وظائف برائے خیر و برکت

ہماری ویب پر روحانی علاج سے متعلق چند مفصل مضامین پہلے سے شائع کر چکا ہوں ۔ اب ارادہ ہے کہ قرآن و سنت کی روشنی میں روحانی امراض و مسائل سے نجات کے لئیے اختصار کے ساتھ علاج بالقرآن ، نفیاتی و ذہنی مسائل اور روز مرہ کی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کا آسان حل بھی یہاں شائع کیا جائے۔ اس مقصد کے پیش نظر آج کچھ وظائف پیش کر رہا ہوں۔ علماء حقہ اور سلف صالحین کا ان وظائف پر پورا یقین ہے۔ سلسلہ عالیہ قادریہ رضویہ میں یہ وظائف رائج ہیں جو کہ مکمل طور پر احادیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم، اولیائے کاملین کے فرامین اور اسمائے حسنٰی پر مبنی ہیں۔

جو کوئی بھی ان وظائف کو اپنی زندگی میں ہمیشہ کے لئیے اختیار لے گا اللہ کریم اسے دنیا میں پیش آنے والی ہر مشکل سے نجات عطا فرما دے گا۔ مالی، قانونی، روحانی و نفسیاتی، علمی ترقی اور حاسدین و دشمنان سے حفاظت بھی ہو گی۔ ذلت و رسوائی سے حفاظت اور عزت و منزلت بھی ملے گی ۔ اسی طرح اگر کسی جائز حاجت میں کوئی رکاوٹ یا بندش ہو تو وہ بھی دور ہو انشاء اللہ عزوجل۔

میں اپنے مشائخ کی تعلیمات کی روشنی میں اپنے سبھی احباب کو یہی وظائف دیتا ہوں، قدر والے خوب نوازے جاتے ہیں اور جو محروم رہ جائیں وہ احوال پر غور کریں۔

وظائف درجِ ذیل ہیں۔
1- نماز فجر کے بعد یا پہلے ایک سو مرتبہ کلمہ طیّبہ اس طرح پڑھیں۔ لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ۔ صلی اللہ علیہ والہ واصحابہ وسلم۔ ( اس طرح کلمہ کے ساتھ ساتھ درود شریف بھی پڑھا جائے گا) ۔ اس کے بعد ایک سو بار تیسرا کلمہ۔ پھر آخری تینوں قل تین تین بار۔
2- نمازِ مغرب کے بعد ایک بار سورہ واقعہ۔ گھر کا کوئی ایک فرد پڑھے اور باقی سنیں تو بھی ٹھیک ہے۔ رزق کی کمی، فاقہ سے نجات، رحمت کا نزول، گھر میں اتفاق و برکت اور شیاطین سے حفاظت ہو انشاء اللہ عزوجل۔
3- نمازِ عشاء کے بعد ایک سو بار درود شریف۔ اس کے بعد ایک سو بار استغفر اللہ الذی لا الہ الا ھو الحی القیوم و اتوب الیہ۔
4- پانچوں نمازوں کے بعد پڑھے جانے والے وظائف۔ فجر کے بعد 100 بار یا عزیز یا اللہ، ظہر کے بعد 100 بار یا کریم یا اللہ، عصر کے بعد 100 بار یا جبؔار یا اللہ، مغرب کے بعد 100 بار یا ستؔار یا اللہ اور عشاء کے بعد 100 بار یا غفؔار یا اللہ۔

اوراد و وظائف کا اثر تب ہو تا ہے جب جسمانی طہارت کا مکمل اہتمام ہو، فرائض عبادات میں کوئی کوتاہی نہ ہو پھر نفلی عبادات کا فائدہ ہو گا۔ اسی طرح دل میں روحانیت پیدا کرنی ہو تو ہمہ وقت با وضو رہئیے، جھوٹ غیبت، فتنہ و فساد، حقوق العباد کی خلاف ورزی سے بچئیے۔ درود سلام سب سے آسان و مقبول وظیفہ و عبادت ہے، اس کی کثرت ہو تو دعائیں بھی قبول ہوں گی۔

فی سبیل اللہ روحانی خدمات کے حصول کے لئیے ای میل، فیس بک پیج اور سکائپ کے ذرائع سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
ہمارا ای میل: [email protected]
ہمارا فیس بک پیج: www.facebook.com/iftikharulhassan.rizvi
ہمارا سکائپ: rizvionline.com

Iftikhar Ul Hassan Rizvi
About the Author: Iftikhar Ul Hassan Rizvi Read More Articles by Iftikhar Ul Hassan Rizvi: 62 Articles with 246386 views Writer and Spiritual Guide Iftikhar Ul Hassan Rizvi (افتخار الحسن الرضوی), He is an entrepreneurship consultant and Teacher by profession. Shaykh Ift.. View More