سبزیوں کی خصوصیت اور غذائی اہمیت

سبزیات انسانی غذا میں بہت اہم مقام رکھتی ہیں کیونکہ ان میں وہ تمام اجزاءپائے جاتے ہیں جو اکثر اجناس میں بہت قلیل مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ سبزیات میں لحمیات، حیاتین اور معدنی اجزاءبکثرت پائے جات ہیں جو انسانی جسم میں مختلف افعال کو درست رکھنے میں معاون ہوتے ہیں۔ سبزیوں کا استعمال براہ راست سلاد کی شکل میں یا ابال کر یا ہنڈیا میں پکا کر یا کچھ سبزیات مصالحہ جات کے طور پر استعمال کی جاتی ہیں جن سے نہ صرف خوراک کو خوش ذائقہ بنایا جا سکتا ہے بلکہ ان کی غذائی اور طبی اہمیت بھی مسلمہ ہے۔ سبزیات میں موجود کچھ اجزاءجسم میں بیماری کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتے ہیں،ہمارے جسم کی نشوونما اور بڑھوتری میں معاون ہوتے ہیںاور انسانوں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتے ہیں۔ سائنسدان سبزیوں کو حفاظتی خوراک (Protective Food) کا نام دیتے ہیں کیونکہ ان کا مناسب مقدار میں باقاعدہ استعمال انسان کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ خوراک میں سبزیوں کے کم استعمال کی وجہ سے جسم میں خون کی کمی ہو جاتی ہے۔ سبز پتوں والی سبزیوں (پالک، سرسوں کا ساگ اور میتھی) میں معدنی نمکیات لوہا، چونا اور فاسفورس کافی مقدار میں موجود ہوتے ہیں جو جسم میں خون کی کمی، ہڈیوں اور دانتوں کی کمزوری کو دور کرتے ہیں۔ کچھ سبزیوں (پیاز اور لہسن) میں ایسے کیمیائی مرکبات موجود ہوتے ہیں جو شریانوںمیں فالتو چربی کو جمنے نہیں دیتے اور اسے تحلیل کرنے کی قدرتی صلاحیت رکھتے ہیں جس کی وجہ سے انسان دل کی بیماریوں سے محفوظ رہتا ہے۔سبزیاں زود ہضم اور ریشہ دار ہونے کی وجہ سے انسانی جسم سے تمام فاسد مادوں کو نکال باہر کرتی ہیں۔

پاکستان میں کل کاشتہ رقبہ کے 2.8 فیصد رقبہ پر سبزیات کاشت کی جاتی ہیں۔ سبزیوں کے کل کاشتہ رقبہ کا 50 فیصد او رپیداوار کا 60 فیصد پنجاب سے حاصل ہوتا ہے۔ پنجاب میں 36 سبزیات موسم گرما و سرما میں کاشت کی جاتی ہیں۔ سردیوں کی سبزیوں میں گاجر، مولی، شلجم، میتھی، پالک، سرسوں، پھول گوبھی، بند گوبھی، مٹر، آلو، ادرک اور لہسن وغیرہ جبکہ گرمیوں کی سبزیوں میں کدو، ٹینڈا، کریلا، بھنڈی، بینگن ، بعض سبزیوں (آلو، شکرقندی، کچالو) میں نشاستہ کافی مقدار میں پایا جاتا ہے اور یہ سبزیاں دیگر اجناس خوردنی مثلاً گندم، مکئی اور چاول وغیرہ کی نسبت پیداوار بھی زیادہ دیتی ہیں۔ اسی بناءپر ان سبزیوں کا استعمال بڑھا کر ہم گندم، مکئی او ر چاول کے استعمال کو کم اور خوراک کی کمی کے مسئلہ کو آسانی سے حل کر سکتے ہیں۔سبزیوں کی برداشت کے دوران یا بعد میں کاشتکاروں،دوکانداروں اور گھروں میں سبزی پکانے والوں کی لا علمی کی وجہ سے سبزیات کی بہت ساری غذائیت ضائع ہو جاتی ہے۔ اس لئے ہر ممکن کوشش کریں کہ کھانے کے وقت تک سبزیوں میں زیادہ سے زیادہ غذائیت برقرار رہے تاکہ ہم سبزی کے صحیح ذائقہ سے لطف اندوز ہو سکیں اور سبزی کی دیگر تمام خوبیوں کا فائدہ اٹھا سکیں۔

سبزیوں کی غذائیت برقرار رکھنے کےلئے سبزیوں کی مختلف نقصان رساں کیڑوں اور بیماریوں کے حملہ سے بروقت بچائیں تاکہ سبزیوں کی پیداوار بھی متاثر نہ ہو اور غذائیت بھی برقرار رہے۔کیڑوں اور بیماریوں کے انسداد کےلئے نئی تحقیق شدہ جدید دوائیں استعمال کریں۔ ایسی زہروں کا استعمال کریں جن کا اثر 24 گھنٹے سے زائد نہ ہو۔ سپرے شدہ سبزیوں کواچھی طرح دھو کر استعمال کریں۔ کھیرا، تر ککڑی، ماہڑو، سبز ٹینڈی، مٹر، ٹینڈہ، بھنڈی، توری، کریلا اور کدو وغیرہ کو بروقت برداشت کریں۔ سبزیات کی برداشت شام کے وقت کریں۔سبزیوں کو پتوں اور چھلکوں سمیت پکائیں کیونکہ بعض سبزیوں کے پتوں اور چھلکوں میں لحمیاتی اجزاءاور حیاتین سبزی سے تین سے چار گنا زیادہ موجود ہوتے ہیں۔ سبزیوں کو اپنے ہی پانی میں ہلکی آنچ پر پکائیں اور پکنے کے دوران سبزی کو چمچے سے زیاد نہ ہلائیں کیونکہ اس طرح حیاتین کی مقدار ضائع ہو جاتی ہے ۔ سبزی پکانے والے برتن کو قلعی شدہ اور صاف ستھرا رکھیں اور سبزی پکاتے وقت میٹھے سوڈے کا استعمال نہ کریں اس سے سبزیوں کی غذائیت متاثر ہوتی ہے ۔ کاشتکاروں اور گھریلو خواتین کو چاہئے کہ وہ جدید زرعی سفارشات پر عمل کر کے سبزیات میں موجود غذائی اجزاءکو برقرار رکھیں اور اپنی روز مرہ خوراک میں غذائیت سے بھر پور سبزیات کے استعمال کو بڑھائیں۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

syed faqirullah shah
About the Author: syed faqirullah shah Currently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.