رمضان اور پاکستانی تاجر

تجارت کرنا ایک بہت ہی اعلیٰ درجے کا پیشہ ہے کیونکہ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ بھی تجارت کرتے تھے اور تجارت کرنا سنت بھی ہے اس میں دوسرے پیشوں کے مقابلے میں ستر(70) فیصد زیادہ برکت ہے۔

ہمارے ملک کے تاجر اس اعلیٰ درجے کے کام کو بہت ہی غلط کریقے سے کرتے ہیں جس میں جھوٹ ،بے ایمانی،دھوکہ،کم تولنا ،کم ناپناشامل ہیں۔دنیا میں تمام مذاہب کے ماننے والے اپنے اپنے تہواروں پرخریداروں کیلئے سیل لگاتے ہیں اور اپنے منافع کو کم کرکے اپنے بھائیوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کرتے ہیں جبکہ ہمارے ملک میں کسی بھی تہوار کو لے لیجئے ۔ہمارے تاجر بھائیوں کی یہ کوشش ہوتی ہے وہ اس تہوار سے زیادہ سے زیادہ منافع کمائیں خاص کر رمضان کے مہینے میں وہ پہلے سے ہی تیاری کرتے ہیں کہ وہ اس رمضان میں کس طرح زیادہ سے زیادہ منافع کمائینگے ۔ہر چیز کی قیمتوں میں چار گناہ اضافہ کردیتے ہیں چاہے وہ چھوٹا تاجر ہو یا بڑا ۔سب کے سب اپنے لیئے ہی سوچتے ہیں کہ ہمیں اس رمضان کے مہینے میں زیادہ سے زیادہ منافع کسی طرح بھی حاصل ہوجائے۔جبکہ اس کے برعکس دنیا میں جو غیر مسلم اقوام ہے وہ اپنے بھائیوں کیلئے سہولتیں مہیا کرتے ہیں اور ہمارے اکثر مسلم ملکوں میں بھی رمضان کے مہینے میں ہر چیز کی قیمت کم کردی جاتی ہے اور اپنے منافع میں بھی کمی کرتے ہیں تاکہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوسکیں جس کا مقصد اس مہینے میں ثواب اور اجر حاصل کرنا ہوتا ہے کیونکہ وہ یہ جانتے ہیں کہ رمضان کے مہینے میں ہر ایک نیک عمل کا بہت بڑا اجر و ثواب ہے ۔

ہمارے پڑوسی ملک ہندوستا ن میں بھی ہندو تاجر رمضان کے مہینے میں ہر چیز کی قیمت کم کردیتے ہیں اور اکثر ہندوستا ن کے مسلمان سارے سال کی خریداری رمضان کے مہینے میں کرتے ہیں ہندوستان میں رمضان کے مہینے میں عمرہ کیلئے ہوائی جہاز کا ٹکٹ بھی رعایت میں ملتا ہے۔جبکہ ہمارے ملک میں رمضان کے مہینے میں ہر چیز کی قیمت بڑھا نے کے ساتھ ساتھ عمرہ کے ہوائی جہاز کے ٹکٹ میں بھی اضافہ کردیا جاتا ہے۔

اﷲ تعالیٰ ہمارے پاکستانی تاجر کو آنے والے رمضان میں یہ توفیق دے کہ وہ اس رمضان میں ہر چیز کی قیمتوں میں کمی کریں اور اپنے لئے جائز منافع حاصل کریں کیونکہ تجارت میں جتنی برکت ہے اتنی ہی پکڑ بھی ہے اگر تجارت کو جائز طریقے سے نہ کیا جائے۔اﷲ تعالیٰ ہمارے تاجر بھائیوں کو رمضان کی اہمیت سمجھنے کی توفیق عطاء فرمائے اور رمضان کی برکت عطاء فرمائے اورتجارت کو سنت طریقے سے کرنے کی توفیق عطاء فرمائے ۔(آمین)

Rasheed Ahmed
About the Author: Rasheed Ahmed Read More Articles by Rasheed Ahmed: 36 Articles with 65995 views Software Engineer Qualifi. Master in Computer Science (MCS). .. View More