برکاتِ اسم اعظم 3۔ قضائے حاجات کا خصوصی عمل

الحمد للہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علٰی سید الرسل والانبیاء ، وعلٰی اٰلہ واصحابہ اجمعین۔
صد ہزار مرتبہ شکرِ مولا کہ آج پھر مدینہ طیبہ کی حاضری نصیب ہوئی، اس وقت نمازِ فجر کی ادائیگی کے بعد مدفونین جنت البقیع رضوان اللہ علیہم اجمعین کی مقدس و عالی مرتبت بارگاہوں میں سلام عرض کرنے کے بعد یہ مضمون مکمل کرنے بیٹھا ہوں۔ قضائے حاجات کا یہ عمل ایک عرصہ سے میرے ذہن میں تھا، ای میلز، پیغامات اور کالز پر میں نے محسوس کیا کہ اکثریت ایک ہی وقت میں مختلف روحانی مسائل میں مبتلا ہوتی ہے، لہٰذا اس سے نجات کے لئیے ایک جامع اور سریع الاثر عمل ترتیب دیا جائے جو ایک ہی وقت میں تمام حاجات کے لئیے مؤثر ہو۔ میں نے نیت کی تھی یہ مضمون بارگاہِ مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم میں حاضر ہو کر خاص سرکار کے قدمین شریفین میں مکمل کروں گا تاکہ سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم، شیخین، اصحاب و آلِ رسول رضوان اللہ علیہم اجمعین کی نظرِ کرم اور مدینہ منورہ کی برکات بھی اس میں شامل ہو جائیں۔ غمخوار آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے کرم فرمایا اور یہ دن بھی آ گیا۔ الحمد للہ عزوجل۔

محبینِ کرام!

وظائف سے قبل غور فرمائیے کہ ہماری زبانوں میں تاثیر کیوں نہیں؟ ہم چالیس اور نوے دن کے عمل کرتے ہیں مگر نتیجہ صفر، کیوں؟ ہماری ایک پریشانی ختم نہیں ہوتی تو دوسری نازل ہو جاتی ہے، کیوں؟ کوئی اولاد سے بیزار ہے، کوئی اولاد کی طلب میں مارا مارا پھر رہا ہے، کوئی والدین کے رویوں سے تنگ، مال، جان، معاشرہ، رشتہ داری اور دنیا داری سے تکلیف۔۔۔ وجہ صرف ایک ہے کہ ہم فنا اور بقا میں فرق نہیں کر رہے، ہم ان رشتوں، کاموں اور معاملوں کو ترجیح دیتے ہیں جو عارضی ہیں، جو فنا ہو جائیں گے، اس دنیا کے لئیے توانائی صرف کر رہے ہیں مگر اس دنیا کے لئے کچھ نہیں جہاں ہمیشہ رہنا ہے، دنیا کے لالچ، سٹیٹس، مرتبہ، ظاہری حسن و جمال اور دنیا کی درجہ بندی نے نکاح میں رکاوٹ، گھریلو اخراجات میں اضافہ، رشتوں سے محبت ختم اور اللہ تعالٰی کی بارگاہ سے دور کر دیا ہے۔ ہم حلال اور حرام کے تمیزات کو سمجھتے ہیں مگر عمل نہیں، ہم سچ اور جھوٹ کا فرق جانتے ہیں مگر منافقانہ اور جھوٹے قول کہتے ہیں، غیبت جو زنا سے بد تر گناہ ہے وہ اکثر ہم سے سرزد ہوتا ہے، ساس بہو، نند، دیور، جیٹھ ، جیٹھانی اور بھابھی بھائی کی ناچاقیاں بھی ہماری زبان کے غلط استعمال اور ذاتی عناد کی وجہ سے ہی برپا ہوتی ہیں۔۔۔ اب ایسی زبان جو ہر وقت بد کلامی میں مصروف رہے اس میں تاثیر باقی رہے گی؟؟؟ یہی سمجھنے کی بات ہے۔ جس دن زبان نے برے قول، جھوٹ اور منافقانہ طرزِ عمل چھوڑ دیا اس دن آپ کی زبان سے جو لفظ نکلے گا وہ قول حق ہو گا اور اس زبان سے مانگی گئی کوئی دعا رد نہیں ہو گی۔

اب وہ عمل حاضر ہے جس کا آپ کو شدت سے انتظار تھا، یہ بابرکت وظیفہ مدینہ طیبہ کی مقدس سرزمین سے آپ کی خدمت میں پیش کر رہا ہوں، کاروبار میں بندش، ملازمت، نکاح میں رکاوٹ، قانونی و عدالتی مسائل یا زندگی میں کوئی بھی حاجت در پیش ہو تو اس پر عمل کیجئیے، اگر کسی پر جادو ، آسیب یا بد اثرات ہوں تو وہ ہمارا جادو کی کاٹ والا عمل بھی ساتھ کر لے۔

پہلی ترکیب خاص ان لوگوں کے لئیے ہے جو چالیس دن بغیر ناغہ کیئے جاری رکھ سکیں، کلام و طعام میں حد درجہ پرہیز کر سکیں، حرام اور خلافِ شرع امور سے بچیں۔ مقررہ وقت اور مقررہ جگہ پر ہی عمل کریں۔ ناغہ کی اور سستی کی ہرگز کوئی گنجائش نہیں ۔ یہ عمل مرد حضرات ہی کر پائیں گے کہ خواتین کے لئیے چالیس دن مشکل ہے۔ عمل شروع کرنے سے قبل تین دن مسلسل روزے رکھیں۔ ان تینوں دنوں میں بکثرت استغفار و درود پڑھیں۔ یہ عمل اسلامی مہینہ کہ چار تاریخ سے چودہ تاریخ کے درمیان میں شروع کریں اور پھر چالیس دن جاری رکھیں۔ ہر روز عشاء کی نماز کے بعد دو رکعات نمازِ نفل قضائے حاجات کے پڑھیں، اس کے بعد ایک تسبیح درود شریف کی، پھر 3125 مرتبہ بسم اللہ الرحمن الرحیم پڑھیں، یوں چالیس دن میں اس کی تعداد سوا لاکھ ہو جائے گی۔ 40 دن کے بعد روزانہ 786 مرتبہ یا 101 مرتبہ یہ عمل ساری زندگی جاری رکھیں۔ ہر روز عمل کے بعد اس کا ثواب سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم، خلفائے راشدین، اہل بیت اطہار اور حضور غوث الاعظم الشیخ عبدالقادر جیلانی رضوان اللہ علیہم کو پیش کریں اور اپنی حاجت کی برآواری کی دعا کریں۔ بہت مناسب اور بہتر ہو گا کہ یہ عمل شروع کرنے سے قبل مجھے کال کر لیں تاکہ بہتر انداز میں آپ کی رہنمائی کی جا سکے۔

دوسری ترکیب آسان ہے اور سب کے لئیے ہے۔ اس عمل کے لئیے بھی پہلے کچھ دن روزے رکھ لیں یا عمل کے ساتھ ساتھ روزے رکھ لیں تاکہ باطنی طہارت نصیب ہو، اس عمل کے دو اوقات ہیں، فجر کے وقت یا عشاء کے بعد۔ لیکن جو وقت مقرر کر لیا اب اس میں تبدیلی نہیں کرنی۔ اگر فجر میں پڑھنا ہو تو جلدی اٹھیں تاکہ نماز کی ادائیگی کے بعد یا قبل اتنا وقت ہو کہ عمل مکمل ہو سکے۔ ایک تسبیح درود شریف ، اس کے بعد 786 مرتبہ بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ جب تک حاجت پوری نہ ہو عمل جاری رکھیں۔ عمل کے آخر میں سورہ حشر کی آخری تین آیات 3-3 بار پڑھیں اور پھر اوپر لکھے ہوئے طریقہ کے مطابق فاتحہ و ایصالِ ثواب کریں۔

تیسری ترکیب بہت آسان اور خاص ان لوگوں کے لئیے ہے جو اپنی گڑ بڑ زندگی کو معمول پر لانا چاہتے ہیں، رزق میں برکت، زوجین میں محبت، معاملات میں آسانی، ناکامیوں سے جان چھڑانا اور زندگی کے کٹھن امتحانات میں کامیاب ہونا وغیرہ وغیرہ۔ اس عمل کا طریقہ یہ ہے کہ نماز فجر کی سنتوں اور فرضوں کے درمیان میں 90 مرتبہ بسم اللہ الرحمٰن الرحیم، اول آخر 22-22 مرتبہ درود شریف کے ساتھ پڑھیں۔ نیز طلوع و غروبِ آفتاب اور زوال کے وقت بھی 90 -90 مرتبہ اول آخر 22-22 مرتبہ درود شریف کے ساتھ یہ عمل کریں۔ صوفی اقبال احمد نوری (بریلی شریف) رحمۃ اللہ علیہ نے بھی یہ عمل تجویز فرمایا۔

ان تمام وظائف کے ساتھ ساتھ اپنا اسمِ اعظم ضرور پڑھیں۔ اسمِ اعظم ای میلز، کالز اور کمنٹ باکس سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
میرے تمام وظائف میں میرے مرشدِ کریم شیخ القرآن والحدیث ، نائبِ محدثِ اعظم علامہ ابو محمد، محمد عبدالرشید قادری رضوی رحمۃ اللہ علیہ، میرے والدِ گرامی اور متعدد مشائخ و علماء کی مشروط اجازت ہے، ہر وہ مرد و عورت جو نبی غیب دان صلی اللہ علیہ وسلم ، خلفائے راشدین و اہلِ بیت، سیدنا غوث الاعظم شیخ عبدالقادر جیلانی اور اولیائے کاملین رضوان اللہ اجمعین کی عزت و احترام اور ادب کرتا ہے وہ میرے لکھے گئے تمام وظائف سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
میں سرکارِ مدینہ صلی اللہ علیہ وسلم، آپ کے اصحاب و اولاد کی بارگاہوں کے وسیلہ سے دعا گو ہوں کہ رب تعالٰی سب کی حاجات پوری فرمائے، جو کوئی یہ عمل کرے وہ برکات و خیرات پائے۔ آپ سب مجھے اپنی دعاؤں میں یاد رکھئیے اور دعا کیجئیے کہ اللہ تعالٰی قرآن و سنت کی روشنی میں ہمارا فی سبیل اللہ روحانی علاج کا سلسلہ جاری رکھنے میں ہماری غائبانہ مدد فرمائے۔ آمین بجاہ سید المرسلین
غبارِ راہِ طیبہ
افتخار الحسن رضوی
مدینہ طیبہ
بمطابق 3 صفر المظفر 1435 ہجری۔ 6 دسمبر 2013 عیسوی بروز یومِ سعید جمعۃ المبارک
Email: [email protected]
Skype ID: rizvionline.com
Facebook Page: https://www.facebook.com/iftikharulhassan.rizvi

Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 236600 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More