حسن صورت حسن سیرت

انسان زندگی میں عام طور پر دوسرے انسانوں سے دو قسم کی خصوصیات کی بنا پر متاثر ہوتا ہے ایک حسن صورت اور دوسری حسن سیرت حسن صورت یعنی ظاہری حسن ظاہری حسن کی تاثیر دیکھنے والے پر فوری اثر کرتی ہے اور دیکھنے والا کسی بھی حسین صورت انسان سے ایک ہی جھلک میں متاثر ضرور ہوتا ہے کہ حسن میں قدرتی طور پر وہ کشش موجود ہوتی ہے جو دیکھنے والے کو اپنی طرف ضرور متوجہ کرتی ہے
اگرچہ یہ سچ ہے کہ ظاہری حسن کا فوری اثر ہوتا ہے لیکن یہ ضروری نہیں کہ ظاہری حسن کی تاثیر پائیدار بھی ہو کہ حسن اور کشش حسن کی بھی ایک حد اور ایک معیاد ہوتی ہے وقت کے ساتھ ساتھ حسین سے حسین تر چہرہ بھی گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ ماند پڑتا چلا جاتا ہے دھندلا جاتا ہے

حسن میں وہ کشش اور وہ خوبی نہیں رہتی جو حسن والوں کے مداحین کی توجہ کا مرکز بنتی ہے حسن صورت قدرتی بھی ہوتا ہے اور مصنوعی بھی یوں تو اللہ تعالیٰ نے کائنات کی ہر شے کو حسین بنایا ہے لیکن یہ دیکھنے والے کا حسن بصیرت ہے کہ دیکھنے والوں کا حسن نظر حسن کی کس حد تک پرکھ رکھتا ہے

رہی بات حسن سیرت کی تو اگرچہ انسان کا یہ حسن بظاہر دکھائی نہیں دیتا لیکن حسن بصارت رکھنے والوں کی نظر سے پوشیدہ بھی نہیں رہتا کہ ‘دیکھنے والے قیامت کی نظر رکھتے ہیں‘ اگرچہ حسن سیرت دوسروں پر دیر سے ظاہر ہوتا ہے مگر جن لوگوں میں حسن سیرت کی خوبی یا صفت پائی جاتی ہے ان کی یہ خوبی ان کی پوری شخصیت میں ایسا نکھار پیدا کرتی ہے کہ جو دوسروں کے لئے ان کی شخصیت کو متاثر کن بنا دیتی ہے ان کے قریب رہنے والوں پر ان کے ملنے جلنے والوں پر یعنی کلی طور پر حسن سیرت سے مالا مال افراد کی شخصیت کی پرتیں اپنے حلقہ احباب پر رفتہ رفتہ کھلتی چلی جاتی ہیں جو انکی شخصیت کو تمام حلقہ احباب میں مقبول اور ہر دلعزیز بنا دیتی ہے

عورت جس سے حسن صورت و حسن سیرت کا مرقعہ تصور کی جاتی ہے اور عموماً عورت سے توقع بھی یہی کی جاتی ہے کہ وہ حسن صورت کے ساتھ ساتھ حسن سیرت سے بھی مزین و آراستہ ہو تو ایک مکمل عورت سمجھی جاتی ہے عورت اپنی انہی صفات کی بدولت مردوں کے دلوں پر راج کرتی ہے اپنے حسن کے سحر سے مردوں کے دل و دماغ پر قابض ہو کر مردوں سے جو کام چاہتی ہیں نکلوا لیتی ہیں جہاں تک کوئی عورت اپنے ظاہری حسن یا حسن صورت سے کام لے کر بہت سے فائدے حاصل کرتی ہے تو دوسری صورت میں حسن صورت کا نقصان بھی بہت ہے

عورت کے حسن کی جلوہ نمائیاں عہد کہن میں بھی بیشتر فتنوں کا سامان بنی رہی ہے جبکہ عہد رفتہ بھی عورت کے حسن صورت کی جلوہ نمائیوں کی فتنہ سازیوں سے محفوظ نہیں ایک عورت کا حسن ہی دوسری عورت کا بنا بنایا کام بگاڑ دیتی ہے، تو کسی کا بسا بسایا گھر اجاڑ دیتی ہے

کتنی ہی ماؤں کے لاڈلے اور کماؤ پوت عورت کے حسن پر فریفتہ ہو کر اپنی تمام پونجی لٹا کر کنگال ہو جاتے ہیں حسین عورت اپنے حسن کو برقرار رکھنے کے لئے بھی مردوں کی دولت کا سہارا لے کر ہی خود کو تا دیر خوبصورت جوان اور ترو تازہ رکھنے کے لئے مردوں کی جیبیں خالی کروا دیتی ہیں ایسی عورتیں بھی نادان ہیں جو یہ سمجھتی ہیں کہ اس طرح سے ان کا حسن اور جوانی ہمیشہ برقرار رہے گا اور ایسے مرد بھی نادان ہیں جو عورت کے ظاہری حسن کے نشے میں اپنی زندگی کی رواں دواں ناؤ کو حسن کے نشے میں غرق کر دیتے ہیں

انہیں یہ نکتہ یاد رکھنا چاہئے کہ ظاہری حسن جس قدر تیزی سے اثر پذیر ہوتا ہے اسی قدر تیزی سے نا صرف خود بھی روبہ زوال ہو جاتا ہے بلکہ اپنے حسن پرست اسیر کو بھی بہت جلد زوال و تباہی کا شکار کر دیتا ہے کہ نشہ کوئی بھی ہو اس کا انجام آخرکار ہلاکت و تباہی ہوتا ہے لیکن یہی عورت جب اپنے حسن صورت کے ساتھ ساتھ خود کو حسن سیرت سے آراستہ و پیراستہ کرتی ہے تو خود کو حسن کامل کا مرقعہ بناتی ہے تو اس کے باطنی حسن کے ساتھ ساتھ ظاہری حسن کو بھی چار چاند لگ جاتے ہیں اور یہی وہ حسن ہے جو پائیدار بھی ہے اور اہل حسن سیرت اور اہل حسن سیرت پرست دونوں کے لئے ہمیشہ ہی سود مند رہتا ہے سے کام لینی ہے تو مرد کی زندگی سنوار دیتی ہے

عورت کا حسن سیرت اس کا حسن عمل یعنی عورت کا اخلاق و کردار اس کا خلوص و محبت اس کی سادگی اس کی خدمت گزاری اور وفا شعاری ہے جس عورت میں یہ صفات موجود ہوں وہی اپنے ساتھ ساتھ اپنے والدین بہن بھائیوں اپنے شوہر اپنے گھر اور اپنے خاندان والوں کو ہمیشہ خوش رکھتی ہیں بلکہ ایسی خواتین معاشرے کی دیگر خواتین کے لئے بھی مثالی حیثیت رکھتی ہیں حسن پرستوں کے نام یہ مختصر پیغام ہے کہ ظاہری حسن کی جلوہ نمائی سے خوابوں کا تعمیر کردہ محل حسن کے ماند پڑتے ہی ریت کی دیوار کی طرح ڈھے جاتا ہے جبکہ حسن سیرت یعنی خلوص محبت اور وفاداری کی بنیادوں پر بنایا گیا گھروندہ وقت کا طوفان بھی نہیں گرا سکتا

حسن پرستی اچھی چیز ہے لیکن دھیان رہے کہیں ظاہری حسن صورت کی روشنی کا نظارہ آپ کی آنکھیں چندھیا کر آپ کو محروم نظارہ کرتا ہے یا حسن سیرت کی رعنائی آپ کو وہ روشنی عطا کرتی ہے جس کا عکس آپ کو بھی حسین تر بنا سکتا ہے اللہ تعالٰی ہمیں حسن عمل اور حسن سیرت کی نعمت عنایت فرمائے اور ہمیں یہ توفیق عطا فرمائے کہ ہم خود کو ہر قسم کے فتنہ و شر سے محفوظ رکھیں (آمین)
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 488657 views Pakistani Muslim
.. View More