عیدالاضحیٰ اور اس سال کے خوبصورت جانور ( خصوصی فیچر )

ہر سال کی مانند اس سال بھی عیدالاضحیٰ کے موقع پر کراچی میں سپر ہائی وے پر قائم ہونے والی مویشی منڈی کا آغاز ہوچکا ہے اور قربانی کے جانوروں کی آمد بھی شروع ہوچکی ہے عیدالاضحیٰ کے چاند کا اعلان ہوتے ہی اس منڈی میں تیزی آجاتی ہے- ہماری ویب کی ٹیم نے اپنے قارئین کے لیے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی منڈی میں لائے گئے خوبصورت اور بیش قیمت جانوروں کی تصاویر اور ان سے متعلق معلومات اکھٹی کی ہیں-

منڈی میں سب سے زیادہ قیمت والے جانور مشہور کیٹل فارم کے ہوتے ہیں- ان کیٹل فارم میں قابل ذکر شاہ کیٹل٬ لاثانیہ٬ سندھ ڈیری فارم اور القریش ہیں- ان کیٹل فارم میں موجود جانوروں کی قیمت 10 لاکھ سے لے کر 15 لاکھ تک ہے- ان جانوروں کی اتنی زیادہ قیمت کا سبب ان کا وزن٬ خوبصورتی اور قد کاٹھ ہے- ان جانوروں کے نام بھی انتہائی دلچسپ ہوتے ہیں جیسے کہ ٹائیگر٬ حسن کا بادشاہ٬ کرن٬ باڈی گارڈ اور شیرو وغیرہ-
 

شیرو
اس خوبصورت جانور کا نام شیرو رکھا گیا ہے اور یہ جانور سندھ ڈیری فارم کی ملکیت ہے- اس جانور کی عمر صرف 32 ماہ ہے جبکہ اس کا تعلق کراچی سے ہے- جب کیٹل فارم کی انتظامیہ سے اس جانور کی غذا کے حوالے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس کی غذا 21 سے 22 اشیاﺀ پر مشتمل ہوتی ہے جس میں دالوں اور چھلکے کو خاص طور پر شامل کیا جاتا ہے- سندھ ڈیری فارم کے مالکان نے اس جانور کی قیمت 9 لاکھ روپے مقرر کی ہے-

image


ٹائیگر
مویشی منڈی میں صدر پاکستان جناب ممنون حسین کے صاحبزادوں کا بھی کیٹل فارم موجود تھا اور یہ ٹائیگر نامی پرکشش جانور اسی جناح کیٹل فارم کا ہے- اس جانور کی عمر ڈھائی سال ہے جبکہ اس کا وزن 15 من ہے- اس جانور کا تعلق بھی کراچی سے ہی ہے- ٹائیگر کے مالکان نے اس کی قیمت 5 لاکھ مقرر کی ہے-

image


بلو بادشاہ
اب ملیے بلو بادشاہ سے جو کہ ملکیت ہے الرحمان کیٹل فارم کی- بلو بادشاہ کی عمر اس وقت ساڑھے 3 سال ہے جبکہ اس کا وزن 33 من- گھارو سے تعلق رکھنے والے اس جانور بلو بادشاہ کی غذا بھی بادشاہوں والی ہی ہے کیونکہ اس کی غذا میں مکھن٬ دودھ٬ ونڈے کے ساتھ ساتھ دیگر بھاری اشیاﺀ بھی شامل ہیں - الرحمان کیٹل فارم نے اس کی ڈیمانڈ 15 لاکھ رکھی ہے-

image


آسٹریلین بیل
اس جانور کا تعلق آسٹریلیا کے بیلوں کی ایک نسل سے ہے- اور اس کی قیمت کے بارے میں جان کر اس کے آسٹریلیا سے تعلقات ہونے پر کوئی شبہ باقی نہیں رہتا- یہ جانور سرمہ والا کیٹل فارم کی ملکیت ہے اور انہوں نے اس کی قیمت 15 لاکھ مقرر کی ہے- اس جانور کا وزن 30 من ہے جبکہ اس کی عمر ڈھائی سال ہے-

image


کرن
نام تو اس کا کرن ہے لیکن یہ اپنے نام کی طرح نازک قطعاً نہیں ہے- یہ جانور لاثانیہ کیٹل فارم کی ملکیت ہے اور اس کا تعلق رحیم یار خان سے ہے- اس جانور کی غذا میں چوکر٬ چھلکا٬ تیل اور دودھ کے ساتھ دیگر چکنی چیزوں کو بھی شامل کیا جاتا ہے- اس جانور کا وزن 18 من ہے جبکہ اس کی قیمت 10 لاکھ روپے رکھی گئی ہے-

image


حسن کا بادشاہ
بےپناہ حسن کے مالک اس جانور کا نام حسن کا بادشاہ رکھا گیا ہے اور یہ جانور 786 کیٹل فارم کی ملکیت ہے- اس جانور کا تعلق کراچی سے ہے جبکہ اس کا وزن 14 من ہے- اس کی غذا بھی چند خاص قسم کی اشیاﺀ پر مشتمل ہوتی ہے جو کہ انتہائی مہنگی بھی ہوتی ہیں- اس جانور کی ڈیمانڈ 9 لاکھ روپے رکھی گئی ہے-

image


وائٹ براؤن
وائٹ براؤن رنگ کے حامل اس جانور کا تعلق ہالینڈ کے بیلوں کی ایک نسل سے ہے- اس جانور کی عمر 3 سال ہے جبکہ اس کی غذا میں گندم اور دلیے کو خاص طور پر شامل کیا جاتا ہے- بابا انصاری کی ملکیت اس جانور کی قیمت 7 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے-

image


باڈی گارڈ
یہ باڈی گارڈ نامی جانور اپنی جسامت کے لحاظ سے واقعی کسی باڈی گارڈ سے کمی نہیں لگتا- یہ حسین جانور شاہ کیٹل فارم کی ملکیت ہے- اس جانور کا تعلق رحیم یار خان سے ہے اور اس کو غذا میں دودھ اور مکھن دیا جاتا ہے- اس جانور کی عمر ساڑھے تین سال ہے جبکہ اس کا وزن 15 من ہے- شاہ کیٹل فارم نے اس کی قیمت 12 لاکھ مقرر کی ہے-

image


نام آپ رکھیں
یہ جانور بھی شاہ کیٹل فارم کی ملکیت ہے لیکن انہوں نے اس کو کوئی نام نہیں دے رکھا لیکن ہماری ویب اپنے قارئین کو یہ موقع دیتی ہے کہ وہ اس کے لیے نام کا انتخاب کریں- اس جانور کا تعلق چولستان سے ہے جبکہ اس کا وزن 12 من ہے- یہ جانور شاہ کیٹل فارم کا سب سے مہنگا جانور ہے جس کی قیمت انہوں نے 15 لاکھ مقرر کی ہے-

image

ٹائیگر
منڈی کے اس جنگل میں دو ٹائیگر موجود تھے اور یہ دوسرا ٹائیگر القریش کیٹل فارم کی ملکیت ہے- اس جانور کا تعلق صوبہ پنچاب کے شہر میلسی سے ہے- اس جانور کی عمر 3 سال ہے جبکہ اس کا وزن 22 من ہے- اس کی غذا بھی انتہائی خاص ہوتی ہے جس میں دودھ٬ دہی٬ مکھن٬ چوکر٬ سرسوں کے تیل کے ساتھ ساتھ دیگر چکنی اشیاﺀ کو بھی شامل کیا جاتا ہے- القریش نے اس جانور کی قیمت 15 لاکھ روپے مقرر کی ہے-

image

   

 

YOU MAY ALSO LIKE:

Holy Eid-ul-Azha is the second greatest religious festival of the Muslims with solemnity and religious fervor. Eid-ul-Azha is known as the 'Festival of Sacrifice'. Especially for this purpose, the cows, sheep, goats and camel are offered to sell in the muslim countries. In this article many of beautiful cows are listed who catch attention to their buyers due to their beauty and size.