انتظار اور وقت

دنیا میں جس انسان کو بھی دیکھو کسی نا کسی کے لئے محو انتظار دکھائی دینا ہے کبھی کچھ کرنے کے لئے مناسب موقع کا منتظر ہے تو کبھی کسی چیز کا یا کبھی اپنے کسی عزیز دوست کی آمد کا اور کبھی اپنی خواہشات کی تکمیل کا انتظار کرتا دکھائی دیتا ہے
کیا انسان کے لئے ہر وقت انتظار کرتے رہنا مناسب ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ اس انتظار اور مناسب وقت کے چکر میں انسان اپنا بہت سا قیمتی وقت ضائع کردے اور وقت کے انت‍ظار کا دھوکہ اس کے ہاتھ سے وقت کی ڈور کے چھوٹ جانے کی وجہ بن جائے
انتظار انسان کو کرب میں مبتلا رکھتا ہے اور اس کرب کی شدّت کا اندازہ صرف وہی کر سکتا ہے جو خود انتظار کے کرب سے گزر رہا ہوتا ہے
انسان کی فطرت ہے یا عادت کے انتظار کے کرب سے بخوبی آگاہ ہونے کے باوجود بھی انسان اس انتظار کی بیقراری میں کیا قرار پاتا ہے کہ ہمہ تن محو انتظار نظر آتا ہے
کوئی تو بات کوئی تو لطف ہوگا جو انسان اور انتظار کا ساتھ نہیں چھوٹتا
انتظار کریں ضرور کریں لیکن یہ یاد رہے کہ انتظار کرتے کرتے 'کہیں گاڑی ہی نہ چھوٹ جائے' یعنی آپ کا بہت سا قیمتی وقت انتظار کی بھینٹ نہ چڑھ جائے انتظار کے لطف و بیقراری یا بیزاری میں آپ اس قدر مدہوش نہ ہو جائیں کے آپ کو ریت کی مانند پل پل ہاتھوں سے سرکتے وقت کا احساس ہی نہ ہو اور آپ کی زندگی کا وہ قیمتی وقت ضائع ہو جائے جس میں آپ اپنے اور اپنے پیاروں کی بہتری کے لئے بہت کچھ بہتر کر سکتے تھے ایسا نہ ہو کہ آپ کو اپنے قیمتی وقت کے ضائع ہوجانے کے نقصان کے لئے پچھتانا پڑے اور آپ اس نقصان کا ازالہ بھی نہ کرسکیں 'اب پچھتائے کیا ہوت جب چڑیاں چگ گئیں کھیت' کہ پچھتاوا گزرے وقت کے نقصان کا ازالہ نہیں ہوتا لٰہذا اپنے وقت کی قدر کریں اور اچھے وقت کی آمد کے انتظار میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہ بیٹھے رہیں کہ جب وقت آئے گا تو حالات سدھر جائیں گے
کوئی بھی منزل محض بیٹھ کر انتظار کرنے میں نہیں بلکہ حرکت و عمل میں ہے آج جو وقت آپ کو میّسر ہے وہ پھر نہ ہو گا اس کی قدر کریں اور اس سے جس قدر فیض اٹھا سکتے ہیں اٹھا لیں کہ وقت کی بے قدری کرنے والے ہمیشہ کے لئے زمانے کی بے قدری کا شکار ہو جایا کرتے ہیں
کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا اور نہ ہی کسی کو اپنے انتظار کی مہلت دیتا ہے ہاں جو لوگ وقت کی قدر کرتے ہیں اور اپنے ایک ایک پل کا حساب رکھتے ہوئے خود کوپل پل ہمہ تن مصروف حرکت و عمل رکھتے ہیں پھر ان کی زندگی بھی جمود و سکوت کا شکار نہیں ہوتی کہ یہ جمود و سکوت زندگی کی ضد ہے
اگر آپ کو انتظار اتنا ہی عزیز ہے تو انتظار ضرور کریں مگر ایسے کہ نہ ہی آپ کا وقت ضائع ہو اور نہ ہی آپ کی زندگی کے قیمتی پل آپ کے انتظار کی نذر ہو جائیں اور یہ زندگی جو انسان کے لئے قدرت کی عنایت ہے بے قدری کا شکار ہو جائے
آپ اپنے وقت اور انتظار کو کارآمد بنا سکتے ہیں وہ اس طرح کہ ہر گزرتے لمحے میں غور فکر کریں کہ آپ کو اپنے وقت کا مصرف کس طرح کرنا چاہیئے
یہ غور و تدّبر ہی آپ کو راستہ سجھائے گا کہ آپ انتظار کا یہ طویل اور کٹھن سفر کس طرح آپ کے قیمتی وقت کو خسارے سے بچاتے ہوئے بہتر طور پر کارآمد بنا سکتے ہیں
غور تدبر سے ہی ذہن کے بند دریچے وا ہوتے ہیں اور ان دریچوں سے آنے والی حیات افزا ‘ہوا‘ انسان کو حرکت وعمل کی راہ دکھاتی ہے جو انسان کی زندگی کو اپنے اور دوسروں کے لئے بہتر سے بہتر تر بنانے کی بہترین تدبیر ہے کہ' عمل سے زندگی بنتی ہے جنت بھی جہنم بھی'
بھلے ہی کسی کا انتظار کریں لیکن اس انتظار میں اپنی زندگی اور اپنا وقت ضائع کرنے کی بجائے انتظار کے لمحوں کو پر لطف اور کارآمد بنانے کے لئے ہر گزرتے لمحے میں خود کو سرگرم عمل رکھیں اپنی پوشیدہ صلاحیتوں کو، اپنی قوت اور توانائیوں کو بہترین حکمت عملی سے اپنے اور اپنے پیاروں کے لئے کارآمد بنائیں خود کو سرگرم عمل رکھنا ہی زندگی اور وقت کی قدر کرنا ہے اپنی زندگی اور اپنے وقت کی قدر کرنے والے ہی دنیا میں قدر پاتے اور تاحیات اپنے قدر دانوں کی دعائیں اور محبتیں سمیٹتے رہتے ہیں
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 456580 views Pakistani Muslim
.. View More