چین میں ڈاکٹروں نے ایک شخص کا ہاتھ بچانے کے لیے اسے
عارضی طور پر اس کے ٹخنے سے جوڑ دیا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شیاؤ وئے نامی اس شخص کا ہاتھ کام کے دوران
حادثے میں کٹ گیا تھا اور اسے فوری طور پر واپس بازو کے ساتھ جوڑنا ممکن
نہیں تھا۔
|
|
وئے کے ہاتھ کو زندہ رکھنے کی غرض سے اور عارضی طور پر خون کی فراہمی جاری
رکھنے کے لیے اسے ٹخنے سے جوڑ دیا گیا ہے۔
ایک ماہ بعد ڈاکٹر اس قابل ہوں گے کہ ان کے ہاتھ کو ٹانگ سے الگ کر کے واپس
بازو کے ساتھ منسلک کر دیں گے۔
اطلاعات کے مطابق چانگ شا نامی علاقے کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ شیاؤ وئے کے
کئی آپریشن ہوں گے لیکن وہ پر امید ہیں کہ ان کا ہاتھ دوبارہ مکمل طور پر
فعال ہو جائے گا۔
|
|
حادثے میں شیاؤ وئے کا ہاتھ کٹنے کے علاوہ ان کا بازو بھی کچلا گیا ہے۔ اس
کے لیے پہلے اسے مناسب حالت میں لانا ضروری ہے، جس کے بعد ہی ہاتھ کو اس سے
جوڑا جائے گا۔
جسم کے کسی حصے کو محفوظ رکھنے کے لیے اسے جسم پر کسی اور جگہ جوڑ دینا اب
معمول کی بات ہے۔ تاہم اس کے لیے عموماً بغل کا انتخاب کیا جاتا ہے کیونکہ
وہاں خون کی روانی بہتر ہوتی ہے۔ |