|
عالمی حدت کے خطرے کو اجاگر کرنے کی مہم کے حوالے سے دنیا
بھر میں مختلف شہروں اور قصبوں میں ایک گھنٹے کے لیے روشنیاں گُل کی جا رہی
ہیں۔
آسٹریلوی شہر سڈنی اس برس کی مہم میں
شامل پہلا بڑا شہر ہے جہاں’ارتھ آور‘ کے حوالے سے شام آٹھ بجے (برطانوی وقت
کے مطابق صبح نو بجے) اوپیرا ہاؤس اور سڈنی ہاربر برج کی بتیاں بجھا دی گئیں۔
سڈنی کے بعد بنکاک، ٹورنٹو اور شکاگو
سمیت ستائیس شہر ایسے ہیں جہاں مقامی وقت کے مطابق شام آٹھ بجے روشنیاں گُل
کر دی جائیں گی۔ ’ارتھ آور‘ کے تحت بتیاں بجھانے کا عمل گزشتہ برس سڈنی سے ہی
شروع کیا گیا تھا اور اس میں قریباً بیس لاکھ افراد نے حصہ لیا تھا۔ |
اس مرتبہ اس مہم میں انٹرنیٹ کمپنی گوگل بھی حصہ لے رہی ہے
اور اس نے علامتی طور پر اپنی ویب سائٹ کا پس منظر سیاہ کر دیا ہے۔
مہم کے منتظمین کو امید ہے کہ اس مہم میں
شریک نہ ہونے والے لندن اور روم جیسے شہر بھی اگر روشنیاں گُل نہیں کرتے تو
کم از کم دھیمی ضرور کر دیں گے۔ |
|