دنیا میں ہر روز کچھ نہ کچھ نیا اور منفرد ہوتا ہے یا پھر
آئے دن کوئی نئی دلچسپ ایجاد یا تحقیق سامنے آتی رہتی ہے- ہماری ویب دنیا
بھر میں ہونے والے ان واقعات و ایجادات کو اپنے قارئین کے سامنے پیش کرتی
رہتی ہے- آج کا آرٹیکل بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں آپ حالیہ چند
دنوں میں ہونے والی دلچسپ ایجادات٬ تحقیقات اور رونما ہونے والے واقعات کے
بارے میں پڑھیں گے- جیسے کہ کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک ایسا
ریسٹورنٹ بھی ہے جہاں باتیں کرنا منع ہے اور اسی طرح کی اور بہت سی معلومات-
|
ایسا ریسٹورنٹ جہاں باتیں
کرنا منع ہے
کھانے کے دوران باتیں کرنا زیادہ تر لوگوں کی عادت ہوتی ہے لیکن امریکا میں
ایٹ ان بروک لائن نامی ایک ایسا ریسٹورٹ کھولا گیا ہے جہاں پر کھانے کے
دوران باتیں کرنا سختی سے منع ہے- اس لیے باتونی افراد تو اس ریسٹورنٹ کا
بالکل بھی رخ نہیں کرتے جبکہ خاموش طبع افراد یہاں کے پرسکون ماحول میں
کھانا کھانے سے خوب لطف اندوز ہوتے ہیں- اس ریسٹورنٹ کا نہ صرف ماحول
پرسکون ہے بلکہ کھانا بھی مزیدار ہے- |
|
ایپل کا نیا ’آئی پیڈ ایئر‘
ایپل نے پانچویں جینریشن کی نئی ٹیبلٹ رینج کی رونمائی امریکی شہر سان
فرانسسکو میں کی جس میں نیا آئی پیڈ متعارف کروایا گیا ہے جسے ’آئی پیڈ
ایئر‘ کا نام دیا گیا ہے- نو اعشاریہ سات انچ کی ٹچ سکرین والا آئی پیڈ سات
اعشاریہ پانچ ملی میٹر (اعشاریہ تین انچ) موٹا اور اس کا وزن چار سو انہتر
گرام ہے- اس میں اے سیون چپ لگائی گئی ہے جو کہ نئے آئی فون فائیو ایس میں
پیش کی گئی تھی- ایپل کا دعویٰ ہے کہ اس کا نیا آئی پیڈ ایئر اس وقت مارکیٹ
میں دستیاب تمام ٹیبلٹس میں سب سے ہلکا اور پتلا ہے-
|
|
گھر کا کام کرنے سے موٹاپا کم نہ ہوگا
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ گھر کی صفائی کرنا، برتن دھونا، کھانا پکانا، سیڑھی
چڑھنا اترنا اور باغبانی کرنا ان تمام سرگرمیوں کو صحت مند قرار دیا جا
سکتا ہے کیوں کہ کچھ نہ کرنے سے کچھ کرنا بہتر ہے۔ لیکن، برطانیہ میں ہونے
والی ایک تحقیق کے مطابق، گھر کے کام کو باقائدہ ورزش نہیں کہا جاسکتا، اور
یوں، اس کے وہ فوائد نہیں جو باقائدہ ورزش کے ہیں۔ ’بی ایم سی پبلک ہیلتھ‘
میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق، برطانیہ میں شہریوں کو ہر ہفتے150
منٹ درمیانے درجے کی جسمانی سرگرمیوں میں مصروف رہنے کا مشورہ دیا جاتا ہے،
جیسے پیدل چلنا، سائکل چلانا یا مختلف کھیلوں میں حصہ لینا۔ لیکن، عوام کا
نصف بھی ایسا نہیں کرتا۔ اسی لئے ،ان سے کہا جاتا ہے کہ بیٹھے رہنے سے کوئی
بھی جسمانی کام کرنا بہتر ہے۔ لیکن، لوگ گھر کے کاموں کو ورزش کا متبادل
سمجھ لیتے ہیں۔
|
|
گنج پن کا مسئلہ اب ہوجائے گا ماضی کا حصہ
گنج پن جلد ہی ماضی کی یاد بن کر رہ جائے گا کیونکہ ماہرین طب نے ایسے ننھے
خلیات کو پیدا کرنے کا طریقہ دریافت کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو نئے بال اگانے
میں مددگار ثابت ہوگا- یہ پہلی بار ہے کہ لیبارٹری میں تیار کیے گئے خلیات
کو انسانی کھال میں ڈال کر بالوں کو اگانے کی کوشش کی گئی ہے- اگرچہ ابھی
یہ کام ابتدائی سطح پر ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حقیقی پیش
رفت ہوئی ہے اور جلد لوگ ہئیر ٹرانسپلانٹ یا وگوں کی جگہ اس علاج کے ذریعے
گنج پن سے بچ سکیں گے-
|
|
برگر سے اتنی شدید محبت
برگر تو بہت سے لوگوں کو پسند ہوتا ہے لیکن یہ صاحب تو برگر کے اتنے بڑے
دیوانے ہیں کہ انہوں نے اپنے ارد گِرد موجود ہر چیز کو برگر کی شکل دے ڈالی
ہے۔امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے 57سالہ ہیری نامی اس شخص کی
برگرز سے محبت یقیناً لا جواب ہے جو گزشتہ 23برس سے برگز سے مشابہہ اشیا
ناصرف اپنے گھر میں جمع کر رہا ہے بلکہ کمرے میں موجود بیڈ، سائیڈ ٹیبل،
کشن، تکیے ،لیمپس اور یہاں تک کہ زیرِ استعمال بائیک کو بھی برگر کی شکل
میں تبدیل کر دیا ہے۔ اس شخص کے گھر پہنچ کر مزیدار نظر آنے والی تمام اشیا
دیکھ کر منہ میں پانی بھر آتا ہے اور کھانے کو جی چاہتا ہے۔
|
|
گیارہ ایکڑ کے رقبے پر پھیلا ہوا وسیع و
عریض پورٹریٹ
دو تین فٹ کے کینوس پر بنے پورٹریٹ تو آپ نے بہت دیکھے ہوں گے لیکن کیوبا
کے ایک فنکار نے گیارہ ایکڑ رقبے کی زمین پر وسیع وعریض پو رٹریٹ تخلیق کر
لیا ہے۔ تیس ہزار لکڑیوں کی ڈنڈیوں، دو ہزار ٹن مٹی اور تیل کی مدد سے تیار
کیا گیا یہ پورٹریٹ اس قدر بڑا ہے کہ اس کا درست نظارہ فضاء میں بلند ہو کر
ہی کیا جا سکتا ہے۔ شمالی آئر لینڈ کے ساحل پر بنا ئے گئے اس پو رٹریٹ کو
مکمل کرنے میں چار ہفتوں کا وقت لگا ہے جسے برطانیہ اور آئرلینڈ کا سب سے
بڑا پورٹریٹ بھی کہا جا رہا ہے ۔
|
|
کھانے میں کیلوریز کی مقدار جاننے کیلئے
آلہ تیار
کینیڈا کے سائنسدانوں نے ایسا آلہ ایجاد کرلیا ہے جو کھانے کو اسکین کر کے
کیلوریز کے بارے میں درست معلومات فراہم کرسکتا ہے۔ ٹیل سپیک نامی یہ آلہ
کھانے کو اسکین کر کے اس میں موجود کیمیائی مادوں کا تجزیہ کرتا ہے اور
اسکا نتیجہ چند منٹوں میں موبائل فون پر اپ لوڈ کر دیتا ہے۔ یہ آلہ بتاتا
ہے کہ کھانے میں کون کون سے کیمیائی مادے ہیں۔ ان کی غذائیت کتنی ہے اور ان
سے کتنی کیلوریز حاصل ہوں گی۔ اس آلے کو باآسانی استعمال کیا جاسکتا ہے۔
بس کھانے کے اندر اسے گھمائیں اس میں موجود غذائیت مختلف رنگوں میں موبائل
فون کی اسکرین پر آجائے گی۔
|
|
چہرے یاد نہ رہنا ایک نفسیاتی بیماری
طب کی دنیا میں نت نئے تجربات اور انکشافات سے پتہ چلتا ہے کہ انسانی جسم
کی بہت سی بیماریوں کا براہ راست تعلق انسانوں کی نفسیات سے ہے۔ ایسی ہی
ایک بیماری ’فیس بلائنڈنس‘ بھی ہے یعنی دیکھے چہرے بھی اجنبی لگتے ہیں۔ ۔’فیس
بلائنڈنس‘ کے شکار افراد کو اکثر اُن چہروں کو پہچاننے میں مشکلات کا سامنا
ہوتا ہے، جنہیں وہ پہلے بارہا دیکھ چُکے ہوتے ہیں۔ چہروں کی شناخت کی
صلاحیت کے فقدان کا زیادہ بہتر اندازہ فلم اور تھیٹر دیکھتے وقت لگایا جا
سکتا ہے۔ اس نفسیاتی بیماری میں مبتلا افراد کو فلم کا ایک سین گزر جانے کے
بعد اگلے سین تک ہیرو کی شکل یاد نہیں رہتی۔ کبھی کبھی یہ صورتحال نہایت
خجالت کا سبب بن جاتی ہے۔
|
|
طبعیت بہتر رکھنے کا آسان نسخہ
دوستوں سے میل جول مردوں کی صحت اور ان کے رویے پر خوشگوار اثرات مرتب کرتا
ہے- آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ دوستوں سے ہفتے
میں کم از کم 2 بار ملاقاتیں مردوں کی صحت اور اخلاق کو زیادہ بہتر کرتی
ہیں- محقق پروفیسر روبن ڈینبر کے مطابق جو مرد سماجی گروپس کو منظم کرتے
ہیں وہ زیادہ صحت مند ہوتے ہیں اور وہ کسی بیماری کی صورت میں جلد صحتیاب
بھی ہوجاتے ہیں جبکہ وہ کافی سخاوت کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں-
|
|
ابوظہبی میں نوکیا کے ٹیبلٹس کی رونمائی
موبائل فون بنانے والی کمپنی نوکیا نے ’فیبلٹس‘ کے ساتھ ساتھ اپنے پہلے
ٹیبلٹ کمپیوٹر کی رونمائی کی ہے۔ واضح رہے کہ لفظ ’فیبلٹ‘ فون اور ٹیبلٹ کے
ادغام سے بنایا گیا ہے، اور اس میں بڑی سکرین والے فون یا چھوٹی سکرین والی
ٹیبلٹ دونوں کی خصوصیات موجود ہوتی ہیں۔ونڈوز آر ٹی والی ٹیبلٹ میں چار
گیگا بائٹ ڈیٹا سٹوریج کی سہولت موجود ہے۔ نوکیا کا کہنا ہے کہ وہ ابو ظہبی
میں اپنے ہارڈ ویئر یونٹ کی فروخت مکمل کرنے سے پہلے کمپنی کے آخری بڑے
واقعے کو یادگار بنانا چاہتی ہے۔ |
|