دنیا میں اگر صرف پیاز ہو تب بھی انسان فائدے میں

پیاز جس کی قیمتیں اکثر آسمان کو چھونے لگتی ہیں اور اسے خریدتے وقت سبھی کے آنسو نکل رہے ہوتے ہیں٬ کے کئی فائدے بھی ہیں یہی وجہ ہے کہ پیاز نہ صرف غذا بلکہ دوائی کا بھی کام کرتا ہے۔ اس قدیم سبزی کے بارے میں سب سے چونکا دینے والی اور دلچسپ بات ہے کہ پیاز میں اتنی خوبیاں ہیں کہ دنیا بھر کے سائنس داں اور ماہرین صحت وطب کا دعویٰ ہے کہ اس دنیا سے اگر تمام سبزیاں اور پودے غائب ہو جائیں اور صرف پیاز رہ جائے تب بھی انسان نقصان میں نہیں رہے گا۔ پیاز بھی لہسن کی طرح غذا کا بنیادی جز ہے اور پیاز کا استعمال بطور دوا بھی کیا جاتا ہے۔ پیاز روز مرہ زندگی میں کثرت سے استعمال کیا جاتا ہے اور یہ تمام کھانوں کے لئے ایک بنیادی حیثیت ہی نہیں رکھتا بلکہ دوا کے طور پر بھی نہایت ہی مفید ہے۔ پیاز کا استعمال قدیم مصر کے لوگ تین ہزار قبل مسیح کرتے تھے۔ اور پیاز کے پودے کو ان کی عبادت میں ایک خاص اہمیت حاصل تھی۔ قدیم مصر میں پیاز کو بیماریوں سے بچاؤ کرنے والی سبزی کہا جاتا تھا۔ یہ ایک عام سبزی ہے لیکن اس کے بنا بہت سے کھانے نہیں بنائے جاسکتے۔ ’ پیاز ‘ کھانوں کا ذائقہ ہی نہیں بڑھاتی بلکہ یہ صحت کی محافظ بھی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق خواتین حضرات اور بچوں کے تقریباً تین ہزار امراض ایسے ہیں جن میں پیاز کا استعمال فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ پیاز کی تاثیر بعض تکلیف دہ امراض میں ایسی سود مند ثابت ہوتی ہے۔ کہ جدید اور قیمتی ادویات کی بھی ضرورت نہیں پڑتی۔ پیاز کے کیمیائی تجزیئے سے معلوم ہوا ہے کہ اس میں حیاتین اور دیگر صحت بخش عناصر کثیر تعداد میں موجود ہیں ۔ پیاز ہیضہ اور طاعون کی وباء کے زمانے میں بطور غذا استعمال کرنا نہایت ہی مفید ہے۔ کہا جاتا ہے کہ کسی دوسرے ملک میں داخل ہونے کے بعد سب سے پہلے وہاں کی پیاز کھا لینی چاہئے۔ اس سے یہ فائدہ ہوتا ہے کہ اگر اس ملک میں کوئی وبا پھیلی ہوئی ہے تو اس سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔
 

image


برطانیہ میں مختلف تحقیقات کے ذریعہ ثابت ہو چکا ہے کہ پیاز کا مسلسل استعمال دل کے امراض ہونے سے روکتا ہے فرانس میں پیاز کا سوپ بہت شوق سے پیا جاتا ہے ۔ فرانس میں 1912سے اب تک مسلسل پیاز کے فوائد وخواص پر تحقیق کی جا رہی ہے اور اب تک فرانس کے محققین نے پیاز پر 500 سے زائد کتابیں رسائل اور تحقیقی مقالے مرتب کئے ہیں۔

پیاز کی دنیا بھر میں 32 اقسام دریافت ہو چکی ہیں۔ یہ سفید، سرخ، سبز ، زرد رنگوں کے علاوہ دیگر رنگوں میں بھی پائی جاتی ہے۔

پیاز کا سوپ یا کچی پیاز ، فلو، بخار، نزلے، زکام میں بہت فائدہ مند ہے۔ بند نزلے کو کھولنے میں پیاز مدد دیتی ہے۔ پیاز دل کے مریضوں کے لئے بھی بہت مفید ہے یہ خون کو منجمد ہونے سے روکتی ہے۔ اس میں ایک قدرتی خصوصیت ہوتی ہے جس کے ذریعہ وہ خون کے Clots کو تحلیل کر کے خون کو گاڑھا ہونے سے بچاتی ہے جس کی وجہ سے دل کے دورے سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔

پیاز میں جراثیم سے جنگ کرنے کی خاص صلاحیت ہوتی ہے۔ میڈیکل تحقیق سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ پیاز میں موجود تیز خوشبو ایک خاص قسم کے تیل کی وجہ سے ہوتی ہے ۔ جس میں سلفر ہوتا ہے۔ سلفر کے عنصر میں ایسا عمل پایا جاتا ہے۔ جو اینٹی بائیوٹک کا کام انجام دیتے ہیں اگر ہم روز مرہ غذا میں کچی پیاز استعمال کریں تو اینٹی بائیوٹک کے بعد کے اثرات سے محفوظ رہ سکتے ہیں اور بخار کھانسی زکام کے لئے جو اینٹی بائیوٹک دی جاتی ہے اس سے بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔ پیاز کے استعمال سے جسم میں قوت مدافعت پیدا ہوتی ہے۔

قدیم زمانے میں بیماری کے دنوں میں پیاز کو تکیہ کے نیچے رکھا جاتا تھا۔ لوگ پیاز کے ہار بنا کر گلے میں پہنتے تھے۔ پیاز اور لہسن کو کمروں کے دروازوں کے اوپر لٹکایا جاتاتھا تاکہ بیماریاں داخل نہ ہوں۔
 

image

پیاز میں موجود امینوایسڈ ’سلفر‘ Glycorides میں جراثیم کش صلاحیت پیدا کرتے ہیں اور پیاز کو بہترین اینٹی سیپٹک کہا جاتا ہے۔ پیاز میں معدنی اجزاء مثلاً کیلشیم ’ آئرین اور فاسفورس و افر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔ گردے کے درد اور پائیوریا وغیرہ کے لئے پیاز کے عرق پر مشتمل بہت سی دوائیں ’ فرانسیسی ڈاکٹروں نے ایجاد کی ہیں۔

مہلک اور خراب زخموں کو حیرت انگیز طریقے پر ختم کرنے کی قدرتی صلاحیت پیاز میں موجود ہوتی ہے۔ پیاز میں نشاستہ اور پروٹین بھی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔ جو انسانی صحت کے لئے بے حد ضروری اجزاء ہیں۔

پیاز کو پیس کر اس کا لیپ بالوں پر لگانے سے سیاہ بال اگنے شروع ہو جاتے ہیں ۔ بدن پر سیاہ داغ ہوں تو ان پر پیاز کا عرق لگاتے رہنے سے سیاہ داغ ختم ہو جاتے ہیں۔

پیاز کا عرق آدھا چھٹا نک صبح صبح نہار منہ پیتے رہنے سے گردے اور مثانے کی پتھری خارج ہو جاتی ہے۔ پیاز کا عرق چند قطرے کان میں ٹپکانے سے کان کا درد ختم ہو جاتا ہے۔ گٹھیا کےلئے پیاز کا عرق اور رائی کا تیل ملا کر جوڑوں پر مالش کرنے سے درد کو آرام ہوتا ہے۔ پیاز، ہیضہ سے محفوظ رکھنے کی نہایت عمدہ اور آسان تدبیر ہے۔ بچھو اور بھڑ کے کاٹنے پر پیاز کا عرق لگانے سے زہر کا اثر زائل ہو جانے کے ساتھ درد بھی ختم ہو جاتا ہے۔

پیاز کو دہی کے ساتھ کھانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پیاز کو کاٹ کر پانی سے دھو کر دہی میں ڈالا جائے اور روٹی کے ساتھ بطور رائتہ استعمال کی جائے تو لو سے محفوظ رہیں گے ۔ پیاز کو ہاتھ میں تھام لینے سے بھی لو نہیں لگتی ہے۔
 

image

پیاز کو خوب صورتی میں اضافہ کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس کا جوس چہرے کو صاف کرنے کے لئے کلینرز کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ پیاز کے عرق کو شہد اور سفید موم کے ساتھ ملا کر چہرے پر لگانے سے جھریاں ختم ہو جاتی ہیں۔ پیاز کا عرق ’ دھوپ سے جلی ہوئی جلد کو بھی ٹھنڈک پہنچاتا ہے۔

پیاز کا عرق یا کچی پیاز ہاضمہ درست رکھتی ہے۔ جس کی وجہ سے رنگ نکھر جاتا ہے۔ غذا میں پیاز کو بہت زیادہ اہمیت دینی چاہئے۔ کیونکہ پیاز ایک ایسی سبزی ہے جو گھروں میں بیماریوں کی روک تھام کے لئے بے حد ضروری ہے۔

پیاز کھانےسے بلڈ پریشر کنٹرول میں رہتا ہے اور اس کا متواتر استعمال کولیسٹرول کو قابو میں رکھتا ہے۔ پیاز دل کی بیماریوں سے بچاتا ہے۔ اور اس کے متواتر استعمال سے کینسر جیسے موذی مرض سے بچا جا سکتا ہے۔

پیاز پھپیپڑوں کے نظام کو بہتر طریقے سے کام کرنے میں مدد کرتا ہے۔ خاص طور پر ان افراد میں جو دمہ کے مرض میں مبتلا ہوں۔ پیاز کئی موسمی انفیکشنز سے بھی بچاتا ہے۔ پیاز کو اپنی روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے سے ذیابیطس ہونے کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

خواب آور گولیوں سے پیچھا چھڑانے کے لیے اگر پیاز کا شوربہ چند روز استعمال کریں تو کم خوابی کی شکایت دور ہو جائے گی۔

پیاز کی تیز خوشبو جو زیادہ تر لوگوں کو پسند نہیں ہوتی ہے لیکن یہ پیاز کی افادیت کی ضامن ہے۔ جتنی تیز بو ہوگی اتنی ہی زیادہ پیاز فائدے مند ہوگی۔ کچی پیاز کھانے کے بعد نمک ملے پانی سے کلیاں کر لینے سے پیاز کی بو ختم ہو جاتی ہے۔ کچی پیاز کھانے کے بعد ہرے دھنئے یا پودینے کی چند پتیاں کھانے سے بھی پیاز کی بو منہ میں سے ختم ہو جاتی ہے۔

ہاتھوں سے پیاز کی بو دور کرنے کے لئے پانی میں نمک ملا کر ہاتھوں پر ملنے سے بو باقی نہیں رہتی ۔پیاز میں موجوبیماریوں سے بچاؤ کی خصوصیات اس کے استعمال کو ہر گھر کی اہم ضرورت بنا د یتی ہیں۔ آپ بھی روز مرہ کے کھانوں میں پیاز کا سلاد ضرور شامل کریں اور پھر اس کے حیران کن نتائج دیکھیں۔

Disclaimer: All material on this website is provided for your information only and may not be construed as medical advice or instruction. No action or inaction should be taken based solely on the contents of this information; instead, readers should consult appropriate health professionals on any matter relating to their health and well-being. The data information and opinions expressed here are believed to be accurate, which is gathered from different sources but might have some errors. Hamariweb.com is not responsible for errors or omissions. Doctors and Hospital officials are not necessarily required to respond or go through this page.

YOU MAY ALSO LIKE:

Almost everyone knows that onions are very important for health. Onion is a daily must have which helps you stay away from many infections and diseases. If you are sick and you are looking for a quick heal medicine, then onions are your best option.