پاکستانی طالبعلموں نے لوڈشیڈنگ کا حل پیش کردیا

پاکستان کے دو نوجوان طالبعلموں نے لوڈ شیڈنگ اور گیس و بجلی چوری کے خاتمہ کا طریقہ وضع کر کے رومانیہ میں ہونے والے عالمی مقابلہ میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاک ترک سکول اسلام آباد کے دو طالبعلموں شہباز خٹک اور عبد المعیز لودھی نے کمپیوٹر سائنس کے عالمی مقابلہ انفو میٹرکس میں جی ایس ایم (موبائل) ٹیکنالوجی کی مدد سے چلنے والا خودکار میٹر ریڈر پیش کیا جسے دوسرے انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔
 

image


یہ آلہ کسی انسانی مداخلت کے بغیر خود کار طریقہ سے بجلی، گیس اور پانی کے استعمال کی تمام تفصیلات سروس فراہم کرنے والی کمپنی کو بھیجتا ہے جس سے اندازوں پر مبنی بلوں،غلط بلنگ اور اوور بلنگ کا تدارک ہو جاتا ہے۔

اس نظام سے کمپنی کو درست ڈیٹا اور بر وقت معلومات ملتی ہیں جس سے صحیح تجزئیے ، خرابیوں کا سراغ لگانے اور مناسب منصوبہ بندی میں مدد ملتی ہے۔اس ٹیکنالوجی کی مدد سے توانائی فراہم کرنے والی کمپنیوں کو میٹر ریڈر کی ضرورت نہیں رہتی جبکہ صارفین کے سامنے توانائی کے استعمال کی حقیقی تصویر آ جاتی ہے۔

پاکستانی طالبعلموں کی ایجاد سے ٹیمپرنگ کا پتہ لگانے، منافع بڑھانے اور توانائی کے زیاں کی حوصلہ شکنی کی جا سکتی ہے جبکہ اسے سیکورٹی اور فائر الارم کے نظام کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

شہباز خٹک اور عبد المعز لودھی کے مطابق یہ آلہ صارفین کی شکایات کے ازالہ اور توانائی کی چوری جو سالانہ ڈھائی سو ارب تک جاپہنچی ہے روکنے کا بہترین زریعہ ہے۔

اس میں معمولی ترمیم سے بجلی کی کمپنیاں گھروں اور دفاتر میں نصب ائیر کنڈیشنروں اور زیادہ بجلی استعمال کرنے والے آلات کو بند کر سکیں گی جس سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔
 

image

عالمی مقابلہ پاکستانی طلباء کی اس کاوش کو سراہا گیا اور رومانیہ کے وزیر تعلیم و دیگر حکام نے اس پراجیکٹ میں خصوصی دلچسپی لی۔

اس کامیابی پر تبصرہ کرتے ہوئے پاک ترک افسران کامل طورے اور ترگت پویان نے کہا کہ عالمی مقابلوں میں کامیابی پاکستانی طالب علموں کی خصوصیت ہے۔ تعلیمی ادارے ان کے تخیل، جذبہ اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔ ان مقابلوں سے پیشہ ورانہ مہارت کے فروغ اور بین الثقافتی مکالمے اور تعاون کو فروغ ملتا ہے۔

مقابلہ میں امریکہ، برطانیہ، جرمنی، روس، مقدونیہ، بیلجیم، رومانیہ، پولینڈ، ہانگ کانگ، بوسنیا، تنزانیہ، افغانستان، ترکمانستان، یوکرین، ویت نام، ہنگری، میکسیکو، آذربائیجان، جارجیا، ایکواڈور ، تھائی لینڈ، انڈونیشیا، ترکی، جنوبی افریقہ، قازقستان، لاؤس، کولمبیا، کینیا، البانیہ، عراق، اور ملائیشیا سمیت مختلف ممالک کے سینکڑوں طلباء نے شرکت کی۔
YOU MAY ALSO LIKE:

Two students from Islamabad have bagged silver medal in the world finals of the International Computer Projects Competition held recently in Romania by giving solution to end loadshedding and resolve issue of energy theft. Shahbaz Khattak and Abdul Muizz Lodhi of PakTurk School Islamabad have designed a GSM-based Automatic Meter Reader (AMR) which was presented in the Infomatrix Romania where their project won silver medal in the category of Hardware Control.