فون نمبروں کے بارے میں چند حیران کن حقائق

ایک دور میں انسان کے پاس کوئی ایسا ذریعہ موجود نہ تھا کہ جس کی مدد سے وہ اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کا حال احوال دریافت کرسکتا- الیگزینڈر گراہم بیل نے 2 جون 1875ء کو ٹیلی فون ایجاد کر کے انسان کی اس محرومی کو دور کر ڈالا کیونکہ اب انسان ٹیلی فون کی مدد سے اپنی بات دور بیٹھے لوگوں تک پہنچا بھی سکتا تھا اور ان کی بات سن بھی سکتا تھا- ایک حقیقت یہ بھی ہے کہ ٹیلی فون کے مؤجد الیگزینڈر گراہم بیل نے کبھی اپنی ماں اور بیوی کو فون نہیں کیا کیونکہ دونوں بہری تھیں- البتہ الیگزینڈر کی یہ ایجاد دوسروں کی زندگی کا اہم حصہ بن گئی اور اب فون نمبر تقریباً ہر انسان کے نزدیک انتہائی اہمیت کے حامل ہیں- آج ہم آپ کو ان فون نمبروں کی ایجاد سمیت ان کے بارے میں چند ایسے حیران کن حقائق بتائیں گے جن سے آپ یقیناً پہلے واقف نہیں ہوں گے- یہ حقائق دنیا میگزین نے شائع کیے جو ہماری ویب کے قارئین کے لیے بھی پیشِ خدمت ہیں-
 

1۔ فون نمبر کی ایجاد
فون نمبر ایجاد کیے جانے سے پہلے فون کالیں فون کے مالک کے نام کے ذریعے کی جاتی تھیں۔ جس شخص نے کسی کو کال کرنا ہوتی وہ ایکسچینج میں موجود آپریٹر کو اپنے مطلوبہ شخص کا نام بتاتا، آپریٹر اپنے سامنے موجود بہت سی ٹیلی فون لائنوں میں سے ایک لائن کے ذریعے اُس شخص سے کال ملا دیتا۔ ٹیلی فون کے موجد الیگزینڈر گراہم بیل کے دوست ڈاکٹر موسس نے فون نمبروں کی ایجاد میں بنیادی کردار ادا کیا تھا۔ ہوا یہ کہ شہر میں چیچک کی وبا پھیل گئی۔ ڈاکٹر موسس نے گراہم بیل سے کہا کہ ٹیلی فون آپریٹر بھی اس وبا کی لپیٹ میں آ کر بیمار پڑ گئے تو لوگوں کے لیے فون پر ایک دوسرے سے رابطہ کرنا مشکل ہو جائے گا۔اس کے علاوہ کسی ہنگامی حالت میں ڈاکٹر کو جلد از جلد بلانا ہو تو موجودہ طریقے کے مطابق ایسا ممکن نہیں ہے، کوئی ایسا طریقہ اختراع کیا جائے کہ لوگ ہنگامی حالت میں آپریٹر کی مدد کے بغیر مطلوبہ شخص سے جلد رابطہ کر سکیں۔ چناں چہ ٹیلی فون رکھنے والوں کے ناموں کی بجائے ہر شخص کے لیے ایک مخصوص نمبر مختص کیا گیا۔ٹیلی فون نمبر پہلی بار امریکہ کے شہر لوویل میں 1879ء سے 1880ء کے درمیانی عرصے میں استعمال کیے گئے۔ یہ نظام اتنا پسند کیا گیا اور اتنا کارآمد ثابت ہوا کہ اسے آج بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

image


2۔ پہلا تجارتی ٹیلی فون ایکسچینج
28 جنوری 1878ء کو امریکہ کے شہر نیو ہیون (New Heaven) کی بورڈمین بلڈنگ میں دنیا کا پہلا تجارتی ٹیلی فون ایکسچینج قائم کیا گیا تھا۔ اسے ڈسٹرکٹ ٹیلی فون کمپنی آف نیو ہیون کا نام دیا گیا تھا۔ تجارتی ٹیلی فون ایکسچینج کا تصور امریکہ کی خانہ جنگی میں حصہ لینے والے ایک سابق فوجی اور ٹیلی گراف آفس کے مینیجر جارج کوائے اور ان کے دو ساتھیوں ہیرک فراسٹ اور والٹر لیوس نے پیش کیا تھا۔

image


3۔ گھومنے والا ڈائل
1875ء میں ٹیلی فون کی ایجاد کے بعد سے ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ ٹیلی فون پر رابطے کا تیز رفتار نظام وضع کیا جائے۔ آخر 1891ء میں ایلمن براؤن سٹروگر نے ٹیلی فون کا ڈائل ایجاد کیا۔ ڈائل والا پہلا فون 1892ء میں استعمال کیا گیا۔

image


4۔ ٹیلی فون کی پیڈ
بیل لیبارٹریز کے جان ای کارلِن نے ٹیلی فون کی پیڈ ایجاد کیا تھا۔ کی پیڈ میں اعداد اور نشانات تین عمودی اور چار افقی خطوط میں ترتیب دیے جاتے ہیں۔ نچلے دائیں کونے میں ’’ہیش کی‘‘ (hash key) اور نچلے بائیں کونے میں سٹار (star) یا ’’ایسٹیرسک کی‘‘(asterisk key) ہوتی ہیں۔

image


5۔ آٹومیٹک ٹیلی فون ایکسچینج
99 لائنوں والا پہلا آٹومیٹک ٹیلی فون ایکسچینج امریکہ کی ریاست انڈیانا کے شہر لا پورٹے میں نصب کیا گیا تھا۔

image


6۔ ایریا کوڈ
اگرچہ ایریا کوڈ کا تصور بیسویں صدی کے پانچویں عشرے میں پیش کیا گیا تھا لیکن اس کا باقاعدہ اجرا و آغاز 1951ء میں امریکہ کی ریاست نیو جرسی کے لیے ایریا کوڈ متعارف کروانے سے ہوا۔ نیو جرسی کا ایریا کوڈ 201 ہے۔

image


7۔ ہنگامی نمبر
ہنگامی نمبر تین یا چار اعداد پر مشتمل ہوتے ہیں تاکہ لوگ انہیں آسانی سے یاد رکھ سکیں اور ہنگامی ضرورت کے وقت تیزی اور آسانی سے ڈائل کر سکیں۔ انہیں کسی ملک کے کسی بھی حصے کے رہنے والے لوگ ہنگامی ضرورت کے وقت استعمال کر سکتے ہیں۔ انہیں یونی ورسل ایمرجنسی ٹیلی فون نمبر بھی کہا جاتا ہے۔ ہنگامی نمبروں کا نظام بھی امریکہ میں وضع کیا گیا تھا۔ اس کے کامیاب ہونے کے بعد دنیا کے دوسرے ملکوں نے بھی یہ نظام اپنا لیا۔

image


8۔ سب سے مہنگا فون نمبر
دنیا کا سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہونے والا سیل فون نمبر 6666666 ہے۔ اسے خیراتی مقصد سے قطر میں فروخت کیا گیا تھا۔ اس نمبر کے خریدار نے اس کے لیے 27 لاکھ ڈالر کی سر چکرا دینے والی رقم ادا کی تھی۔ چین میں نمبر 88888888 دو لاکھ اسّی ہزار ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔

image


9۔ فلموں میں استعمال ہونے والے تخیلاتی ٹیلی فون نمبر
امریکہ اور برطانیہ کی حکومتوں نے فلموں میں استعمال کے لیے فرضی ٹیلی فون نمبر وضع کیے ہیں۔ امریکی فلموں کے کرداروں کے ٹیلی فون نمبر 555 سے شروع ہوتے ہیں۔ تاہم بعض فلم سازوں نے اس اصول سے انحراف کرتے ہوئے اپنی فلموں کے کرداروں کو اصل فون نمبروں سے مماثل فون نمبر استعمال کرتے دکھایا ہے۔

image

10۔ فون نمبر میجک ٹِرک
ریاضی خشک علم تو ہے مگر اس کے اصول استعمال کرتے ہوئے بہت سے دلچسپ کھیل بھی ایجاد کیے جا چکے ہیں۔ ٹیلی فون نمبروں کے ضمن میں بھی ایک میجک ٹِرک موجود ہے جو کچھ یوں ہے: کوئی بھی سات اعداد والا ٹیلی فون نمبر لیجیے۔ مثال کے طور 9417990 لیجیے۔ اس کے پہلے تین اعداد کو 80 سے ضرب دیجیے۔ جو حاصل آئے اس میں ایک جمع کیجیے۔ حاصل جمع کو 250 سے ضرب دیجیے۔ حاصل ضرب میں اصل فون نمبر کے آخری چار اعداد جمع کیجیے۔ اس کے بعد آخری چار اعداد دوبارہ جمع کیجیے۔ حاصل جمع میں سے 250 نفی کر دیجیے اور باقی بچنے والے اعداد کو 2 سے تقسیم کر دیجیے۔آپ کے سامنے وہی نمبر ہوگا جو آپ نے ابتدا میں منتخب کیا تھا۔ واہ! کمال ہو گیا نا!!

image
YOU MAY ALSO LIKE:

You probably dial a few of them every day, but do you ever stop and think about the history behind a phone number? When were the first numbers introduced? How did you end up with a particular area code? We've got the answers to these quandaries and more in our collection of 10 fascinating facts that you might not know about the common phone number.