ڈبل سکرین کا حامل جدید موبائل متعارف

روس کی ایک ٹیکنالوجی کمپنی نے ایسا سمارٹ فون متعارف کروایا ہے جس میں استعمال کی گئی ای انک ٹیکنالوجی کی بدولت نہ صرف یہ ہمیشہ ’آن‘ رہتا ہے بلکہ اس کی بیٹری بھی زیادہ دیر تک چلتی ہے۔

بی بی سی کا کہنا ہے کہ یوٹا نامی کمپنی کے مطابق اینڈروئڈ نظام کے تحت کام کرنے والے اس موبائل فون کو فوری طور پر روس، آسٹریا، فرانس، سپین اور جرمنی میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے۔

اس فون کی دو سکرینیں ہیں جن میں سے ایک عام ایل سی ڈی جبکہ دوسری ای انک سکرین ہے جس پر ان حالات میں معلومات نظر آتی ہیں جب صارف فون استعمال نہیں کر رہا ہوتا۔
 

image


ای انک سکرین عموماً ای بک ریڈرز میں استعمال کی جاتی ہے اور یہ بہت کم توانائی خرچ کرتی ہے۔ ایل سی ڈی سکرین کے مقابلے میں سورج کی روشنی میں ان سے پڑھنا بھی زیادہ آسان ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فون میں وہ صارفین دلچسپی لے سکتے ہیں جو فون کی بیٹری جلد ختم ہونے کی مشکلات کا شکار ہیں۔

یوٹا کے چیف ایگزیکیٹو ولاد مارٹینوو نے کہا ہے کہ ’ایک عام صارف روزانہ ڈیڑھ سو سے زیادہ مرتبہ اپنا فون ’ایکٹیویٹ‘ کرتا ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتا کہ موبائل فون کی سیاہ سکرین کے پیچھے موجود معلومات یا پیغامات اس تک پہنچنے سے رہ جائیں۔‘

یہ روسی کمپنی موڈیم اور راؤٹر بنانے کے لیے جانی جاتی ہے اور یہ اس کا پہلا موبائل فون ہے۔

موبائل فونز پر تحقیق کرنے والی کمپنی سی سی ایس انسائٹ کے ماہر بین وڈ نے کہا ہے کہ ’اگرچہ یوٹافون کو اکثر لوگ ایک شعبدہ قرار دیں گے لیکن ہمارے خیال میں اس کا ڈیزائن معیاری ہے۔‘
 

image

انھوں نے کہا کہ ’جہاں سمارٹ فون استعمال کرنے والے بہت سے صارف فون کی بیٹری جلد ختم ہونے سے نالاں ہیں، وہاں ایک ایسی سکرین کے استعمال کا خیال خوش کن ہے جو بہت کم یعنی نہ ہونے کے برابر توانائی استعمال کرتی ہو اور اس پر مرکزی سکرین کا عکس موجود ہو۔‘

اس فون میں ڈیڑھ گیگا ہرٹز کا ڈوئل کور پراسیسر اور 12 میگا پکسل کا کیمرہ نصب ہے اور اس کی قیمت 499 یورو ہے۔

یوٹا مارچ 2014 میں مزید 20 ممالک میں یہ فون متعارف کروائے گی۔

YOU MAY ALSO LIKE:

A smartphone with two screens - one of which uses e-ink technology and is "always on" - has been launched. The Russian company Yota said the phone would go on sale online immediately in Russia, Austria, France, Spain and Germany.