مستعمل نام : ٹماٹر
سائنسی نام: سولانم لیکوپیرسیکم (solanum lycopersicum)
خاندان : سولاناکیا(solanaceae)
رنگت : سرخ‘ ہری اور گلابی
اقسام : تقریباً7500
پھل دینے کی مدت: 75دن
ٹماٹر کا شمار سہولت سے اُگائے جانے والے پودوں میں ہوتا ہے۔ٹماٹرکا
استعمال سلاد اور دیگر چیزوں میں کثرت سے کیا جاتاہے۔سرخ اور ہرے رنگ کے
ٹماٹر دیکھنے میں بھی بہت اچھے لگتے ہیں‘بعض ٹماٹر صرف کیچپ اور چٹنیاں
بنانے کے لئے بوئے جاتے ہیں‘ بعض ٹماٹر طویل سفر کرنے والے ہوتے ہیں ‘ اس
ٹماٹر کی جلد موٹی ہوتی ہے ۔
فصل لگانے کا وقت
ٹماٹر کی فصل لگانے کا سب سے بہترین وقت وہ ہے جب گرمی اپنے خاتمے اور سردی
آغاز پر ہوتی ہے۔یہ40سے 75دن کے اندر پھل دینا شروع کردیتا ہے‘ٹماٹر گرمیوں
میں ختم ہوجاتے ہیں‘ جون اورجولائی میں نہیں ملتے ۔ اس کا پودا2سے4فٹ تک
لمباہوتا ہے۔ٹماٹر کا پودا اطراف میں پھیلتا ہے ‘اس لئے اسے لکڑی کے سہارے
کھڑا کیا جانا ضروری ہے ورنہ یہ زمین پر پھیل کر دوسرے پودوں کو بھی خراب
کردیتا ہے۔
بیج لگانے کا طریقہ
بازار سے ٹماٹر کے بیج خرید لیں۔ٹماٹر کے بیج مہنگے اور مقدار میں بہت کم
ہوتے ہیں ‘تاہم اس میں سے ہر بیج سو فیصدی پیداوار دیتا ہے۔گملے میں مٹی
ڈال کر بیج اس کے اُوپر پھیلا دیں۔انتہائی اعلیٰ معیار کی کھاد بیج کے
اُوپر ڈال دیں ۔اعلیٰ معیار کی کھاد بہت ہلکی ہوتی ہے اس لئے پانی ڈالنے سے
بالکل بیٹھ جاتی ہے ۔ چنانچہ ضروری ہے کہ پانی ڈالنے کے بعد اسے ہاتھ سے
برابر کردیا جائے ۔ کھاد میں اگر موٹے ٹکڑے آجائیں تو انہیں ہاتھ سے توڑ کر
ہموار کردیں۔ کھاد کے اُوپر باریک پھوار سے پانی ڈالیں۔
منتقلی کا وقت
20دن کے بعد بیجوں میں سے پتے پھوٹ پڑتے ہیں‘ پنیری بڑھ جاتی ہے اور اب اسے
منتقل کرکے الگ الگ گملوں میں لگایا جاسکتا ہے۔جب پنیری کو 2مرتبہ تازہ مٹی
اور کھاد ملتی ہے تو یہ زیادہ تیزی سے بڑھتی ہے۔ پنیری کو 12انچ سے بڑے اور
لمبے گملے میں لگائیں ۔ہر پودے کے ساتھ سہارے کے لئے ایک لکڑی لگادیں یا
پھر گملے کے اطراف میں جالی لگائیں۔
بیماری
ٹماٹر کے پودے میں پتوں کے مڑنے والی بیماری پیدا ہوجاتی ہے جو اس کی
پیداوار کو روک دیتی ہے۔ یہ بیماری سفید مکھی کی وجہ سے ہوتی ہے ۔ جیسے ہی
آپ کو پتے مڑُتے دکھائی دیں فورا ً اس پر دوا کا چھڑکاﺅ کردیں اور 2سے3دن
تک یہ سلسلہ جاری رکھیں۔ اس کے لئے کسی ایسی دوا کا انتخاب کریں جس کے
اجزاءمیں اینڈوسلفون یا ایتھیون دونوں چیزیں شامل ہوں۔اس دوران پھل نہ
توڑیں ‘سب سے پہلے کلچرل کنٹرول کریں ۔ ہمیں چاہئے کہ ہم پانی کی نکاسی کے
نظام کو نظر انداز نہ کریں‘پودے اگر ایک دوسرے سے قریب ہوں تو ان کو دور
کرنے کا بندوبست کریںاور کسی بھی طرح سے جڑوں میں پانی نہ رہنے دیں۔
احتیاط
عام سے عام ٹماٹر بھی اُوپر کی جانب بڑھتا ہے لیکن ہم اس بات کا احتیاط
نہیں کرتے اور اس کو لکڑی کا سہارا نہیں دیتے ۔اگرلکڑی کا سہارا دے دیں تو
ٹماٹر کا پودا زیادہ پھل دے سکتا ہے۔ لکڑی لگاکر اس کے پودے کو باند ھ دیں
تواس میں پھل بہت زیادہ لگتا ہے۔ جب یہ گر جاتا ہے تو اپنے آپ کو دوبارہ
اُٹھانے کی کوشش کرتا ہے ‘ اس کوشش میں اس کی ساری طاقت ضائع ہوجاتی
ہے۔لکڑی لگانے کے بعد یہ اُوپر سے نیچے تک بہت پھل دیتا ہے۔ٹماٹر بسا اوقات
5فٹ تک طویل بھی ہوجاتا ہے ‘ایسی صورت میں یہ 5گنا زیادہ ٹماٹر دے دیتا
ہے۔اگر ٹماٹر کے پودے کو صحیح خوراک دی جائے تو اس کے ایک گچھے میں
9سے13ٹماٹر لگ سکتے ہیں۔ |