ہماری ویب کا چھکا اور میری سینچری

میں گذشتہ بیس پچیس سال سے ۔ بحمداﷲ وفضلہ ۔ قلم وقرطاس سے منسلک ہوں ، کتابیں بھی لکھیں ،حاشیے بھی چڑھائے ،شروح وتراجم کا بھی سلسلہ جاری رہا، مقالات ومضامین کی جو لانگاہ میں بھی محوِ گردش رہا، شاعری بھی کی، جس سے عربی ،اردو ، پشتو اور فارسی میں دنیا بھرمیں قارئین اور محبت کرنے والوں کا ایک بحر ِبیکراں بن گیا، میں ان تمام کتب خانوں ،اخباروں ، رسائل وجرائد ، ٹی وی ،ریڈیواور ویب چینلز کا مشکور ہوں ،جنہوں نے ہمیں اس لائق سمجھا کہ ہمارے افکارونگار شات عالمگیر انسانیت تک پہنچائے ،اﷲ تعالی ان سب کا حامی وناصر ہو۔

لیکن پچھلے چند ہی ماہ سے ہمارا رشتۂ افکار ونظریات hamariweb سے جو جُڑگیا ،تو اس میدان میں خامہ فرسائی کی لذت ہی کچھ اور تھی ،ایک جدید ترین ویب سائٹ ،جس پر جاکر آپ کو صحافت ،خبر اور تفریحِ طبع کی قسما قسم اور رنگ برنگ اشیاء دستیاب ہوں ، میں نے اپنے بچوں محمد خان المظفر ،موسی خان المظفر لبید خان المظفر اور بشری خان المظفر کے ساتھ ساتھ اپنے گھروالوں ،عزیزوں ،شاگردوں اور فیس بک ، ٹویٹر ،گوگل ،لینکڈان ،سکائپ ،کیکز اور ڈیلی موشن کے دوستوں کوبھی اس کی افادیت اور اہمیت بتادی ، ان میں سے بھی بہت سے لکھاری ہیں ، انہیں ایک عمدہ میدان بھی مل گیا ،اور اخبارات ورسائل کے مدیر ان کی چاپلو سیوں سے بھی ان کی جان چھوٹی ۔

hamariweb کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ ہے کہ کالم نویس کا مضمون نیٹ میں ہروقت دستیاب ہے اور پوری دنیا کے دسترس میں ہے، نیز مائی پیج کے توسط سے آپ کے کالموں کی مکمل فہرست بمع ابتدائیہ ایک ساتھ موجود ہے ، گویا یہ ایک مرتب ومؤ لف کتاب بنتی جارہی ہے ،چنانچہ امسال ۲۷ رمضان المبارک ۱۴۳۴ ھ کو میرے مضامین کی معمولی سی سینچری مکمل ہوگئی ہے ،جبکہ آج ۱۴ اگست کومیں نے دیکھا کہ کیا حسن ِاتفا ق ہے hamariweb نے ایک عظیم الشان چھکا ماردیاہے ، یوں یہ ایام اس کی چھٹی سالگرہ کے ہیں ،اسی لئے میں نے اپنے اس کالم کا عنوان( ’’ہماری ویب ‘‘ کا بہت بڑاچھکا اور میری چھوٹی سی سینچری) رکھ لیا۔

ابرار صاحب اور ان کی ٹیم قابل ِصد بلکہ قابل ِہزار ہامبارکباد ہیں کہ انہوں نے زمانے سے ہم آہنگ انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے اس عظیم الشان ادارے کی بنیاد رکھی ،آج کی دنیا میں اسی طرح کے اداروں کی شدید ترین ضرورت ہے ، بذات خود ہماری ویب بطور ادارہ بھی انتہائی قابلِ ستائش ہے کہ وہ نہ صرف پاکستان کے ۱۰۰ ممتاز ترین ویب سائٹزمیں سے ہے، بلکہ عالمی سطح پر بھی ۵۰۰ متاثر کن ویب سائٹزمیں اپنامقام حاصل کرچکا ہے ،اس موقع پر دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ ساتھ پاکستان کو یوم آزادی اور ہماری ویب کو سالگرہ مبارک ہو۔
Dr shaikh wali khan almuzaffar
About the Author: Dr shaikh wali khan almuzaffar Read More Articles by Dr shaikh wali khan almuzaffar: 450 Articles with 885839 views نُحب :_ الشعب العربي لأن رسول الله(ص)منهم،واللسان العربي لأن كلام الله نزل به، والعالم العربي لأن بيت الله فيه
.. View More