کلمہ کا ورد اکسیر ثابت ہوا۔ حضرت صاحب رحمۃ اللہ علیہ، آپ کے جانشین پیر ابو الحسن محمد غوث رضوی صاحب دامت برکاتہم العالیہ سمیت کئی بزرگوں کو دیکھا کہ وہ روحانی علاج استغفار اور تیسرا کلمہ سے شروع فرماتے ہیں۔ تیسرا کلمہ کیا ہے؟ اس کی برکات کیا ہیں؟ ملاحظہ فرمائیے اور اپنی زندگی میں اس کا تجربہ کیجئیے۔
تیسرا کلمہ پانچ اوراد اور وظائف کا مجموعہ ہے۔

1- سبحان اللہ۔ 2- الحمدللہ۔ 3- اللہ اکبر۔
یہ تینوں وہ کلمات ہیں جن کو تسبیحِ فاطمی بھی کہا جاتا ہے۔ مخدومہ کائنات ہمارے آقا ﷺ کے جگر کا ٹکڑا سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہ سے منسوب ہے۔ پھر رسول رحمت ﷺ نے جب یہ وظیفہ سیدہ فاطمہ سلام اللہ علیہا کو عطا فرمایا تو اس وقت یہ کرم بھی فرمایا کہ اس کے بدلے میں اللہ تعالٰی سو غلاموں کو آزاد کرنے کا ثواب عطا فرمائے گا۔ سبحان اللہ۔ (ہر نماز کے بعد بالترتیب 33-33-34 مرتبہ) ۔

اسی طرح اس میں کلمہ طیبہ کا جز بھی شامل ہے۔ "لاالہ اللہ ۔ پھر آخر میں "لا حول ولا قوۃ الا باللہ العلی العظیم"۔ اللہ کی تسبیح، حمد، کبریائی کے ساتھ ساتھ اس کے معبودِ برحق ہونے اور ہر تقدیر پر قادر ہونے کا اعتراف و اقرار بھی اس میں موجود ہے۔

اسی طرح علماء کرام نے اس کا تجزیہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہٗ فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے عرش بنایا اور فرشتوں کو اسے اٹھانے کا حکم دیا تو فرشتوں کو عرش بہت وزنی محسوس ہوا اس وقت فرشتوں کو سبحان اللہ پڑھنے کو کہا چنانچہ اس کو پڑھتے ہی عرش اٹھانا آسان ہوگیا فرشتے برابر اس کلمے کو پڑھتے رہے یہاں تک کہ حضرت آدم علیہ السلام وجود میں آئے اور ان کو چھینک آئی تو الحمدللہ پڑھنے کا حکم دیا اس کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا یرحمک اللہ۔ فرشتوں نے یہ کلمہ سنا تو سبحان اللہ کے ساتھ الحمدللہ بھی پڑھنے لگے، حضرت نوح علیہ السلام کا زمانہ آیا تو بت پرستی کیخلاف اللہ نے حکم دیا کہ قوم کو لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ کی تلقین کرو۔ فرشتوں نے اس کو بھی ملا کر پڑھنا شروع کردیا حتیٰ کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کا زمانہ آیا حضرت ابراہیم علیہ السلام کو حضرت اسماعیل علیہ السلام کی قربانی کا حکم ملا۔ تعمیل کرنے لگے تو جنت سے جبرائیل علیہ السلام دنبہ لیکر آئے کہ اسماعیل علیہ السلام کی جگہ اس کو قربان کردو۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زبان سے خوشی سے نکلا اللہ اکبر۔ فرشتوں نے اس کو بھی ملالیا اور یوں پڑھنے لگے یہاں تک کہ حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا زمانہ آیا۔ حضرت جبرائیل علیہ السلام نے یہ واقعہ آپ ﷺ کو سنایا تو آپ ﷺ نے اظہار تعجب کیلئے فرمایا لَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ فرشتوں نے یہ بھی ساتھ ملا لیا اور یوں تیسرا کلمہ مکمل ہوا۔

صاحبِ "جمع الفوائد " لکھتے ہیں کہ "آقائے دوجہاں ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ کیا تم میں سے کوئی ایسا شخص نہیں ہے جو احد پہاڑ کے برابر عمل کرلیا کرے؟ عرض کی کہ وہ کیسے یارسول اللہ ﷺ؟ آپﷺ نے فرمایا کہ ہر شخص کرسکتا ہے کیونکہ سبحان اللہ پڑھنے کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ لاالہ الا اللہ کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ الحمدللہ کا ثواب احد سے زیادہ ہے۔ اللہ اکبر کا ثواب احد سے زیادہ ہے"۔

رسولِ رحمت ﷺ کی زبان مبارک اور پھر اولیاء صالحین و کاملین کے عمل سے ثابت ہوا کہ اس کلمہ میں کوئی انمول خزینہ ضرور چھپا ہوا ہے کہ مدینے والا آقاﷺ نے تو اس میں موجود کلمات کو احد جیسے بلند مرتبت پہاڑ سے بھی زیادہ با برکت قرار دیا۔ بزرگانِ دین نے اس کے بہت سے فضائل لکھے۔ میں اپنے تجربات پیش کرتا ہوں۔

میں نے خود اپنی زندگی میں آزمایا اور اب تک ہزاروں لوگوں کو بتا چکا ہوں، الحمدللہ برکتیں نصیب ہوئیں۔ اگر کہیں کمی ہو تو وہ اپنے یقین اور اعتماد میں ہوتی ہے۔

ذہنی سکون، گھریلو پریشانیاں، میاں بیوی کے اختلافات، رزق میں تنگی، کاموں میں رکاوٹ، مقدمات میں پریشانی، عبادات میں دل لگانے کے لئیے، روحانی ترقی پانے کے لئیے، جادو، شیطانی اثرات اور جنات سے نجات پانے کے لئیے الغرض ایک مسلمان کے ہر روحانی مسئلے کے حل کے لئیے تیسرا کلمہ ایک عظیم نعمت ہے۔ میرے والدِ گرامی جنات کی حاضری تک کے لئیے تیسرا کلمہ کی مدد لیتے ہیں اور بھرپور کامیابی و فائدہ ہوتا ہے۔ جس قدر ایمان پختہ اور یقین مضبوط ہو گا اتنی ہی لذت و حلاوت محسوس ہو گی۔

طریقہ عمل:
ذہنی، کاروباری اور بد اثرات کے مسائل کے لئیے، نمازِ فجر سے پہلے یا بعد میں 100 بار درود شریف، پھر 100 بار تیسرا کلمہ پڑھیں۔ اسی طرح عشاء کے بعد یہ عمل کریں۔

اگر کوئی مشکل کام درپیش ہو، سختی کا وقت ہو یا کوئی مہم در پیش ہو ، حاسدین سے حفاظت کی ضرورت ہو تو بعد نمازِ عشاء 111 بار "یاحی یا قیوم برحمتک استغیث" کے ساتھ ملا کر پڑھیں۔ انشاء اللہ رحمت کا نزول ہو گا۔

تمام خواتین و حضرات جو روحانی علاج کے طالب ہیں ، روزانہ صبح شام تیسرا کلمہ اپنے ورد میں شامل کر لیں۔ ہر نماز کے بعد کم از کم 11 بار یا 3 بار اپنے معمول میں شامل کر لیں۔ اگر اللہ کی تسبیح و تحمید اور استغفار آپ کے معمول میں شامل رہے تو انشاء اللہ کسی کے پاس جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ نہ آپ کا پیسہ ضائع ہو گا اور نہ ہی آپ کے کسی میں رکاوٹ ہو گی۔ انشاء اللہ۔

فی سبیل اللہ روحانی علاج کے لئیے آپ ہمیں ای میل، سکائپ اور فیس بک کے ذریعے رابطہ کر سکتے ہیں۔ الحمد للہ علیٰ احسانہ کہ پوری دنیا میں یہ سلسلہ عام ہو رہا ہے۔ اس کی کوئی فیس نہیں ہے۔ میں عام ملاقات نہیں کر سکتا اس لئیے ای میل، فون اور سکائپ کے ذریعہ یہ خدمت جاری ہے ۔ بعض اوقات اگر کسی کو کئی تعویذ وغیرہ بھجوانے کی ضرورت پیش آئے تو اس کا انتظام ضرورتمند پر ہوتا ہے تاہم کسی قسم کی کوئی فیس وغیرہ نہیں لی جاتی۔ الحمدللہ۔

اس خدمت کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لئیے آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ اللہ کریم ہمیں حاسدین اور شریروں کے
شر سے بچائے اور مخلوقِ خدا کی خدمت جاری رہے۔

ہمارے فیس بک پیجز: https://www.facebook.com/elaj.roohani
https://www.facebook.com/iftikharulhassan.rizvi

Email: [email protected]
Skype: mi.hasan
Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 237834 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More