پاکستان کرکٹ بورڈ آخر کار ’بگ تھری‘ کی مشروط حمایت پر
رضامند ہوگیا ہے۔چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے بقول، بورڈ نے بگ تھری کی
حمایت کے عوض پاکستان میں آئندہ نو سالوں تک انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کی شرط
رکھی ہے۔
دنیائے کرکٹ کے منتظم عالمی ادارے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے
رکن ممالک میں شامل پاکستان وہ واحد ملک ہے، جس نے ابھی تک آئی سی سی میں
اصلاحات کے اس منصوبے کی منظوری نہیں دی ہے۔ اس مجوزہ منصوبے کے تحت زیادہ
تر اختیارات بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے پاس چلے جائیں گے۔
|
|
ڈوئچے ویلے کی رپورٹ کے مطابق یہ اصلاحاتی منصوبہ آئی سی سی کی رواں برس
فروری میں سنگاپور ميں منعقدہ ایک میٹنگ میں متعدد رکن ممالک نے منظور کر
لیا تھا۔ اس وقت سری لنکا اور پاکستان نے اپنی رائے محفوظ رکھی تھی۔ تاہم
سری لنکا نے گزشتہ ماہ ’بگ تھری‘ کے حوالے سے معروف ہونے والی اس قرار داد
کو منظور کر لیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کونسل کی دبئی
میں منعقد کی جانے والی دو روزہ کانفرنس کے اختتامی دن بروز جمعرات
پاکستانی کرکٹ کونسل (پی سی بی) نے بھی اس کی تنظیم نو کی حمایت کا عندیہ
دے دیا ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ
پاکستان کرکٹ کونسل آئی سی سی کی اِس ترمیم شدہ قرار داد کی مشروط حمایت کا
اعلان کرتی ہے، جسے قبل ازیں تمام رکن ممالک متقفہ طور پر منظور کر چکے ہیں۔
پاکستانی کرکٹ بورڈ کے مطابق اس نئے اصلاحاتی مسودے پر اس وقت دستخط کیے
جائیں گے، جب پاکستان کو آئی سی سی کے تمام رکن ممالک بالخصوص بھارت کے
خلاف دو طرفہ سیریز کھیلنے کے مواقع فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جائے
گی۔ یہ امر اہم ہے کہ پاکستانی کرکٹ کونسل کو سب سے زیادہ ریونیوز اس وقت
ملتے ہیں، جب پاکستان اور بھارت مد مقابل ہوتے ہیں۔
پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں نے 2008ء کے بعد مکمل دو طرفہ سیریز نہیں
کھیلی ہے۔ اگرچہ پاکستان نے دسمبر 2012ء اور جنوری 2013ء کے دوران بھارت کا
دورہ کیا تھا اور محدود اووز کی ایک سیریز کھیلی تھی تاہم اس کوشش سے بھی
ان دونوں روایتی حریفوں کے مابین مکمل دو طرفہ سیریز شروع کرنے میں مدد
نہیں ملی تھی۔
|
|
جمعرات کے دن پاکستانی کرکٹ کونسل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بتایا کہ دبئی
ميں منعقدہ کانفرنس میں پاکستان کو یقین دلایا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کو
بھارت کے خلاف مکمل دو طرفہ سیریز کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
مقامی میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ شرط کے عوض بھارت بھی پاکستان آکر
کرکٹ کھیلنے پر یقین دہانی کرانے کو تیار ہے۔ |