آن لائن سماجی روابط کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک اپنے
صارفین کو کسی پوسٹ پر افسوس یا دکھ کے اظہار کے لیے’سمپتھائز‘ کی آپشن
دینے پر کام کر رہی ہے۔
فیس بک پر اس وقت پیغامات پر ردعمل ظاہر کرنے کے لیے ’لائیک‘ کا بٹن موجود
ہے تاہم پیغام مثبت ہو یا منفی دونوں صورتوں میں اسے صرف ’لائیک‘ یا پسند
ہی کیا جا سکتا ہے۔
|
|
تاہم اطلاعات کے مطابق کمپنی نے اب اسی بٹن کو مخصوص حالات میں پسند کی
بجائے ہمدردی کا پیغام دینے کے لیے استعمال کرنے کی آپشن تیار کی ہے۔
فیس بک کے ایک انجینیئر نے کمپنی کے ایک پروگرام میں بتایا کہ اس بٹن کو
ایک اندرونی منصوبے کے تحت تیار کیا گیا ہے لیکن ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ
کمپنی کا فی الحال اسے جاری کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
یہ بات فیس بک کے ’كمپیشن ریسرچ ڈے‘ کے دوران سامنے آئی جس میں لوگوں اور
محققین سے رائے طلب کی گئی تھی۔
اس پروگرام کے سوال و جواب کے سیشن میں ایک سامع نے پوچھا کہ اگر صارف اپنے
لواحقین کی موت کی خبر پوسٹ کرتا ہے تو اسے ’لائیک‘ کرنا صحیح نہیں ہوگا تو
کیا فیس بک نے اس میں تبدیلی کی کوئی منصوبہ بندی کی ہے۔
اس پر فیس بک کے سافٹ ویئر انجینیئر ڈین موریلو نے کہا کہ کمپنی کے ایک
انجینیئر نے ایک ایسے منصوبے پر کام کیا ہے جس میں ’لائیک‘ کا بٹن بدل کر
’سمپتھائز‘ ہو جاتا ہے۔
|
|
موریلو نے بتایا کہ یہ بٹن ہر پوسٹ پر کام نہیں کرے گا لیکن اگر آپ اپنے
سٹیٹس میں ایک مخصوص فہرست سے کوئی ’اموشن‘ ٹیگ کرتے ہیں تو پھر اس پر
تبصرہ کرنے والوں کے لیے اس پر ’سمپتھائز‘ کر پائیں گے۔
انہوں نے کہا، ’اس منصوبے پر بہت سے لوگ کافی پرجوش تھے لیکن ہم نے فیصلہ
کیا کہ اسے جاری کرنے کا ابھی صحیح وقت نہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ یہ خیال کمپنی کے ’ہیکاتھون سیئر‘ پروگرام میں پیش کیا
گیا تھا۔
ہیكاتھون ایسی تقریبات ہیں جن کمپنی کے انجینیئر جمع ہو کر اور نئے خیالات
پر بات چیت کرتے ہیں۔
فیس بک چیٹ اور فرینڈ سجیسٹر جیسی خصوصیات کے ابتدائی خیالات بھی ایسی ہی
تقریبات میں سامنے آئے تھے۔ |