آج کل نفسا نفسی جیساعالم ہے، ہر
انسان پریشان ہے،مختلف پریشانیوں نے ہر انسان کو گھیرے میں لے رکھا ہے،ہر
انسان اپنی پریشانی لیے پھر رہا ہے،اس کے لیے جو طریقہ سامنے آرہا ہے اس پر
آنکھیں بند کیے عمل کر رہا ہے،لوگ پریشان ہو کر ان عاملوں کا رخ کرتے ہیں
پھر ظاہر ہے کہ ہر فیلڈ میں جہاں اچھے لوگ ہوتے ہیں وہاں پر برے لوگ بھی
فائدہ اٹھاتے ہیں،اور لوگ ان دو نمبر عاملوں کے شکنجے میں آجاتے ہیں اور
اپنا سب کچھ گنوا بیٹھتے ہیں،اور پریشانیوں میں کمی کے بجائے اضافے شروع ہو
جاتے ہیں،جبکہ سب سے بڑا وظیفہ اورشفاء کا منبع ہمارے پاس قرآن مجید کی
صورت میں موجود ہے، جس میں ہر بیماری کا علاج موجود ہے،خود آپﷺ پر جب جادو
کیے گئے توآپﷺ نے ان کا اثرات کو قرآنی آیات سے زائل کیا اور وقتا فوقتا
صحابہ کرام رضوان اﷲ اجمعین کو قرآنی آیات سے شفاء حاصل کرنے کا حکم دیتے۔
شیخ ابوالقاسم کو خواب میں آپﷺ کی زیارت ہوئی آپﷺ نے فرمایا اے ابوالقاسم
میں آپ کو غمگین دیکھ رہا ہوں کیا بات ہے؟ عرض کیا میرا بیٹا بہت بیمار ہے
اس کی حالت بہت خراب ہے،آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ تم آیات شفا ء سے کیوں غافل
ہو؟اﷲ تعالیٰ نے قرآن پاک میں ارشاد فرمایا فِیْہِ شِفَاءُُ لِلنَّاسکہ اس
قرآن میں لوگوں کے لیے شفاء ہے،بلاشبہ قرآن ایک شفا ء ہے،جس کواگر ہم
اعتقاد کے ساتھ پڑھیں اور عمل کریں تو یقینا تمام پریشانیوں کا حل اس میں
موجود ہے،اس اہمیت کے پیش نظر ہم ایک سلسہ شفاء باالقرآن کے نام سے شروع کر
رہے ہیں جس میں قرآن پاک کی آیتوں سے شفاء حاصل کرنے کے بارے میں ہم ذکر
کریں گے،انشاء اﷲ بہت نفع ہو گا۔
زہریلے اثرات سے بچنے کے لیے :
ابو مسلم خولانی کی ایک لونڈی تھی جو ان سے بغض و عداوت رکھتی رتھی،انکو
زہر پلاتی تھی لیکن ان پر اثر نہ ہوتا تھا،جب ایک عرصہ گزر گیا تو اس لونڈی
نے ان سے دریافت کیا کہ میں آپ کو روزانہ زہر پلاتی ہوں آپ پر اثر کیوں
نہیں کرتا ہے،ابو مسلم نے کہا کہ میں کھانے اور پینے سے پہلے بسم اﷲ
الرحمان الرحیم پڑھتا ہوں جس کی وجہ سے زہر مجھ پر اثر نہیں کرتا ۔
کھانے میں برکت کے لیے:
ایک شخص نے نبیﷺ سے شکایت کی کہ اس کے گھر کی چیزوں میں بہت بے برکتی ہے
،آپ نے فرمایا تم آیۃا لکرسی سے کیوں غافل ہو،جس کھانے اور سالن میں آیۃ
الکرسی پڑھی جائے گی اس کی برکت سے اﷲ تعالیٰ بے پناہ اضافہ فرمائیں گے۔
دولت کے حصول کے لیے مجرب وظیفہ :
سورۃ واقعہ دولت مندی کی سورۃ ہے،اس کی روزنہ تلاوت سے رزق کے اندر بے پناہ
وسعت آتی ہے،اسے خود بھی پڑھیں اور گھر میں بچوں اور عورتوں کو بھی اس کی
تلقین کریں ،بہت جلد اس کے نتائج آپ دیکھیں گے۔
سورۃ بینہ کی تلاوت کا انعام:
اﷲ تبارک وتعالیٰ جب کسی انسان سے سورۃ بینہ کی تلاوت سنتے ہیں تو فرماتے
ہیں کہ میرے بندے خوش ہو جا ،مجھے میری عزت کی قسم میں تجھے دنیا اور آخرت
کے حالات میں سے کسی بھی حال میں نہیں بھولوں گا،اور تجھے جنت میں ایسا
ٹھکانہ دوں گا کہ تو خوش ہو جائے گا۔(تفسیر ابن کثیر)
شیاطین کو دفع کرنے والی سورتیں:
معوذتین دوسورتیں سورۃ الفلق اور سورۃ الناس خوب کثرت سے پڑھا کریں ان کی
برکت سے آخرت میں اﷲ تعالیٰ کی خصوصی رحمت اور توجہ حاصل ہو گی،یہ دونوں
سورتیں قبر کو منو رکر دیتی ہیں اور سرکش شیاطین کو دفع کر دیتی ہیں،
نیکیوں اور درجوں میں اضافہ کر دیتی ہیں،ترازو کو بھاری کر دیتی ہیں،اور
پڑھنے والے کی جنت کی طرف رہنمائی کر تی ہیں، خصوصا چھوٹے بچوں پر ان
سورتوں کا پابندی سے پڑھنا نہایت ہی مفید ہے،بچے نظر اور سرکش شیاطین کے
اثرات سے محفوظ رہتے ہیں۔ |