میرا سے انگریزی میں انٹرویو

۷۸۶

خبر یہ ہے کہ معروف اداکارہ میرا صاحبہ نے انگریزی بولنے کا کورس کامیابی سے مکمل کر لیا ہے اور اب و ہ بڑے اعتماد اور روانی سے فر فر انگریزی بولتی پائی جارہی ہیں۔انگریزی کورس کرنے سے پہلے تو ہم نے محترمہ کے منہ سے انگلش کے پھول نکلتے دیکھے تھے پر اب یہ پھول کیسے گجروں میں تبدیل ہوئے یہ پتہ کرناپڑگا۔ پہلے تو انکا سارا زورActually, اور you know و غیرہ پر ہوتا تھا، پر اب دیکھتے ہیں کہ انکے تلوں میں کتنا تیل پیدا ہوا ہے۔ ونس اپان ا ے ٹائم ٹی وی پر ایک انگریزی پروگرام آتا تھا ، نام تھا اسکا شاید۔ مائنڈ یور لینگویج۔، اسمیں مختلف ممالک کے طلباء مذاق مذاق میں انگریزی سیکھتے تھے ۔ یہ محترمہ بھی کہیں ایسا ہی کوئی پروگرام یا کلا س تو اٹینڈ نہیں کر آئیں؟پر لگتا کچھ ایساہی ہے۔ یقین نہ آئے تو مندرجہ ذیل انٹرویو پڑھیے۔

سوال: آپ نے اپنا کیریئر کب اسٹارٹ کیا؟
جواب: اکچولی:کیریئر میرے ابا کی سائیکل پر ہوتا تھا میں جدید با ئیسکل استعمال کرتی ہوں جسے جھک کر چلایا جاتا ہے، اس پر کیریئر نہیں ہوتا۔
سوال: آپ کی ڈیٹ آف برتھ؟
جواب: سوری! میں ٹرین میں سفر نہیں کرتی۔ سو ، نو برتھ۔
سوال: آپ کی فیورٹ پکچر؟
جواب: لاسٹ ایئر میں دبئی گئی تو وہاں میں نے بہت سی پکچرز بنائیں، البم دیکھ لیں۔
سوال: آپ کی پسندیدہ ڈش کو ن سی ہے؟
جواب: مجھ ماربل کی ڈش میں کھانا اچھا لگتا ہے۔
سوال: آپ کی فیورٹ پرسنلٹی؟
جواب: پرسنلی میں کسی سے فری نہیں ہوتی
سوال: کیا آپ اپنا کام ریسسپونسبلٹی سے کرتی ہیں؟
جواب: میرے پاس ایک ہی بلی ہے اور اسکا نام ہے مانو!
سوال:کیا کسی نے آپ کو شادی کے لیے پروپوز کیا؟
جواب: پوز تو میں روز ہی دیتی ہوں۔
سوال:اگر آپ کو کوئی ٹیز کر رہا ہو تو کیا کریں گی؟
جواب: سوری۔ میں سمجھی نہیں!

سوال: آپ کا فیوچر کا کیا پروگرام ہے؟
جواب:سوری! ٹی وی پرگرام دیکھنے کا ٹائم نہیں ملتا۔
سوال: کس اداکار کو آپ لائک کرتی ہیں؟
جواب: میں بچپن میں بہت لائق ہوا کرتی تھی، بٹ اب ذرا ۔۔۔۔۔۔۔۔
سوال: کیا آپ کسی کو ر ی میمبر کر تی ہیں؟
جواب: میں بہت سے کلب کی ممبرز ہوں۔
سوال:کونسا فوڈ آپکو زیادہ پسند ہے؟
جواب: موڈ ہر وقت تبدیل ہوتا رہتا ہے۔
سوال: آپکا پسندیدہ سنگر کون ہے؟
جواب: سنگر کی مشین ہمارے گھر میں ہوتی تھی بٹ آجکل خراب ہے۔
سوال: کس شخصیت سے زیادہ امپریس ہیں؟
جواب: ایمپریس مارکیٹ شاید کراچی صدر میں ہے۔
سوال: کونسا سٹی زیادہ پسند ہے؟
جواب: سیٹی کوئی بھی مارے اچھی لگتی ہے پر ، ہر کوئی پٹا نہیں سکتا۔
سوال : آپکے فی انسی کا نام؟
جواب: جی ہاں فینسی کپڑے مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔
سوال: شو بز کے علاوہ آپکی اور کیا ہو بیز ہیں؟
جواب: سوری۔ سوال دوبارہ کریں پلیز۔
سوال: آٹو گراف بک میں کیا کمنٹس لکھتی ہیں؟
جواب: پلیز ذرا آسان اردو میں بات کریں۔
سوال: کیا آپ ڈونیشن دیتی ہیں؟
جواب: یہ ہم نے بچپن میں پڑھا تھا کہ ہندہواور مسلمان دو نیشن ہیں۔
سوال: کوئی میسج دینا چاہیں گی، اپنے چاہنے والوں کو؟
جواب: مساج گھر میں ہی ہو تو اچھا ہوتا ہے، بنکاک نہ جایا جائے۔


سوال۔ نماز پڑھتی ہیں۔
جواب: جی، میں صبح اٹھ کر عشاء کی نماز پڑھتی ہوں۔
سوال: کیا آپ کی دعائیں جلد قبول ہوتی ہیں؟
جواب: جی بلکل۔ اسی لیے تو شادی نہیں ہوتی۔
سوال: سنا ہے کہ آپ نے کسی افیئر کے چکر میں بنگلہ دیش وزٹ کیا تھا اور کسی پائلٹ وائلٹ سے شادی کا بھی چکر تھا؟
جواب: میں نے فیر (کرایہ) کی کبھی پرواہ نہیں کی۔ باقی یہ کہ شادی کے لیے بندہ سمارٹ ہو چاہے جہاز چلائے یا کھوتا ریڑھی۔
سوال: آپ اپنی والدہ کی انتخابی مہم کے سلسلے میں بہاولنگر میں الیکشن کیمپین چلاتی رہیں، کیسا لگا؟
جواب: بہاولنگر کی کمپلین مہم بہت اچھی تھی پر وہاں کے رانگڑوں نے ہمیں ہر وادیا تھا۔
سوال: ایک دن کی حکومت مل جائے تو کیا کریں گی؟
جواب:ہر گلی میں انگریزی سکھانے کے اسکول کھلوا دونگی۔
سوال: سنا ہے کہ آپنے انڈین فلموں میں وینا ملک کی طرح بہت سے بولڈ سین پکچرائز کرائے ہیں، کیا یہ بات صحیح ہے؟۔
جواب:مجھ جیسی شریف لڑکی کو وینا ملک سے نہ ملائیں پلیز!
سوال: انڈین فلموں میں جاب کرنے کا ایکسپیرینس کیسا رہا؟
جواب: سوری! میں سمجھی نہیں۔
سوال: شکریہ کہ آپنے اپنے پریشس ٹائم کو ہمارے ساتھ سپینٹ کیا؟
جواب:کیا کھانا لگ چکا ہے۔
سوال: سنا ہے کہ آپ بہت مغرور ہے
جواب: مغرور جو کہتی ہے تو کہتی رہے دنیا ۔ ہم مڑ کے کسی شخص کو دیکھا نہیں کرتے
سوال: اوہو! شاعری سے بھی لگاؤ ہے آپکو؟
جواب: جی ہاں ! میں نے شکسپیئر ، ملٹن اور ولیم ورڈزورتھ کو انگریزی میں بہت پڑھا ہے!
سوال: کوئی وِش جو پوری نہ ہو سکی ہو؟
جواب: لوگوں کو وش کرنا اچھا لگتا ہے۔
سوال: کیا آپکی انگریزی واقعی اتنی ویک ہے جتنا کہ لوگ کہتے ہیں؟
جواب: کیا اس پورے انٹرویو میں ، میں نے انگریزی کی کوئی غلطی کی؟
جی، جی، نہیں۔ بلکل نہیں۔ انٹرویو دینے کا شکریہ۔بس دعا کریں کہ یہ چھپ جائے۔اﷲ حافظ۔
 

Mohammad Shafiq Ahmed Khan-0333-6017660
About the Author: Mohammad Shafiq Ahmed Khan-0333-6017660 Read More Articles by Mohammad Shafiq Ahmed Khan-0333-6017660: 93 Articles with 247526 views self motivated, self made persons.. View More