ریاض الدین اور ہمارا المیہ

امریکی جریدے نیوز ویک نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستان کے جوہری پروگرام کا آغاز کرنے والے اور ایٹم بم کا ڈیزائن تیار کرنے والے ماہر طبیعات ریاض الدین رواں برس ستمبر میں 82 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ، سائنس کی بین الاقوامی تنظیموں نے تو طبیعات کے شعبے میں ان کے کردار کی تعریف کی ،لیکن پاکستان میں محض کچھ اخبارت میں چند سطروں کے سوا عمومی طور پر ان کے انتقال کا نوٹس نہیں لیا گیا ۔

نیوز ویک کا یہ شکوہ بجا ہے ۔ کس قدر افسوس ناک بات ہے کہ ریاض الدین ایسے عظیم سائنسدا ن کی وفات کا علم ہمیں بھی 30 نومبر کو ہوا ، اگر چہ ان کا انتقال 9 ستمبر کو ہو چکا تھا۔ بد قسمتی سے وطن ِ عزیز میں ابتدا ہی سے اہل ِ علم اور محسنوں کی خاطر خواہ قدر نہیں کی گئی۔ ہمارے کئی المیوں میں سے ایک افسوس ناک المیہ یہ بھی ہے ۔وجہ "قحط العلم" ہے۔ جب علم ہی نہیں ہوگا تو علم والوں کی قدر کیوں کر کی جائے گی !!

طبعیات کےنامور نظری سائنس دان ریاض الدین 10 نومبر 1930 ء کو انڈیا کے شہر لدھیانہ میں پیدا ہوئے ۔انھوں نے 1959 ء میں کیمبریج یونی ورسٹی (برطانیہ) سے تھیوریٹکل پارٹیکل فزکس میں پی ۔ ایچ ۔ ڈی کی ۔اپنی کار کردگی کے بل بوتے پرانھوں نے گولڈ میڈل ، تمغہ امتیاز ، ستارہ ِ امتیاز ، ہلال ِ امتیاز جیسے اعزازات بھی حاصل کیے ۔انھوں نے سائنسی موضوعات پر 13 کتابیں بھی تصنیف کیں۔ان کا سب سے بڑا کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے وطن ِ عزیز کے ایٹمی ہتھیاروں کے اولین نظری اور ریاضیاتی خدو خال وضع کیے ۔ دیکھا جائے تو یہ ایک بہت بڑی خدمت ہے ۔ جس کی جتنی تعریف کی جائے ، کم ہے ۔ایک استاد کی حیثیت سے بھی انھوں نے ملکی اور غیر ملکی درس گاہوں میں تعلیمی خدمات سر انجام دیں ۔جن میں پنجاب یونی ورسٹی اور قائد ِ اعظم یونی ورسٹی قابل ِ ذکر ہیں ۔ریاض الدین کے تذکرے میں نوبل انعام یافتہ پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر عبد السلام کا ذکر نہ کرنا نا انصافی ہو گی۔ یہ ڈاکٹر عبد السلام ہی تھے ، جنھوں نے ہر لمحے ریاض الدین کی رہنمائی کی ۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی "محسنوں کی بے توقیری" کی روش ترک کریں۔یہ جملہ ہم نے کئی بار سنا ہے کہ زندہ قومیں اپنے محسنوں کو یاد رکھتی ہیں ، لیکن ہم نے اس جملے پر نہ کبھی غور کیا اور نہ کبھی عمل کیا ۔اگر یہ ہی ریاض الدین مغربی ہوتے تو کئی کئی دنوں تک جگہ جگہ سے اظہار ِ افسوس کی صدائیں بلندہوتیں ، اور ایک ہی سال میں ریاض الدین کے کام کے حوالے سے کئی مشن شروع ہو جاتے !!!
 
Naeem Ur Rehmaan Shaaiq
About the Author: Naeem Ur Rehmaan Shaaiq Read More Articles by Naeem Ur Rehmaan Shaaiq: 122 Articles with 159070 views میرا نام نعیم الرحمان ہے اور قلمی نام نعیم الرحمان شائق ہے ۔ پڑھ کر لکھنا مجھے از حد پسند ہے ۔ روشنیوں کے شہر کراچی کا رہائشی ہوں ۔.. View More