دبئی میں کھیلے گئے پہلے ٹوئنٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچ میں
پاکستان نے سری لنکا کو تین وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کی جیت میں
کلیدی کردار شاہد آفریدی کی کارکردگی نے ادا کیا۔
ڈوئچے ویلے کے مطابق شاہد آفریدی کی آل راؤنڈ پرفارمنس کے باعث پاکستان نے
مطلوبہ146رنز کا ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا جبکہ ابھی آخری
اوور کی پانچ گیندیں باقی تھیں۔ پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاہد آفریدی نے بیس
گیندوں پر 39 رنز اسکور کیے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اپنی اس اننگز کے دوران انہوں
نے تین چھکے اور دو چوکے مارے اور مین آف دی میچ بھی قرار پائے۔
|
|
میچ کے اختتام پر شاہد آفریدی کا کہنا تھا: ’’ میں خوش ہوں کے پاکستان جیت
گیا۔ میں بولنگ سے تو مطمئن ہوں لیکن میں اپنی بیٹنگ پر مزید توجہ دینا
چاہتا ہوں۔‘‘
اس سے قبل آفریدی نے ایک ایسے وقت پر نپی تلی بولنگ کا مظاہرہ کیا جب
اینجلو میتھیوز کسی بھی پاکستانی بولر کو خاطر میں نہیں لا رہے تھے۔آفریدی
نے اپنے چار اوورز میں بیس رنز دے کو ایک وکٹ حاصل کی۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 146رنز کا ہدف دیا
تھا۔ اس دوران اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ سری لنکن اننگز کی ابتدا
اچھی نہ تھی اور صرف نو رنز کے مجموعی اسکور پر دلشان تلک رتنے سات رنز بنا
کر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ سری لنکا کی اننگز کی خاص بات
میتھیوز کی نصف سنچری تھی۔ ٹی ٹوئنٹی میچز میں یہ ان کی دوسری نصف سنچری
تھی۔
|
|
پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے دو اہم سری لنکن کھلاڑیوں پریرا اور
سنگاکارا کو آؤٹ کیا۔ اس کے علاوہ سہیل تنویر نے دو اور شاہد آفریدی نے ایک
کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
فیلڈنگ کے دوران سری لنکا کی ٹیم نے انتہائی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ
کیا۔ لاہیرو تھرمین نے ان فارم پاکستانی بیٹسمین احمد شہزاد کا شاندار کیچ
اس وقت پکڑا جب وہ صرف چار کے اسکور پر تھے۔ اسی طرح دلشان تلک رتنے نے ایک
خوبصورت کیچ پکڑتے ہوئے شرجیل خان کو گراؤنڈ سے باہر بھیجا۔ ایک وقت پر
پاکستان کی 76 رنز پر 4 وکٹیں گر چکی تھیں۔ اس موقع پر مڈ وکٹ پر دنیش چندی
مال نے ملنگا کی گیند پر عمر امین کا شاندار کیچ پکڑا۔
متحدہ عرب امارات میں کھیلی جا رہی اس سیریز میں پاکستان اور سری لنکا دو
ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلیں گے۔ اس کے علاوہ پانچ ایک روز میچز اور تین ٹیسٹ بھی
سیریز میں شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا ٹی ٹوئنٹی 13 تاریخ کو
کھیلا جائے گا۔ |