مفکر اسلام علامہ قمرالزماں اعظمی سے ایک ملاقات: علمی تناظر میں

مفکر اسلام لسان العصرعلامہ قمرالزماں خان اعظمی مدظلہ العالی (سکریٹری جنرل ورلڈ اسلامک مشن برطانیہ) عظیم مبلغ اسلام، داعی اور اہلِ سُنّت کے عالمی سفیر ہیں۔ سخن داں ہی نہیں سخن ساز ہیں۔اردو ایسی نکھری ستھری اور رواں دواں کہ زبان کوثر و تسنیم میں دُھلی معلوم ہوتا ہے۔ خطابت روایتی نہیں بلکہ فکرانگیز ہوتی ہے، الفاظ کا دروبست ایسا کہ معلوم ہوتا ہے کہ لفظ لفظ بلکہ حرف حرف صف بستہ منتظر کہ پہلے انھیں چنیں پہلے ان کا انتخاب کریں۔اردو زبانِ قمر پر آکر سنورتی ہے اور خیالات کی وادیاں فکرِ قمرؔ سے سیراب ہوتی ہیں۔ یہ سب فیض ہے بریلی کے روحانی مرکز اور مبارکپور کے علمی سنگم کا جس نے مفکر اسلام کو لسان العصر بنادیا ۔ کردار ایسا چمکتا دمکتا کہ اسلاف کا نقشِ جمیل ہیں۔

شہر آمد پر راقم نے نوری مشن کے احباب کے ہمراہ مفکر اسلام سے شرفِ ملاقات حاصل کیا۔ اس درمیان متعدد علمی موضوعات پر گفتگو رہی۔ ملک کی ممتاز دانش گاہوں میں شمار ہونے والی شمالی ہند کی مشہور درس گاہ الجامعۃالاسلامیہ روناہی یوپی کی بابت علامہ موصوف نے بتایاکہ کل کی شب جامعہ کے سالانہ اجلاس میں خطاب کرنا ہے۔ اس جامعہ نے اشاعت دین کے لیے سیکڑوں قابل علما تیار کیے ہیں جن کی خدمات کی جولان گاہ ملک ہی نہیں بلکہ یورپ کی سرزمیں بن چکی ہے اور دعوت و تبلیغ کے میدان میں جامعہ کا اہم رول رہا ہے۔[واضح رہے کہ الجامعۃالاسلامیہ کے بانی علامہ موصوف ہیں جو گزری کئی دہائیوں سے خدمتِ دین و سنیت کا فریضہ انجام دے رہا ہے۔]

علامہ موصوف نے اپنے دعوتی اسفار سے متعلق بتایا کہ ۱۵؍مئی کو ہند سے ہالینڈ روانگی ہے جہاں متعدد اجلاس سے خطاب اور ورلڈ اسلامک مشن [جو عالمی سطح پر بالخصوص یورپ میں اشاعت و تبلیغ دین کے لیے سرگرم ہے اور جس کی خدمات نے یورپ کی تاریک وادیوں میں محبت رسول کریم ﷺ کی جوت جگائی ہے۔] کے بعض اہم امور کی انجام دہی کے بعدلندن روانگی ہوگی۔ آپ نے ہالینڈ میں ورلڈ اسلامک مشن کی خدمات کے تناظر میں بتایا کہ: مشن نے ہالینڈ میں سب سے پہلے مساجد کا قیام عمل میں لایا۔ متعدد ادارے ورلڈ اسلامک مشن نے قائم کیے جو قیام کے بعد سے کامیابی کے ساتھ جاری ہیں۔ جن میں جامعہ مدینۃالاسلام (ڈین ہاگ)، سنی مسجد انوارِ قبا(اتریچ)، سنی جامع مسجد طیبہ(ایمسٹرڈم)، مسجد گلزارِ مدینہ (زولو)، انوارِ مدینہ مسجد(ایندھوین) ، سنی المدینہ مسجد(ڈین ہاگ) وغیرہ شامل ہیں۔ علامہ موصوف سال میں دسیوں بار ہالینڈ کا دورہ فرماتے ہیں۔ علما کی کئی ٹیمیں آپ کی مساعی سے ہالینڈ میں اہلِ سُنّت کی اشاعت اور نومسلموں کی تربیت و دعوت کا کام انجام دے رہی ہیں۔

علامہ موصوف کی خطابت نے عالمی سطح پر فکرسازی وذہن سازی کی ہے۔ بہت سے اہلِ قلم فکرِ قمرؔ سے تیار ہوئے۔ کتنے ہی مؤرخین و تذکرہ نویسوں کو اسلامی تاریخ کے گم شدہ اوراق سے آپ نے آشنا کیا۔حسنِ تدبیر کے ساتھ تعمیری کاموں کی طرف ذہنوں کو موڑ دینا علامہ کا اہم وصف ہے۔ دینی و فقہی علوم میں مہارت کے ساتھ ہی مسلم دنیا کی تاریخ، سیاسی حالات، معاصر مسائل کا استحضار اور ان کا حل، سائنسی وتعلیمی مہارت اور اسلامی نظریات کا سائنس پر تفوق ایسے اُمور ہیں جن میں علامہ کی مہارت بے مثال ہے۔ جدید وقدیم علوم کے ماہر ہیں جن میں آپ کے فکری شاگردوں کی قابلِ قدر تعداد ساری دنیا میں پھیلی ہوئی ہے۔ موصوف نے بتایا کہ متعدد کتابیں اور مقالات تکمیل چاہتے ہیں، اگر تقاریر سے فرصت مل جائے تو ان کتابوں کو مکمل کر کے منظر عام پر لایا جاسکتا ہے۔ راقم نے گزارش کی کہ آپ کی تحریریں کتابی صورت میں جلد آجائیں تو بڑامفید واہم کام ہوگا جس سے نسلِ نو کی فکری تطہیر کا فریضہ بہ احسن طریق انجام پائے گا۔

راقم نے علامہ کے استفسار پر بتایا کہ نوری مشن ہر ماہ کسی رسالہ یا کتابچہ کی اشاعت مستقل مزاجی سے کروا کر بلاقیمت تقسیم کر رہا ہے۔ مشن نے کئی اہلِ قلم تیار کیے ہیں۔ نئی نسل کے درجنوں نوجوان مشن سے وابستہ رہ کر مطالعہ و علمی کاموں کی طرف راغب ہو چکے ہیں۔ گزشتہ دنوں کتاب Imam Ahmad Raza Services and Influence(از:مولانا ابوزہرہ رضوی) جسے ورلڈ اسلامک مشن لندن کے اشتراک سے نوری مشن مالیگاؤں نے شائع کیا تھا کی بابت دریافت پر راقم نے بتایا کہ: یہ کتاب عن قریب سری نگر کشمیرسے ادارۂ تحقیقاتِ امام احمد رضا اور بنگلور سے نوری فاؤنڈیشن شائع کرے گا۔ اسی طرح عالمی معیار کا تحقیقی مجلہ ’’معارف رضا‘‘ کراچی (انگلش ایڈیشن) بھی اس کی اشاعت کرے گا۔علاوہ ازیں یہ کتاب نیز نوری مشن کی دیگر مطبوعات کے سیٹ ملک کے دوسو اداروں اور بیرون ملک کے ۵۰؍اداروں کو بلاقیمت ارسال کیے گئے۔یونی ورسٹیوں کے اساتذہ، محققین، مصنفین نے مشن کی علمی وتحقیقی کاوشوں کوحوصلہ افزا کلمات سے نوازا ہے۔مفکر اسلام نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ آپ کی خدمات کو قبول فرمائے اور اشاعتی کاموں میں برکت عطا کرے۔

راقم نے مفکر اسلام کے مالیگانوی شاگرد مولانا ابوزہرہ رضوی (مقیم لندن) سے متعلق بتایا کہ ان کی تحریریں علمی حلقوں میں پسند کی جاتی ہیں اور منطقی طرزِ استدلال اہلِ علم ودانش کو متاثر کرتا ہے، مفکر اسلام نے کہا کہ وہ اچھے خطیب بھی ہیں۔ نکھرالب ولہجہ اور اسلوب دل کش ہے۔راقم نے بتایا کہ مشن نے موصوف کا ایک پروگرام امام احمد رضا کی عالمی خدمات کے عنوان سے مالیگاؤں میں (دسمبر۲۰۱۳ء میں) کروایاتھا جوکامیاب ترین ثابت ہوا اور اس کے بہتر اثرات بھی ظاہر ہوئے۔

یورپ میں فروغ، دین کے حوالے سے نیز ورلڈ اسلاملک مشن کی خدمات کے ضمن میں کئی ایک پہلو مفکر اسلام نے اس نشست میں اجاگر کیے۔ اہلِ علم کی معلومات کی غرض سے راقم نے چند باتیں سپردِ قرطاس کردیں۔ اﷲ کریم لسان العصر قمرالملت والدین کی عمر میں برکتیں عطا فرمائے اور آپ کے سایۂ اقدس کو اہلِ سُنّت کے سروں پر تادیر قائم رکھے۔آمین بجاہ سیدالمرسلین علیہ الصلوٰۃوالتسلیم۔

Ghulam Mustafa Rizvi
About the Author: Ghulam Mustafa Rizvi Read More Articles by Ghulam Mustafa Rizvi: 277 Articles with 257394 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.