ٹماٹر نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے

لاکھ سوچا، قیاس کے گھوڑے دوڑائے اور عقل کو بھی زحمت کی کہ کچھ سوچے، سمجھے اور توضیح و تشریح کی منزل تک پہنچے۔ مگر پھر یہ ہوا کہ سائنس دان ہارگئے۔ اُنہیں تو ہارنا ہی تھا۔ ساری دُنیا اِس خوش فہمی میں مبتلا ہے کہ اگر آکسیجن نہ ہو تو جینا ممکن نہ رہے کیونکہ سانسوں کا آنا جانا آکسیجن کے دم سے ہے۔ اگر آکسیجن نہ ہو تو سانسوں کا صرف جانا ہی جانا رہ جائے۔ پاکستان میں یہ آکسیجن والا کُلیہ بھی دَم توڑ گیا۔ ہم آکسیجن کے بغیر تو زندہ رہ سکتے ہیں، مگر …… سالن میں ٹماٹر ڈالے بغیر زندہ رہنا جُوئے شیر لانے کے مُترادف ہوگا!

سبزی کے آڑھتی کِسی زمانے میں کُھلے بازار کی معیشت کے اُصول کی بُنیاد پر کام کرتے تھے۔ سَودے نیلام کے ذریعے ہوا کرتے تھے۔ اب اُنہوں نے نیلام کے نظام کی بساط لپیٹ کر بند کمرے کی معیشت متعارف کرادی ہے یعنی اجارہ داری قائم کرلی ہے! چند بڑے مِل بیٹھتے ہیں اور پھر مُشاورت سے فیصلہ کرتے ہیں کہ کِس سبزی کو ’’انڈیکس‘‘ میں اوپر لانا ہے اور کِسے ذِلّت اور گِراوٹ سے دوچار کرنا ہے۔ کبھی پیاز اوپر ہوتی ہے تو کبھی آلو کا وقار بڑھ جاتا ہے۔ مگر ٹماٹر میں خدا جانے ایسی کیا بات ہے کہ اِس کی گُڈّی اونچی ہی اُڑتی رہتی ہے۔ سبزی منڈی میں کبھی بِھنڈی کے دام بڑھتے ہیں تو کبھی لوکی کے۔ کبھی آلو بُلندی پر جاتا ہے اور کبھی پیاز کے نخرے بڑھ جاتے ہیں۔ کبھی اروی مہنگی ہو جاتی ہے تو کبھی ادرک گاہکوں کا مُنہ چِڑانے لگتی ہے۔ مگر صاحب، ٹماٹر ہے کہ اپنی جگہ سے ہِلنے کا نام نہیں لیتا۔ جس بھارت سے بیشتر وقت ہماری ٹھنی رہتی ہے اُس کے آگے بھی ہماری ناک یہ ٹماٹر ہی نیچی کرتا ہے! ہاں، کبھی کبھی دِلّی سرکار بھی ٹماٹر خریدنے کی خاطر ہم سے جُھک کر مِلتی ہے!
سلیم کوثر کا دعویٰ ہے کہ
عالمِ ذات میں درویش بنا دیتا ہے
عِشق اِنسان کو پاگل نہیں ہونے دیتا!

ہم نے تو عِشق کے ہاتھوں اِنسانوں کو پاگل ہی ہوتے دیکھا ہے۔ اور بعض اہلِ ظرف تو اِس سے بھی ایک قدم آگے جاکر عِشق کے ہاتھوں ’’چَریا‘‘ ہونے سے بھی گریز نہیں کرتے! مگر اِنسان کو پاگل کرنے کے معاملے میں اگر کِسی نے عِشق سے ٹکّر لی ہے تو وہ ٹماٹر ہے! ایک انار اور سو بیمار والی بات بھی ہمیں تو افسانہ طرازی ہی لگتی ہے۔ شاید کِسی نے یونہی انار کیلئے کمپنی کی مشہوری کا اہتمام کیا ہے! اب کِس کے پاس اِتنا وقت ہے کہ ٹائم مشین میں بیٹھ کر ماضیٔ بعید کا سفر کرے اور دیکھے کہ انار کے لیے بیمار کِس طرح لڑا کرتے تھے۔ پاکستانی قوم نے از خود نوٹس کے تحت ٹماٹر کو انار کے منصب پر فائز کردیا ہے!

ہر سبزی کی الگ تاثیر ہوتی ہے۔ کِسی کا ذائقہ تیکھا ہوتا ہے اور اثر اُس سے بھی تیکھا۔ کوئی سبزی ذرا کڑوے ذائقے کی ہوتی ہے اور اثر کے معاملے میں زیادہ کڑوی ثابت ہوتی ہے۔ ٹماٹر کہنے کو کَھٹّا ہوتا ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ جب اِس کی گُڈّی اُونچی اُڑ رہی ہو تو ذائقے میں کَھٹاس کے ساتھ ساتھ تیکھا پن بھی شامل ہو جاتا ہے۔ اور اگر گھر سے حُکم مِلا ہو کہ سبزی والے سے ٹماٹر کِسی بھی قیمت پر خریدکر ہی دوبارہ گھر میں قدم رکھنا ہے تو سمجھ لیجیے کہ آپ کو ٹماٹر میں کھٹاس اور تیکھے پن کے ساتھ ساتھ تھوڑی بہت کریلے کی تاثیر بھی مِلے گی!

جب ٹماٹر بہت مہنگے ہو جاتے ہیں تو بہت سی خواتین سالن میں دَہی ڈالتی ہیں یا لیموں نچوڑ لیتی ہیں۔ ایسا کرنے سے سالن کَھٹّا تو ہو جاتا ہے مگر وہ ٹماٹر والی بات بہر حال پیدا نہیں ہوتی۔ شاید ایسی ہی کیفیت کو خواجہ الطاف حسین حالیؔ نے یوں بیان کیا تھا۔
ہم جس پہ مر رہے ہیں وہ ہے بات ہی کچھ اور
عالم میں تجھ سے لاکھ سہی، تو مگر کہاں!

سبزی کے ٹھیلے پر ٹماٹر کے درشن ہوں تو دام پوچھنے پر اُن کی قیمت ہی نہیں وقعت بھی بڑھ جاتی ہے! لاکھ سوچیے کہ اُن کا نعم البدل کہاں سے لایا جائے مگر ذہن کام نہیں کرتا، کوئی فیصلہ نہیں کر پاتا، دو چار قدم چل کر ہی تھک کے گِر پڑتا ہے!
ایسا کہاں سے لاؤں کہ تُجھ سا کہیں جسے!

ٹماٹر کے دام بڑھنے پر کبھی کبھی خواتین یہ سوچ کر سالن میں کیچ اپ ڈال لیتی ہیں کہ کیچ اپ کی رگوں میں بھی خون تو ٹماٹر ہی کا دوڑ رہا ہے! ایسی صورت میں کچن تجربہ گاہ کا درجہ اختیار کرلیتا ہے۔ کیا پکانے نکلے ہیں یہ تو سب کو معلوم ہوتا ہے مگر کیا پَکے گا، یہ کوئی نہیں جانتا! ایسے عالم میں خواتین وہی طرزِعمل اختیار کرتی ہیں جو پاکستان کے معاملے میں اختیار کی گئی ہے، یعنی سب کچھ اﷲ کے کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے! سالن میں اگر کیچ اپ اندازے سے زیادہ ہو جائے تو بیٹھے بٹھائے، اضافی محنت کے بغیر کانٹی نینٹل ڈِش تیار ہوجاتی ہے! فِطری عُلوم کی تجربہ گاہوں میں بہت سی چیزیں اتفاق سے ایجاد ہوئی ہیں۔ یہی حال کچن کا بھی ہے۔ پکایا جاتا ہے کچھ اور پک جاتا ہے کچھ! ویسے آج کل سفارت کاری بھی یونہی random کے اُصول پر کام کر رہی ہے! کِسی مسئلے کو حل کرنے بیٹھیے تو اُس بُنیادی مسئلے کے سِوا سبھی کچھ راہ پر آ جاتا ہے! پاک بھارت سفارت کاری ہی کو لیجیے۔ کشمیر کا مسئلہ وہیں کا وہیں ہے اور ہم آلو، پیاز اور سب سے بڑھ کر ٹماٹر سے متعلق معاملات طے کرنے میں مصروف رہتے ہیں! دونوں ممالک کشمیر جیسے انتہائی بُنیادی مسئلے کو ’’بالائے طاق کے اُوپر‘‘رکھ کر سبزی کی تجارت کو ترجیحات میں سرِ فہرست رکھے ہوئے ہیں۔ اور سبزیوں میں بھی ٹماٹر کے معاملات سب سے آگے ہیں!

کبھی کبھی تو ایسا لگتا ہے جیسے ہم زندہ رہنے کی خاطر نہیں کھاتے بلکہ کھانے کے لیے زندہ ہیں۔ اور کھانے کا اہتمام کرنے کے نام پر بھی ساری دوڑ دھوپ صرف ٹماٹر کی موجودگی یقینی بنانے کے لیے ہے! جس طرح غالبؔ کا شِکوہ یہ تھا کہ مقطع میں سُخن گسترانہ بات آن پڑی ہے بالکل اُسی طرح ہمارے خیالات کے گھوڑے بھی گھر گِرہستی کے معاملے میں ٹماٹر کی منزل پر پہنچ کر اِس طرح رُک جاتے ہیں کہ پھر ٹَس سے مَس نہیں ہوتے!

پنجاب کے وزیر خوراک بلال یاسین نے لاہور کے بچت بازاروں کے دورے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر عوام کو یہ شِکایت ہے کہ ٹماٹر بہت مہنگے ہیں تو ٹماٹر کھانا چھوڑ دیں! ہمیں توقع نہیں تھی کہ پنجاب کے وزیر خوراک سیاست دانوں کی روایتی لے کاری تج کر یوں سیدھا سُر لگائیں گے! یہ کیا بات ہوئی کہ جو چیز مہنگی ہوئی اور قابو میں نہیں آرہی اُسے کھانا چھوڑ دیا جائے۔ عوام نے تو کبھی سیاست دانوں سے یہ نہیں کہا کہ جب مُلک چلانا نہیں آتا اور بہبودِ عامہ یقینی بنانے کی اہلیت نہیں ہے تو سیاست چھوڑ دیں اور اقتدار کے ایوانوں سے نکل جائیں! اگر عوام بلال یاسین کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے ’’ترکِ موالات‘‘ پر تُل گئے تو اُن کی زندگی میں رہ کیا جائے گا؟

کبھی آپ نے سوچا ہے کہ ہماری زندگی میں ٹماٹر نہ ہو تو کیا ہو؟ ہم نے سُنا ہے کہ ٹماٹر یورپ میں پھل کی حیثیت سے معروف تھا، ہم نے یہاں اُگایا اور سبزی بنا ڈالا۔ یعنی ٹماٹر مہنگا ہی نہیں، متنازع بھی ہے! خیر، ٹماٹر متنازع ہو یا نہ ہو، ہمیں ہر حالت میں ’’جیسا ہے، جہاں ہے‘‘ کی بُنیاد پر قبول ہے۔ قبول کیوں نہ ہو؟ یہ ہماری روزمرّہ اور بالخصوص گھریلو زندگی کا آئٹم سانگ ہے! اِسی کے دم سے ذہن سوچنے کی تحریک پاتا ہے۔ اگر ٹماٹر کو سالن اور زندگی سے نکال دیا جائے تو ہمارے پاس ایسا کون سا موضوع رہ جائے گا جس پر کِسی بھی وقت بحث کی جاسکے! پھر تو بے دِلی ہی بے دِلی رہ جائے گی۔ اور جون ایلیا کہہ گئے ہیں۔
بے دِلی! کیا یونہی دِن گزر جائیں گے؟
صرف زندہ رہے ہم تو مَر جائیں گے!

شُعرا، دانشور، فلسفی ہمیں پتا نہیں کون کون سی دُنیاؤں کی خبر دیتے ہیں۔ اُن کی پوری کوشش ہے کہ ہم اپنی روزمرہ زندگی میں پائے جانے والے تمام دلچسپ معاملات کی بساط لپیٹ دیں اور فارغ ہوکر غور و فکر کی دُنیا میں گم اور سوچوں کے سمندر میں غرق ہو جائیں۔ اچھا ہے کہ ٹماٹر جیسی معمولی سی دِکھائی دینے والی چیز ہماری زندگی میں رہے اور رونق میلہ لگا رہے۔ نہ فُرصت ہوگی اور نہ ہم غالبؔ کی طرح پری چہرہ لوگوں، غمزہ و عشوہ و ادا، سبزہ و گل، ابر، ہوا اور دوسری بہت سی ’’فضول‘‘ سی چیزوں کے بارے میں سوچیں گے! ذرا سوچیے، ایک معمولی سے ٹماٹر نے ہمیں کِتنے فِکری بکھیڑوں سے بچا رکھا ہے! سارے دُکھڑے بھول جائیے، بس اِتنا یاد رکھیے کہ زندگی سالن ہے۔ اور
ٹماٹر کے دَم سے یہ سالن حسیں ہے
ٹماٹر نہیں ہے تو کچھ بھی نہیں ہے!
M.Ibrahim Khan
About the Author: M.Ibrahim Khan Read More Articles by M.Ibrahim Khan: 572 Articles with 525181 views I am a Karachi-based journalist and columnist. .. View More