مسافر بردار طیارہ بنانے والی امریکی کمپنی بوئنگ نے ایک
ایسا سمارٹ فون تیار کیا ہے جو انتہائی خفیہ بات چیت کو محفوظ رکھ سکتا ہے
اور خود کو ناکارہ بھی بنا سکتا ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اگر اس فون کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی جاتی ہے، تو
یہ خود کو بیکار بنا دیتا ہے یعنی خود کشی کر لیتا ہے۔
|
|
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے وہ ان اداروں کی مدد کرنا چاہتی ہے جنھیں
اپنا کام کرنے کے لیے اعداد و شمار تک قابلِ اعتماد رسائی چاہیے۔
’بلیک‘ نامی یہ فون انتہائی محفوظ سمارٹ فونز کے روز افزوں بازار کا حصہ بن
گیا ہے۔
بارسلونا میں موبائل ورلڈ کانگریس میں تجارتی سرگرمیوں اور ذاتی ڈیٹا کو
محفوظ رکھنے کے پیش نظر اس بلیک فون کو پیش کرنے کا اعلان کیا گیا۔
واضح رہے کہ بوئنگ امریکی صدر سمیت کئی اعلیٰ امریکی حکام کو محفوظ مواصلات
فراہم کرتی ہے۔
بوئنگ کا ’بلیک‘ فون عام استعمال کے لیے نہیں ہے اور اب تک اس کی قیمت یا
بازار میں آنے کی تاریخ کا بھی پتہ نہیں ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے بنانے میں 36 ماہ لگے اور اس میں تازہ ترین موبائل
ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا گیا ہے۔
بوئنگ کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ فون میں دو سم کارڈ ہیں تاکہ سرکاری
اور تجارتی نیٹ ورک میں سے کسی ایک کو منتخب کیا جا سکے۔
|
|
یہ سمارٹ فون گوگل کے اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے اس ورژن کا استعمال کرتا ہے
جو بطور خاص اسی کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ بوئنگ نے اس میں اپنے سکیورٹی
ایپس بھی ڈالے ہیں۔
’بلیک‘ دوسرے فون سے سکیورٹی معاملے میں ہارڈ ویئر میں کی جانے والی تبدیلی
کی وجہ سے آگے نکل گيا ہے۔
امریکی وفاقی مواصلات کمیشن کو روانہ کیے جانے والے دستاویزات میں کمپنی نے
کہا ہے: ’بوئنگ کے بلیک فون میں کوئی بھی ایسا پرزہ نہیں ہے جس کی مرمت کی
جا سکے اور اس کی مرمت کرنے یا پرزے تبدیل کرنے کی کوئی بھی کوشش اس آلے کو
تباہ کر دے گی۔‘
کمپنی نے کہا: ’بوئنگ بلیک کو ایک مہر بند آلے کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔
اسے چاروں طرف سے ایپاكسي (انتہائی مضبوط قسم کے گوند) اور پیچ سے بند کیا
گیا ہے اور ان کے سرے ٹیمپر پروف خول یا غلاف سے ڈھکے ہوئے ہیں تاکہ اسے
کھولنے کی کسی بھی کوشش کا پتہ چل سکے۔‘
کمپنی کے مطابق ’اس کے خول کو توڑ کر کھولنے کی کوئی بھی کوشش اس عمل کو
متحرک کر دے گی جس سے ڈیٹا اور سافٹ ویئر از خود ڈیليٹ ہو جائیں گے اور فون
ناکارہ ہو جائے گا۔‘
فون کے ہارڈ ویئر میں بايومیٹرک سینسر، سیٹلائٹ رسیور یا سولر پینل شامل
کیے جا سکتے ہیں۔
|