ماہ شعبان کی فضیلت اور اہمیت

اسلامی کیلنڈر کا آٹھواں مہینہ شعبان کا مہینہ ہے اس مہینے کو رجب اور رمضان کے مابین ہونے کی وجہ سے شعبان کہا جاتا ہے ۔حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ حضوراکرم ﷺکوشعبان کا مہینہ بہت پسند تھا اورآپ ﷺشعبان میں کثرت سے روزے رکھتے تھے اور اﷲ تعالیٰ کی عبادت میں مشغول رہتے تھے حضرت محمد ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ شعبان میرا مہینہ ہے اور شعبان کے مہینے میں اپنے گناہوں کو آنسوؤں سے دھونے کا اہتمام کرنا چاہئے جس سے دل پاک ہوجاتا ہے ۔شعبان کے روزے نفلی عبادت ہے امام شافی اور امام مالک کا یہ قول ہے کہ جو رمضان سے پہلے ہی پچھلے رمضان کی قضاء ادا کرنے پر قادر ہو اور روزے نہ رکھے تو اس پر قضاء اور توبہ کے ساتھ ساتھ ہر روزے کے بدلے میں ایک مسکین کا کھانا بھی بطور کفارہ ادا کرنا واجب ہے۔ان روزوں کا درجہ فرائض کے ساتھ سنن موکدہ جیسا ہے جو فرائض سے پہلے اور بعد میں پڑھی جاتی ہے جو فرائض کے نقص کوپورا کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

شعبان کی پندرھویں شب کو آسمان دنیا (نیچے والے آسمان) پر نازل ہوتی ہے اور اﷲ تعالیٰ بنوقلب قبیلے کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ تعداد میں لوگوں کی بخشش فرماتے ہیں۔حضرت ابوبکرصدیق ؓ سے سنن ابن ماجہ سے روایت ہے کہ رسول اﷲ ﷺ نے ارشاد فرمایا اﷲ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں شب کو تجلی فرماتا ہے اور تمام مخلوقات کو بخش دیتا ہے سوائے مشرک ۔کینہ پرور۔چغل خور۔والدین کا نافرمان۔ شرابی۔سود خود۔زانی۔جادوگر۔قاتل۔نجومی۔فرمانے نبوی ہے کہ بخشش سے محروم ان لوگوں پر اﷲ تعالیٰ شعبان کی پندرھویں شب کو نظر بھی نہیں فرماتا جب تک کہ وہ سچی توبہ نہ کرلیں۔اس رات کو آئندہ سال بھر کے فیصلے فرشتوں کے سپرد کردیئے جاتے ہیں ۔ارشاد باری تعالیٰ ہے کہ اس رات ہر حکمت والے کام کا فیصلہ کردیا جاتا ہے ۔

حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ اس رات اس سال جس بچے نے پیدا ہونا ہے اور جس نے وفات پانی ہے لکھ دیا جاتا ہے اور اس سال بھر کے اعمال اٹھائے جاتے ہیں اور اﷲ تعالیٰ کے حضور پیش کیئے جاتے ہیں اورسال بھر کا رزق نازل کیا جاتا ہے۔احادیث بالا سے ثابت ہوتا ہے کہ پندرھویں شب رحمتوں اور مغفرتوں کی رات ہے لیکن کچھ بدنصیب ایسے ہیں جن کی مغفرت ،بخشش بھری رات میں بھی نہیں ہوتی جب تک کہ وہ توبہ نہ کرلیں ۔اﷲ تعالیٰ اس رات کو فرشتوں کو سال بھر کے اہم اُمور کا پروگرام دیتے ہیں ۔حضرت علی سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب شعبان کی پندرھویں شب آئے تو رات بھر عبادت کرو اور دن میں روزہ رکھو۔اﷲ تعالیٰ یعنی اس کی رحمت غروب آفتاب کے وقت نیچے والے آسمان پر نزول فرماتی ہے اور اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہے کوئی جو بخشش مانگنے والا کہ میں اسے بخش دوں۔ہے کوئی رزق مانگنے والا کہ میں اسے رزق دوں۔ہے کوئی عافیت و سلامتی مانگنے والا کہ میں اسے عافیت و سلامتی دوں۔حتیٰ کہ صبح صادق طلوع ہوجاتی ہے ۔حدیث نبوی ﷺ ہے کہ جو شخص توبہ کرنے والا ہے جیسا کہ اس نے کوئی گناہ نہیں کیا ہو لہذا ہمیں اس فضیلت کے موقع پر اپنے تمام گناہوں کی معافی مانگنی چاہئے اور جو فوت شدہ عبادات کی قضاء ادا کرنے کا پختہ ارادہ کرنے چاہئے اور ہمیں ان تمام باتوں کا خیال رکھنا چاہئے کہ جس سے ہمارے نیک اعمال ضائع نہ ہوجائیں ۔رمضان کے استقبال کرنے کیلئے شعبان سے ہی تیاری کرنی چاہئے۔شعبان میں کثرت سے روزے رکھیں ۔ اﷲ تعالیٰ ہمیں اپنے گناہوں سے سچی پکی توبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین۔

Rasheed Ahmed
About the Author: Rasheed Ahmed Read More Articles by Rasheed Ahmed: 36 Articles with 70591 views Software Engineer Qualifi. Master in Computer Science (MCS). .. View More