پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کی پہلی علاج گاہ

پاکستانی شہر لاہور کے علاقے جلو موڑ میں واقع ایک غیر سرکاری فلاحی ہسپتال گھرکی ٹرسٹ ٹیچنگ ہسپتال میں ریڑھ کی ہڈی کے امراض کی پہلی باقاعدہ علاج گاہ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جو اپنی مدد آپ کی بنیاد پر کام کرے گی۔

ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق ایک سو چودہ بستروں اور پانچ آپریشن تھیٹرز پر مشتمل ملک کے پہلے سپائن سنٹر کا با ضابطہ افتتاح اگلے مہینے ہوگا۔ چالیس کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے اس سپائن سنٹر پر پچھلے دو سالوں میں خرچ ہونے والے تیس کروڑ روپوں میں سے صرف ڈھائی کروڑ روپے پنجاب حکومت نے فراہم کیے ہیں، باقی تمام رقم عام لوگوں اور مخیر حضرات کے عطیات سے حاصل کی گئی ہے، ایک کروڑ روپے سے زائد ماہانہ خرچ والے اس سنٹر کے اخراجات کو پورا کرنے کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت ایک ارب روپے کا انڈولمنٹ فنڈ بھی قائم کیا جا رہا ہے تاکہ اس سینٹر کو کسی محتاجی کے بغیر آزادانہ طور پر چلایا جا سکے،۔
 

image


اس سے پہلے گھرکی ہسپتال کے آرتھوپیڈک کے شعبے میں محدود پیمانے پر ریڑھ کی ہڈی کے مریضوں کے علاج کی سہولت میسر تھی، اس سپائن سنٹر کے شروع ہونے سے غریب لوگوں کی بڑی تعداد کو مفت علاج کی سہولت میسر آ سکے گی، گھرکی ہسپتال میں ڈائریکٹر آف سپائن اینڈ آرتھوپیڈک سرجری پروفیسر ڈاکٹر عامر عزیز نے بتایا کہ پاکستان میں ریڑھ کی ہڈی کے امراض عام ہیں ، ٹی بی ، حادثات، جرائم اور دہشت گردانہ واقعات اور دیگر وجوہات کی بنا پر ہر سال چالیس سے پچاس ہزار مریض ریڑھ کی ہڈی سے متعلقہ مسائل کے ساتھ ہسپتالوں میں لائے جاتے ہیں، یاد رہے پاکستان میں تیس لاکھ سے زائد ٹی بی کے مریض ہیں، اور ہر سال ان میں ایک لاکھ نئے مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہے،ٹی بی کے شکار مریضوں کی بھی ریڑھ کی ہڈی کی سرجری درکار ہوتی ہے، اس سے پہلے ریڑھ کی ہڈی کے مریضوں کے علاج کے لیے گھرکی ہسپتال میں بلا معاوضہ کام کرنے والے ڈاکٹروں نے ایک چھوٹا سا سپائن یونٹ قائم کر رکھا تھا، ٹوٹی ہڈیوں کو جوڑنے، کبڑے پن کو درست کرنے، کمر کی رسولیاں نکالنے، اور مہروں سے کینسر کے اثرات نکالنے سمیت بہت سے طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں،۔

سوئزرلینڈ میں قائم سپائن سرجنوں کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن اے او سپائن انٹرنیشنل نے پاکستان سپائن سنٹر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر عامر عزیز کو اپنی بین الاقوامی فیکلٹی میں شامل کر رکھا ہے، اس وجہ سے لاہور کے سپائن سنٹر میں آئرلینڈ، فلپائن اور نیپال سمیت مختلف ملکوں کے سپائن سرجن تربیت حاصل کرنے آتے ہیں، سعودی عرب،عراق، کویت اور بنگلہ دیش سمیت کئی ملکوں کے اسی سے زائد سرجنز اس سنٹر سے تربیت کے حصول کے لیے ویٹنگ لسٹ میں موجود ہیں، یہ سنٹر اب تک بیس پاکستانی سرجنوں کو سپائن سرجری کی تربیت دے چکا ہے،۔
 

image

دلچسپ بات یہ ہے کہ عالمی منڈی میں لاکھوں روپے میں ملنے والا ریڑھ کی ہڈی کا مہرہ پاکستانی سرجن پانچ سے دس ہزار روپے میں مقامی ٹاٹینیئم سے بنوا کر کامیابی سے استعمال کر رہے ہیں، اس سنٹر میں اب تک جن ایک ہزار مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کی گئی ہے ان کا ڈیٹا عالمی کانفرنسوں میں پیش کرنے کے بعد اب تحقیق کے لیے مرتب کیا جا رہا ہے،۔

ڈاکٹر عامر عزیز نے مزید بتایا کہ جرمنی کے تیار کردہ طبی آلات اپنے بہتر معیار کی وجہ سے دنیا بھر میں استعمال کیے جاتے ہیں، ”اب ہم جرمنی میں مقیم بعض پاکستانیوں کی مدد سے سپائن سنٹر کے لیے جرمنی کے کسی بند ہو جانے والے ہسپتال کی طبی مشینری کم پیسوں میں خریدنا چاہتے ہیں، تاکہ انتہائی محدود وسائل والے اس یونٹ میں سی ٹی اسکین مشین سمیت دیگر آلات کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔
 

image

ڈاکٹر عامر عزیز کو دکھ ہے کہ ان کے وطن میں شوکت عزیز جیسا وزیر اعظم اپنی کابینہ کے لیے چونتیس ایسی بلٹ پروف گاڑیاں منگوالیتا ہے، جن میں سے صرف ایک گاڑی کی قیمت ایک ملین ڈالر ہوتی ہے، لیکن پچھلی وفاقی حکومت وعدے کے باوجود اس سینٹر کے لیے ایم آر آئی مشین کے لیے ایک پیسہ بھی نہ دے سکی۔ تاہم انہیں یقین ہے کہ سپائن سنٹر جلد مکمل ہو گا اور غریب لوگوں کو مفت علاج کی سہولت میسر آئے گی-
 

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Eminent surgeon Prof Dr Amir Aziz has said the country’s first dedicated spine centre will be inaugurated at Ghurki Trust Hospital soon. The 450-bed Ghurki Trust Hospital, affiliated with Lahore Medical and Dental College, would cater to the health needs of a large number of poor patients.