علی بن ابی طالب بن ہاشم بن عبدمناف
آپ کی کنیت ابوالحسن اور ابوتراب ہے۔ اور آپ کا لقب حیدر ہے۔
آپ کی پیدائش بعثتِ نبوی سے دس سال قبل کی ہے۔
اہل سنت و الجماعت اس بات پر متفق ہیں کہ ابوبکر ، عمر اور عثمان رضی اللہ
عنہم کے بعد صحابہ کرام میں علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سب سے افضل صحابی
ہیں۔ آپ خلفائے راشدین میں سے چوتھے خلیفہ ہیں۔ آپ (رضی اللہ عنہ) کی خلافت
کی مدت چار سال نو ماہ اور کچھ دن ہے۔ آپ نے بچوں میں سب سے پہلے اسلام
قبول کیا۔ آپ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے حقیقی چچازاد بھائی اور داماد
تھے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی جانب سے اپنی لاڈلی دختر کا نکاح علی بن
طالب (رضی اللہ عنہ) سے کرنا ہی اس بات کی سب سے بڑی دلیل ہے کہ آپ رضی
اللہ عنہ بلند ترین اوصاف حمیدہ سے متصف تھے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم
کے نزدیک علی بن طالب رضی اللہ عنہ اس قدر اہم شخص تھے کہ آپ (صلی اللہ
علیہ وسلم) نے ایک دفعہ فرمایا :
لِعَلِيٍّ أَنْتَ مِنِّي بِمَنْزِلَةِ هَارُونَ مِنْ مُوسَى إِلَّا أَنَّهُ
لَا نَبِيَّ بَعْدِي
تم میرے نزدیک وہی مقام رکھتے ہو جو مقام موسیٰ (علیہ السلام) کے نزدیک
ہارون (علیہ السلام) کا تھا۔ مگر میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔
صحیح مسلم ، کتاب فضائل الصحابہ : آن لائن ربط
مومنین کے لیے سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے محبت دین و ایمان کا تقاضا ہے۔
کیونکہ اُن سے محبت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کی دلیل ہے۔ کوئی
شخص مومن کہلانے کا اُس وقت تک حقدار نہیں ہے جب تک کہ سیدنا علی رضی اللہ
عنہ سے محبت نہ رکھے۔
خود حضرت علی رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک فرمانِ پاک
یوں پیش فرماتے ہیں :
وَالَّذِي فَلَقَ الْحَبَّةَ وَبَرَأَ النَّسَمَةَ ، إِنَّهُ لَعَهْدُ
النَّبِيِّ الأُمِّيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ ، إِلَيَّ أَنْ "
لَا يُحِبَّنِي إِلَّا مُؤْمِنٌ ، وَلَا يُبْغِضَنِي إِلَّا مُنَافِق " .
اس ذات کی قسم ! جس نے دانے کے پھاڑا اور ہر جاندار چیز کو پیدا فرمایا کہ
نبی اُمی نے مجھ سے تاکیداً کہا تھا کہ مجھ سے صرف مومن ہی محبت کرے گا اور
منافق کے سوا اور کوئی مجھ سے بغض نہیں رکھے گا۔
صحیح مسلم ، کتاب الایمان : آن لائن ربط
سیدنا علی بن ابی طالب کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک عظیم مقام
ہے اور وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے نہایت بااعتماد رفیق ہیں۔ اسی لیے
فرامینِ نبوی میں درج ہے :
إِنَّ عَلِيًّا مِنِّي وَأَنَا مِنْهُ , وَهُوَ وَلِيُّ كُلِّ مُؤْمِنٍ
بَعْدِي
علی مجھ سے ہے اور میں علی سے ہوں اور وہ میرے بعد ہر مومن کا دوست ہے۔
ترمذی ، کتاب المناقب : آن لائن ربط
مَنْ كُنْتُ مَوْلَاهُ فَعَلِيٌّ مَوْلَاهُ
جس شخص کے ساتھ میں دوستی رکھتا ہوں ، اس سے علی بھی دوستی رکھتا ہے۔
ترمذی ، کتاب المناقب : آن لائن ربط
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کشادہ دل اور کشادہ ذہن تھے۔ آپ نے کھلے دل سے اپنے
ساتھیوں کی فضیلت بیان کی ہے۔ جب آپ کو پتا چلا کہ کچھ لوگ سیدنا ابوبکر
اور سیدنا عمر رضی اللہ عنہم کے متعلق نازیبا الفاظ استعمال کر رہے ہیں تو
آپ منبر پر چڑھے اور فرمایا:
والذي فلق الحبة وبرأ النسمة! لا يحبهما إلا مؤمن فاضل، ولا يبغضهما ولا
يخالفهما إلا شقي مارق، فحبهما قربة وبغضهما مروق، ما بال أقوام يذكرون
أخوي رسول الله صلى الله عليه وسلم ووزيريه وصاحبيه وسيدي قريش وأبوي
المسلمين؟ فأنا بريء ممن يذكرهما بسوء وعليه معاقب.
اس ذات کی قسم جس نے دانے اور گٹھلی کو پھاڑا اور روح کو پیدا کیا ! ان
دونوں سے وہی محبت کرے گا جو فاضل مومن ہوگا ، اور ان دونوں سے وہی بغض و
عداوت رکھے گا جو بدبخت اور مارق (بدمذہب) ہوگا ، کیونکہ ان دونوں کی محبت
تقرب الٰہی کا سبب ہے اور ان سے بغض و نفرت رکھنا دین سے خارج ہونے کی
علامت ہے۔ ان لوگوں کو کیا ہو گیا ہے جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے
دو بھائیوں ، اور دو وزیروں ، اور دو ساتھیوں اور قریش کے دو سرداروں اور
مسلمانوں کے دو باپوں کو نازیبا الفاظ سے یاد کرتے ہیں؟ میں ان لوگوں سے
لاتعلق ہوں جو ان دونوں کو برے الفاظ سے یاد کرتے ہیں ، اور اس پر انہیں
سزا دوں گا۔
کنزالعمال : آن لائن ربط
ونیز ۔۔۔
حضرت علی (رضی اللہ عنہ) نے عراق والوں سے کہا تھا :
اقْضُوا كَمَا كُنْتُمْ تَقْضُونَ فَإِنِّي أَكْرَهُ الِاخْتِلَافَ حَتَّى
يَكُونَ لِلنَّاسِ جَمَاعَةٌ أَوْ أَمُوتَ كَمَا مَاتَ أَصْحَابِي
جس طرح تم پہلے فیصلہ کیا کرتے تھے ، اب بھی کیا کرو ، کیونکہ میں اختلاف
کو برا جانتا ہوں۔ اسی وقت تک کہ سب لوگ جمع ہو جائیں یا میں بھی اپنے
ساتھیوں (ابوبکر و عمر رضی اللہ عنہم) کی طرح دنیا سے چلا جاؤں۔
ابن سیرین رحمۃ اللہ علیہ کہا کرتے تھے کہ :
يَرَى أَنَّ عَامَّةَ مَا يُرْوَى عَنْ عَلِيٍّ الْكَذِبُ
عام لوگ جو حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایات (شیخین کی مخالفت میں) بیان
کرتے ہیں وہ قطعاً جھوٹی ہیں۔
صحیح بخاری ، فضائل اصحاب النبی : آن لائن ربط
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کی ذات اوصافِ حمیدہ کا مجموعہ تھی۔ آپ کے اندر
ساری اچھی خوبیاں مثلاً امانت و دیانت ، زہد و تقویٰ وغیرہ موجود تھیں۔
سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو لسانِ نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) سے شہید کا
درجہ بھی عطا کیا گیا ہے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ،
ابوبکر ، عمر ، عثمان ، علی ، طلحہ اور زبیر رضی اللہ عنہم کے ساتھ حراء کی
ایک چٹان پر تھے کہ چٹان نے حرکت کی ، اس پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے
ارشاد فرمایا :
اسْكُنْ حِرَاءُ ، فَمَا عَلَيْكَ إِلَّا نَبِيٌّ ، أَوْ صِدِّيقٌ ، أَوْ
شَهِيدٌ
آرام سے رہو ، کیونکہ تم پر نبی ، صدیق اور شہید کے علاوہ کوئی نہیں۔
صحيح مسلم ، كِتَاب فَضَائِلِ الصَّحَابَةِ : آن لائن ربط
سیدنا علی المرتضیٰ 17 رمضان المبارک سن 40 ھجری کو صبح کے اوقات میں بدبخت
ابن ملجم کے ہاتھوں شہید ہوئے۔ |