ماں کی خدمت

بنی اسرائیل کا ایک یتیم بچہ ہر کام اپنی والدہ سے پوچھ کر ان کی مرضی کے مطابق کیا کرتا تھا۔ اس نے ایک خوبصورت گائے پالی ہوئی تھی اور وہ ہر وقت اس کی دیکھ بھال میں مصروف رہتا تھا۔ ایک مرتبہ ایک فرشتہ انسانی شکل میں اس بچے کے پاس آیا اور گائے خریدنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ بچے نے قیمت پوچھی تو فرشتے نے قیمت بتائی۔ جب بچے نے ماں کو اطلاع دی تو اس نے اجازت دی کہ اس قیمت پر بیچ دینا لیکن فرشتہ ہر بار قیمت بڑھاتا رہا۔ لڑکا کہتا کہ میری ماں نے اس سے کم قیمت بتائی تھی۔ میں ماں کے کہے بغیر زیادہ قیمت پر نہیں بیچوں گا۔ فرشتے نے کہا کہ تم بڑے نیک اور خوش نصیب ہو کہ ہر کام اپنی والدہ سے پوچھ کر کرتے ہو۔ چند دن بعد تمہارے پاس کچھ لوگ اس گائے کو خریدنے آئیں گے تو تم اس گائے کی خوب زیادہ قیمت لگانا۔ دوسری طرف بنی اسرائیل میں ایک آدمی کے قتل کا واقعہ پیش آیا اور انہیں جس گائے کی قربانی کا حکم ملا وہ اسی بچے کی گائے تھی چنانچہ بنی اسرائیل کے لوگ جب اس بچے سے گائے خریدنے آئے تو اس بچے نے کہا اس گائے کی قیمت اس کے وزن کے برابر سونا ادا کرنا ہے چنانچہ بنی اسرائیل کے لوگوں نے اتنی بھاری قیمت ادا کر کے گائے خرید لی۔ بچو ہماری بڑی دینی کتابوں میں لکھا ہے کہ اس بچے کو یہ دولت والدین کے ادب اور ان کی بات ماننے کی وجہ سے ملی۔ اس سے معلوم ہوا والدین کی خدمت و ادب کا اچھا بدلہ اس دنیا میں بھی دیا جاتا ہے اور آخرت میں بھی۔اس لئے ہم پر ضروری ہے کہ دل سے والدین کا احترام کریں اور ان کا کہا مانیں اور خوب احتیاط کریں کہ کسی طرح ان کا دل نہ دکھے اور ان کی خوب خدمت کریں۔

abdul razzaq wahidi
About the Author: abdul razzaq wahidi Read More Articles by abdul razzaq wahidi: 52 Articles with 81564 views Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.