ایم کیو ایم کے جماعت اسلامی پر الزامات کی حقیقت

پچھلے چند دنوں سے ایم کیو ایم کے قائد جناب الطاف حسین نے اپنی توپوں کا رخ جماعت اسلامی کی طر ف موڑ رکھا ہے۔ سیدمنور حسن کے ایک متنازعہ بیان کو بنیاد بنا کر الطاف حسین اور ایم کیو ایم کیو کے دیگر راہنماؤں نے اپنے طور فوج کی ہمدردیاں حاصل کرنے کی کوشش ضرور کی مگر انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔الطاف حسین سمیت ساری دنیا جانتی ہے کہ پاک فوج کا ذیلی ادارہ آئی ایس آئی دنیا بھر میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر ایک مقام رکھتا ہے سو میرے ذاتی خیال میں اسے اپنے دشمن اور دوست کی تمیز کرنے کی اہلیت الطاف حسین صاحب سے تو شائد لاکھوں کروڑوں گنا زیادہ ہو گی۔اب پنجاب یونیورسٹی میں جماعت اسلامی کی طلبا ء تنظیم اسلامی جمعیت طلبا کی وہاں کوئی کھٹ پٹ ہوئی تو سیدی الطاف حسین احمد نے ایک بار پاکستان ، نظریہ پاکستان اور تحفظ پاکستان کا راگ الاپنا شروع کردیا ، یقین کیجئے بعض اوقات الطاف حسین اور اس کے فرماں برداروں کے بیانات اپنی جگہ خود ایک لطیفہ ہوتے ہیں اور حسب حال کے عزیزی جتنا لطف دیتے ہیں ۔ابھی کل ایک چینل پر جب ایم کیو ایم کے ایک لیڈر وسیم اختر صاحب کہہ رہے تھے کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے دھرنوں سے ملکی معیشت پر برا اثر پڑ رہا ہے تو پروگرام میں بیٹھے پی ٹی آئی کے ایم این اے اسد عمر کہنے لگے بھائی یہ آپ کہہ رہے جنہوں نے کراچی کی تاریخ میں جتنی ہڑتالیں کروائی ہیں وہ تو ورلڈ ریکارڈ بن سکتی ہیں۔ اب الطاف بھائی کے ذرا جماعت اسلامی اور جمعیت پر الزامات کو دیکھیں تو لگتا ہے جماعت اسلامی القائدہ سے بڑی دہشت گرد تنظیم ہے اور اگر اس پابندی نہ لگی تو اس کرہ ارض پر بسنے والے ہر فرد کی جان کو خطرہ ہے ۔ جماعت اسلامی ملک دشمن ہے ، اس کے طالبان اور القائدہ سے روابط ہیں ،اس کے کارکنان وہاں جہاد میں مصروف ہیں ، جماعت اسلامی قیام پاکستان کی مخالف ہے ، نظریہ پاکستان کو اس سے شدید خطرہ ہے ۔ جب الطاف بھائی پورے \"زورشور\" سے ٹی وی اپنے ارشادات عالیہ سے اپنے معتدقین کو نواز رہے تھے مجھے رہ رہ کر خیال آرہا تھا کہ جماعت اسلامی پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے الطاف بھائی سے اگر کوئی سر پھراپوچھنے کی جرات کر ڈالے کہ مزار قائد پر قومی پرچم کس نے جلایا تھا۔الطاف بھائی آج لندن میں بیٹھ کر اپنی حب الوطنی اور فوج سے محبت کا راگ الاپ رہے ہیں لیکن یہ بات بھی کسی سے پوشیدہ نہیں کہ انہوں نے برطانوی وزیراعظم کو پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی کے خلاف خط لکھ کہ ان اداروں کوکمزورکرنے کی کوشش کی ، الطاف حسین کی جانب سے بھارت میں جا کر قیام پاکستان کو ایک بڑی غلطی قرار دینا اور پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنا بھی تاریخ کا حصہ اور ریکارڈپر موجود ہے۔پاکستان کے اٹھارہ کروڑ عوام ،ارباب اختیا ر اور مقتدر حلقے بھی اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ بھائی لوگ پولیس اور رینجرز اہلکار وں کے قتل میں ہی نہیں بلکہ فوجی افسروں اوراہلکاروں کے اغواء میں بھی ملوث ہیں ۔ ان کی تو پوری تاریخ ہی دہشت گردی ، قتل و غارت گری اور بوری بند لاشوں سے بھری پڑی ہے ، ان کے احتجاج اور ہڑتالوں کے دوران شہرکراچی میں صرف ایک ہی دن میں درجنوں بسیں ‘ گاڑیاں ‘ ٹرک اور رکشہ ٹیکسی جلائے جاتے رہے اور سو ، سو بے گناہ شہری موت کے گھاٹ اتارے جاتے رہے ہیں ،میرے خیال میں اصل حقیقت یہ ہے کہ قومی خودمختاری اور آزادی کے ایشوز ، ڈورن حملوں اور نیٹو سپلائی کے خلاف جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کے دھرنوں اور احتجاج میں عوام کی شمولیت اور امریکہ کیخلاف رائے عامہ کے بیدار اور متحد ہونے اور اپنے تنظیمی اختلافات کے باعث یہ بوکھلاہٹ کا شکار جماعت اسلامی اور اسلامی جمعیت طلبہ اور پی ٹی آئی کے خلاف زہر اگل کر اپنے داخلی اختلاف اور باہمی چپلقش سے عوام کی توجہ ہٹا نا چاہتے ہیں۔ میرا خیال ہے الطاف بھائی چونکہ اب برطانوی ملکہ کی وفاداری کا حلف اٹھا چکے ہیں تو وطن ، حب الوطنی، نظریہ پاکستان ، ملک معشیت اورپاک فوج سے محبت جیسی باتیں ان کے منہ سے مضحکہ خیز لگتی ہیں ویسے ایک بات ہے الطاف بھائی"پاکستان کے عوام بھولے ضرور ہیں مگر اتنے بھی نہیں "

Mustafa Malik
About the Author: Mustafa Malik Read More Articles by Mustafa Malik: 12 Articles with 15601 views Journalist, Urdu Blogger,Columnist, Social Media Activist. Proud to be a Muslim & Patriot Pakistani.. View More