زکوۃ کس کو دی جائے ؟

اللہ ربُّ العزت نے مالِ صدقہ کے مستحقین کی تفصیل قرآن عظیم میںیوں بیان فرمایاہے ـ: چنانچہ ارشاد باری تعالیٰ ہے:زکوٰۃ تو ان ہی لوگوں کے لئے ہے محتاج اور نرے نادار اور جو اسے تحصیل کر کے لائیں اور جن کے دلوں کو اسلام سے الفت دی جائے اور گردنیں چھڑانے میں اور قرضداروں کو اور اللہ کی راہ میں اور مسافروں کو یہ ٹھہرایا ہوا ہے اللہ کا اور اللہ علم و حکمت والاہے ۔(سورئہ توبہ۶۰)اس آیت میں زکوٰۃ و صدقات کے مستحق لوگوں کا ذکر فرمایا گیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو زکوٰۃ و صدقات کے صحیح حقدار ہیں، قرآنی آیت میںمذکور ہ صدقات کے حقداروں کی تفصیل یہ ہے۔

(۱)فقیر:وہ ہے جس کے پاس کچھ مال ہو لیکن اتنے روپئے پیسے نہیں جو نصاب کے قابل ہو نہ گھر میں اتنی چیزیں ہیں کہ جن کی قیمت بقدر نصاب ہو یا قیمت بقدر نصاب ہے ۔ ٭ فقیر اگر عالم ہو تو اسے دینا جاہل کو دینے سے افضل ہے۔٭ اگر عالم کو دے تو اس کا لحاظ رکھے کہ اس کا اعزاز مدِّ نظر ہو، ادب کے ساتھ دے جیسے چھوٹے بڑے کو نذر دیتے ہیں اور معاذاللہ عالم دین کی حقارت اگر دل میں آئی تو یہ ہلاکت اور بہت سخت ہلاکت۔ (بہار شریعت)

(۲)مسکین :وہ شخص ہے جس کے پاس کچھ بھی مال نہ ہو یعنی مٹی جو اس پر پڑی ہے وہی اس کی چادر ہے اور وہی اس کا بستر ہے۔ ایسے شخص کو زکوۃ دے کر ثواب حاصل کرو۔ اُس شخص کو سوال کرنابھی جائز ہے اور فقیر کو نہیں کیونکہ اس کے پاس کچھ مال ہے اگر چہ نصاب کے قابل نہیں مگر جس کے پاس اتنا بھی مال ہے کہ ایک دن کے خوراک کے قابل ہے تو اس کو سوال کرنا حلال نہیں ہے۔ (عالمگیری)

(۳)عامل : عامل کو بھی زکوۃ دی جاسکتی ہے اگر چہ وہ غنی ہو۔ عامل وہ شخص ہے جس کو بادشاہ اسلام نے عُشر اور زکوۃ وصول کرنے پر مقررکیاہے۔

(۴)مؤلفۃ القلوب :مؤ لفۃ القلوب کا مطلب دلجوئی کرنا ہے، ایک عام اصول ہے کہ جس کسی حاجت مند کی مالی امداد کی جائے تو وہ دینے والوں کی طرف متوجہ ہوتاہے۔ اس لئے اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو دین اسلام کی طرف مائل کرنے کے لئے مؤلفۃ القلوب کی مدد رکھی ہے تاکہ اسلام میں ہر نئے داخل ہونے والے کی دلجوئی ہو اور وہ آسانی سے مسلمانو ں کے ضابطۂ حیات کے مطابق عمل پیرا ہو سکے۔ لیکن جب اسلام کو غلبہ ہوا تو زکوٰۃ کے ان آٹھ مصارف میں سے مؤلفۃ القلوب باجماع صحابہ ساقط ہو گیا۔

(۵)رقاب مکاتب : وہ غلام جو مال معین ادا کرنے کی شرط پر آ زاد کیا گیا ہو اگر چہ وہ غنی کا غلام ہو یاخود اس کے پاس نصاب سے زائد ہو تو ایسے غلام کو زکوٰۃ دینا جائز ہے مگر یہ غلام کسی سیّد کا نہ ہو کہ اس کو زکوٰۃ دینا جائز نہیں کیوں کہ ایک لحاظ سے یہ مالک کی ملک میں ہے اور مالک سیّد ہے تو یہ سید ہی کو زکوٰۃ پہونچے گی اور اس کو جائز نہیں ہے۔

(۶)غارم یعنی قر ضدار:قرضدار کو زکوٰ ۃ دینا بھی جائز ہے بشرطیکہ قرض سے زائد کوئی رقم بقدر نصاب اس کے پاس نہ ہو یا کوئی مال حاجت اصلیہ سے اس کے پاس فاضل نہ ہو کہ جس کی قیمت نصاب کو پہونچے تو ایسے قرضدار کو زکوٰۃ دینا جائز ہے۔

(۷)فی سبیل اللہ :اس سے مراد ایسے مجاہدین پر مال زکوٰ ۃ کا صرف کرنا ہے جو کہ اللہ کی راہ میں جہاد کے لئے نکلے ہوں اور یا تو اس سے مراد وہ حجاج کرام ہیں جو کہ راستے میں کسی حادثہ کے شکار ہو کر مالی تعاون کے محتاج ہوں یا وہ طلبہ مراد ہیں جو کہ علم دین کے حصول کے لئے اللہ کی راہ میں نکلے ہوں کہ ان کو بھی زکوٰۃ کا مال لینا جائز ہے۔

(۸)ابن السبیل :ابن السبیل سے مراد مسافر ہے جس کا زاد راہ ختم ہو چکا ہو اگر چہ وہ گھر پر مالی اعتبار سے خوش حال ہو پھر بھی اس کو زکوٰۃ لینا جائز ہے۔ مزید معلومات کے لئے فتاویٰ رضویہ شریف، بہارِ شریعت اور فقہ کی دوسری کتابوں کا مطالعہ کریں۔

Ataurrahman Noori
About the Author: Ataurrahman Noori Read More Articles by Ataurrahman Noori: 535 Articles with 731339 views M.A.,B.Ed.,MH-SET,Journalist & Pharmacist .. View More