دنیا کب چپ رہتی ہے

'دنیا کب چپ رہتی ہے، کہنے دے جو کہتی ہے' جس نے بھی لکھا بالکل درست لکھا کہ دنیا بمعنی (دنیا والوں) یعنی لوگوں کا کام تو بس دوسروں کے بارے میں کچھ نہ کچھ بولنا ہے کوئی نہ کوئی بات بنانا ہے چاہے غلط بات پر بولیں چاہے صحیح بات میں بولیں کچھ نہ کرو تو بھی کچھ کہنا ہے اور کچھ کرو تو بھی کچھ نہ کچھ ضرور کہنا ہے کہتے ہیں کہ زبان تلوار کی کاٹ رکھتی ہے جو کسی کو کسی کام کے لئے اکسا بھی سکتی ہے تو پسپا بھی کر سکتی اصل بات تو یہ ہے کہ جس کام کے لئے اکسایا جا رہا ہے وہ کرنا بہتر بھی ہے یا نہیں اور جس کام سے روکنے کے لئے کسی سے کچھ کہا جا رہا ہے وہ درست بھی ہے یا نہیں

دنیا بول بول کر آپ کے جس کام میں رکاوٹ ڈالنے کے لئے آپ کو آپکے مقصد سے ہٹانے کی کوشش کرتی ہے اب اس کی وجہ کیا ہے یہ تو کہنے والا ہی جانتا ہے جب کہ آپ کے دل میں کیا ہے یہ آپ ہی جانتے ہیں کچھ بھی کر گزرنے کی لگن آپ کو سرگرم عمل رکھتی ہے جبکہ بعض اوقات بہت سے لوگوں کی بہت سی باتیں اچھے بھلے اپنے راستے پر چلتے ہوئے انسان کو اس کی راہ سے بھٹکا بھی دیا کرتی ہیں

جبکہ وہ لوگ جو اپنے ارادوں میں اٹل ہوتے ہیں دنیا چاہے کچھ بھی کہتی رہے وہ اپنے مؤقف سے نہیں ہٹتے اور اپنے مشن کی تکمیل تک اپنے کام میں مگن رہتے ہیں جتھے رہتے ہیں کسی کہ کہنے میں آکر نہ ان کے قدم رکتے ہیں نہ ان کے ارادے جھکتے ہیں جب آپ نے اپنے دل میں یہ عزم کر ہی لیا ہے کہ آپ کو اپنی مطلوبہ منزل کو پانا ہے جو سوچا ہے اس پر عمل کر دکھانا ہے تو آپ کسی کے کہنے میں آ کر نہ متزلزل ہوں نہ پسپا ہوں نہ کوشش ترک کریں نہ راستہ تبدیل کریں بلکہ اپنے دل و ذہن کی گواہی و دلیل کے سہارے اپنے مقصد کو تکمیل اور اپنے خواب کو تعبیر دینے کے لئے کسی کے کہے سنے کی پرواہ کئے بغیر چلتے رہیں آگے بڑھتے رہیں یقیناً کامیابی کو اپ اپنا منتظر پائیں گے

یاد رکھیں وہ لوگ کبھی کامیاب نہیں ہوتے جو دوسروں کی کہی باتوں میں آ کر اپنے قدم روک لیتے ہیں وہ لوگ دنیا میں کبھی کامیاب نہیں ہوتے جو دنیا والوں کی باتوں کے ڈر سے اپنے دل کی لگن کو رد کر دیتے ہیں انسان وہی ہے جو اسکی روح ہے جو اس کا باطن کہ دل اور دماغ کا تعلق انسان کی روح سے ہے اور یہ روح ہی انسان کی زندگی ہے باقی سب تصنع ہے بناوٹ ہے

آپ کا مخاطب جب آپ سے کوئی بات کہتا ہے تو آپ نہیں جانتے کہ اس کے دل میں آپکے لئے کس قسم کے جذبات ہیں یا آپ سے کسی بھی معاملے میں کوئی بھی بات کہنے والا آپ سے کس حد تک مخلص ہے کہ محض باتیں ہی کسی کے خلوص کی ضمانت نہیں ہوا کرتیں بلکہ انسان کا انداز انسان کا عمل اور آنے والا وقت ثابت کر تا ہے کہ کون کتنے پانی میں ہے

دوسری طرف یہ بات بھی تسلیم شدہ ہے کہ انسان سب سے زیادہ اپنے آپ سے مخلص ہوتا ہے اور ہمیشہ یہی چاہتا ہے کہ ہر امتحان میں ہر میدان میں اور ہر مقصد میں بس ہمیشہ ایک وہی اول نمبر پر رہے ۔۔۔ باقی عقل مند کے لئے اشارہ ہی کافی ہے لہٰذا آپ اپنے بارے میں جب بھی کوئی فیصلہ کریں جب بھی کوئی مقصد حاصل کرنا چاہیں اپنے ذہن سے سوچیں اور اپنے دل سے وہ فیصلہ کریں جس پر دل اور دماغ باہم رضا مند ہو جائیں کہ آپ اپنی زندگی کے لئے اپنے مستقبل کے لئے زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے اگر دوسروں کی باتوں پر عمل کرنا شروع کر دیں گے تو کبھی اس خاص منزل کو نہیں پا سکیں گے کہ جس سمت آپ کا دل آپ کو لے جانا چاہتا ہے

اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کے آپ دوسروں کی بات بالکل ہی نہ سنیں یا دوسروں کی آپ کی زنگی میں کوئی اہمیت یا عمل دخل نہیں ہے کریں دوسروں سے بات ضرور کریں دوسروں کی بات ضرور سنیں لیکن فیصلہ وہی کریں جس پر آپ خود دل سے رضا مند ہیں اور آپ کا ذہن بھی جس بات کو مانتا ہو تسلیم کرتا ہو

چونکہ ہر انسان کا طرز فکر اور طرز عمل دوسرے انسان سے مختلف ہوتا ہے آپ جتنے لوگوں کی باتیں سنیں گے آپ کا دل اسی قدر مضطرب اور ذہن اسی قدر منتشر ہوتا چلا جائے گا کیونکہ عام طور پر ایسا ہوتا نہیں کہ بہت سے لوگ کسی ایک شے یا نظریے کے بارے میں مشترک رائے رکھتے ہوں بجائے اس کے کہ مختلف الخیال لوگوں کی مختلف باتیں اور مختلف نظریات آپ کو کسی حتمی فیصلے پر قائم رہنے میں پریشانی پیدا کریں آپ کے لئے بہتر یہی ہے کہ آپ وہی بات اور وہی نظریہ قبول کریں جس پر آپ کا دل بغیر کسی کھٹکے بغیر کسی خدشے یا بغیر کسی وسوسے کے راضی ہو جائے

اور جب آپ کا دل کسی فیصلے پر راضی ہو جائے تو پھر دنیا آپ کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے یا آپ کو آپ کا فیصلہ بدلنے پر مجبور کرنے کے لئے جو بھی باتیں کرتی ہے کرنے دیں اور دنیا کو کہنے دیں کہ جو دنیا کچھ کہتی ہے بالفرض آپ دنیا کے کہے میں آکر اپنا مؤقف چھوڑ دیتے ہیں اپنی راہ سے ہٹ کر کہیں بھٹک جاتے ہیں تو پھر یہی لوگ جو آپ کو اکساتے کہ اس سمت نہ جاؤ یا یہ راستہ درست نہیں پھر آپ وہ راستہ منتخب کرلیں جس پر آپ کا دل راضی نہیں اور اس میں بھی آپ کامیاب نہ ہو سکے تو پھر یہی لوگ آپ کی ناکامی پر بھی سو سو باتیں بنائیں گے

اس لئے بہتر یہی ہے کہ آپ وبلا خوف و خطر اس راستے کی سمت چلتے رہیں آگے بڑھتے رہیں جس پر آپ کا دل راضی ہو جائے خدا ہر جگہ آپ کے ساتھ ہے ہر جگہ رب کی حمایت مدد اور نصرت آپ کے ساتھ ہے آپ کے دل کے اطمینان کے لئے یہ ایمان ہی کافی ہے اور دل کی رضا کے مستند ہونے کی یہ دلیل کافی ہے کہ دل خدا کا مقام ہے اچھے برے راستے کی ہر انسان کو تمیز ہے اور ہمارے پاس ایک اسی کتاب کا علم موجود ہے کہ جو کائنات کے تمام علوم کی بناد بھی ہے اور جس کی رہنمائی میں انسان کائنات کے تمام علوم سے آگاہی بھی حاصل کر سکتا ہے تو اسی کتاب کی رہنمائی میں أپ اپنی عارضی و ابدی دنیوی و آخروی دونوں زندگیوں کی بھلائی اور کامیابی کے لئے بھی اسی کتاب کے مطالعے کی روشنی سے اپنے دل دماغ کو منور کرتے ہوئے اپنے لئے کوئی راہ متعین کریں اور اس پر چلتے رہیں أپ کو کسی مشورے کسی رائے یا کسی کی باتوں کی ضرورت نہ رہے گی

جب اللہ نے ہر انسان کو اس کتاب میں 'یاایھاالناس' کہہ کر مخاطب کیا ہے تو پھر ہم کیوں کہیں اور بھٹکیں کیوں نہ اس کتاب کی رہنمائی میں اپنی زندگی کے لئے بہترین لائحہ عمل ترتیب دیں اور اپنے لئے خود وہ راستہ منتخب کریں جو درست راستہ ہے جو صراط مستقیم کا راستہ ہے اور اللہ سے دعا کریں کہ وہ ہمیں توفیق عنایت فرمائے کہ ہم اپنے لئے صراط مستقیم کا راستہ منتخب کریں اور ہمیشہ اس راستے پر قائم رہیں ﴿آمین﴾
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 459439 views Pakistani Muslim
.. View More