ایک لفظ کی جادوگری

اگر ٹائمنگ درست نہ ہو تو بولتے رہنے سے بھی کچھ نہیں ہوتا اور اگر بر وقت کہا جائے تو ایک لفظ بھی کافی ہوتا ہے۔ کوئی بھی لفظ کہنے کو چند حروف کا مجموعہ ہوتا ہے مگر حروف کا یہ مجموعہ کبھی کبھی پوری کتاب پر بھی بھاری پڑتا ہے۔ مثلاً لفظ ’’گدھا‘‘ ہی لیجیے۔ چار حروف کا یہ لفظ اگر بر وقت ادا کیا جائے تو مدِمقابل کے سَر پر گرز بن کے لگتا ہے اور وہ تپ کر دولَتّیاں مارنے لگتا ہے۔ اگر کسی کو صرف ’’پَٹّھا‘‘ کہہ دیجیے اور پھر دیکھیے کہ وہ اصلیت یعنی اُلّو تک پہنچنے میں کتنا کم وقت لیتا ہے!

سوشل میڈیا کی طاقت کا اندازہ ہمیں بھی تھا مگر اِس بات کا اندازہ نہ تھا کہ طاقت کس قدر ہے۔ ہم نے سوچا بھی نہ تھا کہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والا یا پھیلایا جانے والا کوئی لفظ بجلی کی سی تیزی سے متعلقین پر قیامت ڈھا سکتا ہے۔ آج کل سوشل میڈیا پر بیانات، وضاحتیں، تصاویر اور وڈیو کلپس مطلوبہ نتائج کے لیے اپ لوڈ کی جاتی ہیں اور جو لوگ ایسا کرتے ہیں وہ اپنے مقاصد میں کامیاب بھی رہتے ہیں۔ ہم بھی سوچا کرتے تھے کہ سوشل میڈیا کو اِس طور استعمال کریں کہ لوگ متوجہ ہوں۔ مگر کوئی ڈھنگ کی ترکیب ہمیں سُوجھتی ہی نہ تھی۔ اﷲ بھلا کرے شریف امروہوی صاحب کا جن کی ایک معصوم سی غلطی (یا غیر معصوم سی شرارت!) نے ایسا جادو جگایا کہ ہم راتوں رات بہت سوں کی آنکھوں میں کھٹکنے لگے۔ آپ سوچیں گے کسی کی آنکھوں میں کھٹکنا کون سے اعزاز کی بات ہے۔ آپ نے کیا سُنا نہیں ہے؟ ع
بدنام اگر ہوں گے تو کیا نام نہ ہوگا؟

کالم لِکھ لِکھ کر ہمارے ہاتھ شَل ہوگئے (اور دِماغ کو بھی کچھ نہ کچھ ضرور ہوا ہوگا) مگر خیر، اِس مشقت کا وہ نتیجہ برآمد نہ ہوا یعنی اُتنی توجہ نہ ملی جتنی شریف امروہوی صاحب کے بیان کردہ ایک لفظ نے عطا کردی۔

ہم 1980 سے شعر کہتے آئے ہیں۔ شعر گوئی نے توقیر کا اہتمام کیا ہے مگر سچ یہ ہے کہ مُشاعرے پڑھنے یا اخبارات و جرائد میں غزلوں کی اشاعت سے وہ بات نہ بنی جو شریف امروہوی صاحب کے ’’خراجِ تحسین‘‘ سے بن گئی۔ اِس ’’خراجِ تحسین‘‘ کی تاثیر یہ تھی کہ بہت سے احباب نے انتہائے جذبات سے مغلوب ہوکر ہمیں ’’خراجِ عقیدت‘‘ پیش کرنا شروع کردیا۔

بات یہ ہے کہ موبائل فون پر ایس ایم ایس پیکیج کو ہم نے بھی اپنے اشعار احباب تک پہنچانے کے لیے استعمال کرنا شروع کردیا ہے۔ تین دن قبل چند اشعار کہے۔ سوچا تازہ مال ہے تو چلو، احباب سے بھی شیئر کرلیں۔ یہی سوچ کر اپنی تازہ ترین طبع آزمائی سے چار اشعار چند احباب کے اِن باکس میں داخل کردیئے۔ شریف امروہوی صاحب کے جی میں خدا جانے کیا آئی کہ ہمارے اشعار پڑھتے ہی دُکان کھول بیٹھے۔ ہم فوٹو شاپ کی بات کر رہے ہیں۔ موصوف فوٹو شاپ کی مدد سے بہت کچھ تیار کرلیتے ہیں۔ ہمارے اشعار کو ایک پُرکشش چوکھٹے میں فِٹ کرکے اُنہوں نے فیس بک پر اپ لوڈ کردیا۔ اشعار کیا اپ لوڈ ہوئے، یہ سمجھ لیجیے کہ ’’بات ہونٹوں نکلی، کوٹھوں چڑھی‘‘ والا معاملہ ہوگیا۔ تبصروں کا سلسلہ چل نکلا۔ جب بھی کوئی شخص فیس بک کو وزٹ کرکے ہماری کسی بات پر تبصرہ کرتا ہے تو ای میل کے ذریعے ہمیں بھی نوٹیفکیشن ملتا ہے۔ ذرا سی دیر میں ہمارے ای میل اکاؤنٹ کا اِن باکس تبصروں سے بھرگیا۔ داد و تحسین کے ڈونگرے برسنے لگے۔ ہم بہت خوش ہوئے کہ چلو، سوشل میڈیا نے ہمارے لیے بھی کوئی تو ’’انقلاب‘‘ برپا کیا۔

مگر پھر کچھ ہی دیر میں لوگوں نے ہمیں لتاڑنا شروع کیا۔ ای میل اکاؤنٹ میں پہنچنے والے نوٹیفکیشنز کی بُنیاد پر ہم نے خطرے کی بُو سُونگھی اور فیس بک پر اپنے پیج کا وزٹ کیا تو معلوم ہوا کہ لوگ اشعار کو سراہنے کے ساتھ ساتھ شریف امروہوی صاحب کی سادگی پر ہمیں ملامت کر رہے ہیں۔ آن کی آن میں ہمیں اندازہ ہوگیا کہ شریف صاحب کی ایک معمولی سی غلطی یا مزاج کی شوخی نے ہم پر طنز کے تیر برسانے کا اہتمام کردیا۔ ہوا یہ کہ شریف صاحب نے ہمارے اشعار کے ساتھ ’’نوجوان شاعر محمد ابراہیم خان کی غزل‘‘ کے الفاظ بھی ٹائپ کردیئے!

اِس ایک لفظ ’’نوجوان‘‘ نے ہنگامہ برپا کیا۔ لوگ کہتے ہیں کسی ایک لفظ سے کیا ہوتا ہے۔ ہم نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ اِس ایک لفظ نے اپنے اور پرائے کا فرق واضح کردیا۔ یعنی بقول خاطرؔ غزنوی ’’…… اِتنا تو ہوا، کچھ لوگ پہچانے گئے‘‘ والی کیفیت پیدا ہوگئی! جن احباب کو ہم اپنا خیر خواہ سمجھتے تھے اُن سے اِتنا بھی ہضم نہ ہوسکا کہ ہمیں ’’نوجوان‘‘ قرار دیا جائے! دیکھتے ہی دیکھتے یاروں نے فیس بُک پر ہمیں لتاڑنا شروع کردیا۔ برادرم مظہر ہانی نے لکھا۔ ’’نوجوان؟ ہاہاہا!‘‘ امجد چودھری نے لکھا۔ ’’لگتا ہے اب ’نوجوان‘ کی تعریف بدلنی پڑے گی!‘‘ محترم انور سعید صدیقی نے ٹائپ کیا۔ ’’جب ’نوجوانی‘ کی شاعری ایسی ہے تو بڑھاپے کی کیسی ہوگی!‘‘ ایک صاحب نے ایس ایم ایس کیا۔ ’’شریف صاحب شاید آپ کو no jawan لکھنا چاہتے تھے!‘‘

ہماری تذلیل کا سامان ہو اور مرزا تنقید بیگ کے من میں لَڈّو نہ پُھوٹیں، ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا۔ جیسے ہی اُن کے بیٹے نے فیس بک پر ہماری دُرگت کے بارے میں بتایا وہ ہمارے گھر آدھمکے۔ موقع بھی تھا اور جواز بھی اِس لیے وہ آتے ہی ہماری ’’نوجوانی‘‘ کی واٹ لگانے لگے! ہم نے سمجھانے کی کوشش کی کہ نوجوانی کا دعویٰ ہم نے نہیں کیا بلکہ ہم کسی کا لِکھا بُھگت رہے ہیں مگر وہ کب سُننے والے تھے؟ اُن کا خیال تھا کہ بدنامی کے ذریعے شہرت پانے کی کوشش کرنے والوں کا یہی طریقِ واردات ہوا کرتا ہے! وہ یہ سمجھتے ہیں کہ جس طرح فلم کی ’’مشہوری‘‘ کے لیے ہیرو اور ہیروئن کے آف دی اسکرین رومانس کی خبریں چلائی جاتی ہیں بالکل اُسی طرح سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت پانے کی خاطر بھی ایسی ہی ’’کیمپین‘‘ چلائی جاتی ہے! مرزا کی بات مکمل طور پر غلط بھی نہیں۔ مگر ہم یہ کیسے یقین دلائیں کہ ہمیں شعر کہنے کا شوق ضرور ہے مگر اُس نوجوانی کا ڈھول پیٹ کر لوگوں کی توجہ حاصل کرنا مقصود نہیں جو بہت پہلے گزر چکی ہے! ایک ذرا سی سادگی یا کوتاہی سے ہمیں ادھیڑ عمر کے مُنہ کا ذائقہ بدلنے کو چند لمحوں کے لیے نوجوانی دوبارہ مل گئی ورنہ ہم بھی جانتے ہیں کہ ہم کیا اور ہماری نوجوانی کیا! ع
دِل کے بہلانے کو غالبؔ یہ خیال اچھا ہے!

چند لمحوں کی مسرت بلکہ مسرت کے بھی صرف شائبے سے اگر کوئی غریب دِل کو ذرا بہلالے تو اِس میں ہرج ہی کیا ہے؟ اب کیا دوستوں کا یہ کام رہ گیا ہے کہ کسی کی معمولی سی خوشی کا مزا بھی کِرکِرا کریں اور رنگ میں بھنگ ڈالیں!

کبھی کبھی زحمت کی کوکھ سے رحمت بھی برآمد ہو جایا کرتی ہے۔ شریف صاحب نے جو ’’مہربانی‘‘ فرمائی ہے اُس کا ایک ضمنی مگر خاصا قابل ذکر فائدہ یہ پہنچا کہ ’’نوجوانی‘‘ کی بنیاد پر ہمارا مذاق اُڑانے والے ہماری شاعری پر تبصرے یا تنقید کے ڈونگرے برسانا بھول گئے! جو ’’احباب‘‘ ہمارے اشعار میں خامیاں، بلکہ کیڑے تلاش کیا کرتے تھے اُن کے کان بھی ’’نوجوانی‘‘ کے تذکرے پر ایسے کھڑے ہوئے کہ دیگر تمام معاملات کو اُنہوں نے بالائے طاق رکھ دیا۔

شریف امروہوی صاحب سے ہمارے تعلقات کی نوعیت ایسی نہیں کہ اُن کی سادگی و پُرکاری سے جو مصیبت نازل ہوئی اُس پر ناراضی کا اظہار کریں۔ اب آپ سے کیا پردہ؟ سچ یہ ہے کہ شریف صاحب کی کوتاہی نے خاصا نہال کردیا۔ لوگوں کے طنزیہ جُملوں سے اُن کا متوجہ ہونا تو ثابت ہوتا ہی ہے! ؂
وہ بے رُخی سے دیکھتے ہیں، دیکھتے تو ہیں
میں خوش نصیب ہوں کہ کسی کی نظر میں ہوں!

شریف صاحب سے بس اِتنا سا اِلتماس ہے کہ ہمارے ’’درجات‘‘ ذرا سوچ سمجھ کر بُلند کیا کریں کیونکہ ابھی ہمارا معاشرہ ذہنی طور پر اِتنا پُختہ نہیں ہوا کہ کسی کے نمبر بنتے دیکھ کر سَچّے دِل سے خوش ہو!

M.Ibrahim Khan
About the Author: M.Ibrahim Khan Read More Articles by M.Ibrahim Khan: 572 Articles with 483843 views I am a Karachi-based journalist and columnist. .. View More