حج کی سعادت

حج ارکان اسلام میں سے ایک ہے۔ہر صاحب استطاعت مسلمان پر زندگی میں ایک دفعہ فرض ہے۔یہ انتہائی خوشی کی بات ہوتی ہے کہ اﷲ کسی مسلمان کو یہ سعادت عطا فرمائے۔یہاں اﷲ کی نشانیاں دیکھنے کو ملتیں ہیں۔سب سے پہلے بیت اﷲ کی کشش ہے۔آج سے چار ہزار سال پہلے یہ جگہ پہاڑوں کے درمیان ریگستان تھا۔ جس میں گھاس بھی نہیں اُگتی تھی پانی کا نشان تک نہ تھا۔ اب چار ہزار سال سے لوگ آب زمزم پی رہے ہیں۔ حضرت ابراہیم ؑ نے ایک چاردیواری بنا کر اﷲ کا گھر بنایا تھا۔ یہاں اپنی اولاد کے ایک حصے کو بے آب گیا جگہ پر اﷲ کے بروسے پر بسایا تھا۔اور اﷲ کے حکم سے کہا کہ لوگوں اﷲ کے گھر کی طرف کھچے چلے آؤ ۔ حج اور طواف کرو۔ اس وقت سے دنیا کے مسلمان اس کی طرف کھچے چلے آ رہے ہیں۔’’اور یاد کرووہ وقت جب ہم نے ابراہیم ؑ کے لیے اس گھر کی جگہ تجویز کی تھی اس ہدایت کے ساتھ کہ میرے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو،اور میرے گھر کوطواف کرنے والون اورقیام ورکوع و سجود کرنے والوں کے لیے پاک رکھ،اور لوگوں کو حج کے لیے پُکاردے کہ وہ آئیں تیرے پاس ہر دور دراز مقام سے پیدل اور اونٹوں پر سوار‘‘ (الحج۲۶۔۲۷) اس فرمان کی وجہ ہے کہ لاکھوں مسلمان یہ کہتے ہوئے آتے ہیں ۔’’ میں حاضر ہوں،یا اﷲ میں حاضر ہوں،میں حاضر ہوں بیشک تمام تعریفیں اور نعمتیں تیرے لیے ہیں اور ملک بھی، تیرا کوئی شریک نہیں‘‘یہ اﷲ کی ایک نشانی ہے۔خانہ کعبہ امن کا گھر ہے۔اﷲ کا گھر جب سے بنا ہے امن کا گھر ہے۔’’اورجب ہم نے خانہ کعبہ کو لوگوں کے لیے جمع ہونے اور امن پانے کی جگہ مقرر گیا‘‘(البقرۃ۱۲۵) حضرت ابراہیم ؑ کے بعد سے اب تک یہ امن کا گھر ہے بلکہ جس شہر میں واقع ہے وہ شہر بھی امن والا ہے۔ اس کے ارد گرد کئی کئی میل کا علاقہ ایک ایسا حرم ہے جس کے گردوپیش کسی نوعیت کی بدامنی نہیں ہو سکتی۔روئے زمین پر اس حرم پاک کے سوا کوئی دوسرا علاقہ ایسا نہیں یہاں اس معنی میں امن موجود ہو۔ حضرت ابراہیم ؑ کے بعد عرصہ تک عرب بدامنی میں مبتلا تھا۔قتل وغارت عام تھی۔کسی کی جان ومال محفوظ نہ تھا۔لیکن اس پورے ملک میں صرف یہ حرم پاک ہی ایک ایسا خطہ تھا جہاں صدیوں کے دوران کامل امن تھا۔عرب کے لوگ خون ریزی اور لوٹ مار کرتے تھے۔ان کے قبائل میں سو سو سال مسلسل لڑائیں رہتی تھیں پشت در پشت انتقام کا چکر چلتا رہتا تھا۔ مگر ان کا بھی حال یہ تھا کہ اس حرم کے حُدود میں پہنچتے ہی ان کے ہاتھ رک جاتے تھے۔یہ اﷲ کے فرمان کی برکت تھی کہ ’’جو اس میں داخل ہوا وہ امن میں آگیا‘‘(آل عمران ۶۷)اس نشانی کی طرف اﷲ نے اس طرح اشارہ کیا’’کیا یہ لوگ دیکھتے نہیں ہیں کہ ہم نے ایک پر امن حرم بنا رکھا ہے حالانکہ ان کے گرد و پیش لوگ اُچکے جارہے ہیں‘‘(عنکبوت۶۷) اس سے بھی بڑی نشانی وہ عربی زبان ہے۔دنیا میں کوئی بھی ایسا ملک نہیں ہے جہاں چار ہزار سال سے صرف ایک زبان بولی جاتی ہو۔یہ اسی بیت اﷲ کی برکت کی وجہ سے ہے۔ دنیا کے ملکوں میں بیسوں زبانیں بولی جاتی ہیں مگر عرب میں صرف عربی زبان بولی جاتی ہے۔اپنے ملک پاکستان کی مثال لے لیں اس میں پنجابی، پشتو،سندھی اور بلوچی اور بھی کئی زبانیں بولی جاتیں ہیں۔ یہ کس وجہ سے ہوا؟ جب اﷲ نے اس گھر کو مرکز و مرجع بنایا اور حضرت ابراہیم ؑ کو حکم دیا کہ لوگوں کو حج کی دعوت دو۔اور ساتھ یہی ساتھ یہ فیصلہ فرما دیا کہ سال میں چار مہینے ذی القعدہ،ذی الحجہ اور محرم حج کے لیے اور رجب عمرے کے لیے حرام قرار دیے جائیں۔ان چار مہینوں میں لڑائی بند رہے گی۔حج اور عمرے کو آنے والوں کو ئی بھی نہیں چھیڑے گا۔یہ اﷲ کی طاقت تھی کہ عرب نسل در نسل اس حکم پر عمل کرتے چلے آ رہے ہیں۔حج کے زمانے میں لوگ آپس میں ملتے ہیں اس سے ایک قوم ایک زبان ہونے کا تصور عربوں میں پیدا ہوا۔ یہ حج نہ ہوتا توہزاروں برس کی بدامنی نہ مٹ چکی ہوتی۔ایک اور نشانی پر بات کرتے ہیں وہ یہ ہے کہ جب ابراہیم ؑ نے اپنی اولاد کے ایک حصے کو یہاں لا کر چھوڑا تھا اس وقت یہاں کوئی شہر تو درکنار کوئی چھوٹا سا گاؤں تک نہ تھا۔ان کی زبان سے یہ دعا نکلی تھی’’اے ہمارے پروردگار! میں نے اپنی نسل کا ایک حصہ لا کر بے آب و گیا وادی میں بسا دیا ہے،تیرے حُرمت والے گھر کے پاس ،اے پرودگار ، اس لیے کہ وہ نماز قائم کریں۔ پس لوگوں کے دل ان کی طرف مائل کردے اور ان کو پھلوں سے رزق دے تاکہ یہ شکر گزار ہوں‘‘(ابراہیم۳۷) اس بیت اﷲ کے گرد مکہ آباد ہوا۔تمام عرب کا مرکز بن گیا۔تجارتی قافلے یہاں آنے لگے۔اسلام سے صدیوں پہلے یہ شہر ایک تجارتی مرکز بن گیا تھا۔آج بھی مکہ کے بازاروں میں دنیا کی ہر چیز دستیاب ہے۔یہ ابراہیم ؑ کی دعا کا نتیجہ ہے۔یہ ساری چیزیں کس وجہ سے ہوئی ہیں ؟ یہ ابراہیم ؑ اور ان کے صاحبزادے حضرت اسماعیل ٗ کی دعا کی تکمیل کی وجہ سے اﷲ نے کیں۔ وہ کیا تھی’’اور جب ابراہیمؑ اور اسماعیل ؑ اس گھر کی بنیاد اُٹھا رہے تھے تو وہ یہ دعا کر رہے تھے کہ اے ہمارے رب! ہماری اس سعی کو قبول فرما لے، یقیناً تو سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے۔اے ہمارے رب !اور ہم دونوں کو اپنا مسلم(فرمانبردار) بنا لے اور ہماری نسل سے ایک ایسی اُمت پیدا کر جو تیری مسلم ہو۔اور ہم کو ہماری عبادت کے طریقے بتا اور ہمارے قصور معاف کر، بے شک تو ہی توبہ قبول کرنے والا رحیم ہے۔ اے ہمارے رب!اور ان لوگوں کے اندر خود ان ہی میں سے ایک رسول مبعوث فرما جو ان کو تیری آیات سنائے اوران کو کتاب و حکمت کی تعلیم دے اور ان کا تزکیہ کرے،یقیناً تو ہی زبردست حکیم ہے‘‘(البقرۃ۱۲۷۔۱۲۹) یہ تھا وہ اصل مقصد جس کے لیے عرب قوم اور عربی زبان کو زندہ رکھنے کا اہتمام فرمایا گیا تھا۔حضرت ابراہیم ؑ اور حضڑت اسماعیل ؑ کی دعا کا نتیجہ ہی ہے کہ اسی مکہ شہر سے محمد عربی صلی اﷲ علیہ و سلم کو اﷲ نے مبعوث کیا۔یہیں سے ایک عظیم الشان امت مسلمہ کو اُٹھایا ۔ قیامت تک یہ امت توحید کی علم بردار بنی۔ یہ اﷲ جل شانہ کی نشانیوں میں سے سب سے بڑی نشانی ہے جس کا مشاہدہ آج ہم اور ساری دنیا اس حرم میں کر رہے ہیں۔ اسی مکہ سے رسول ؐاﷲ نے اپنی دعوت کا آغاز کیا۔اس صفا کی پہاڑی پر کھڑے ہو کر قریش کے خاندانوں کو نام بنام پکارا اور اﷲ وحدہ لا شریک پر ایمان لانے کی تلقین کی۔ حرم کی زمین،ابوقیس کا پہاڑ،مکہ کی گھاٹیاں سے اس ظلم و ستم کی گواہ ہیں جو ۱۳ سال حضور اکرم صلی اﷲ علیہ وسلم اور آپؐ کے اصحاب ؓ پر توڑا گیا تھا۔ اﷲ نے ان سب کو نیچا دکھایا جو رسولؐاﷲ کو نیچا دکھا نے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لکھارہے تھے۔ آج یہاں کوئی ابو جہل اور ابو لہب کا نام لینے والا نہیں صرف اﷲ کی کبریائی اور محمد صلی اﷲ علیہ و سلم کے نام کی صدائیں حرم کے میناروں سے بلند ہو رہی ہیں۔یہی خانہ کعبہ جس کی کلید عثمان بن طلحہ سے عبادت کے لیے اﷲ کے رسولؐ نے مانگی تھی مگر اس نے انکار کیا تھا اور بدتمیزی بھی کی۔ جب مکہ فتح ہوا تو اس سے پھر رسولؐ اﷲ نے کلید طلب جو اس نے فوراً پیش کر دی ۔ حضرت عباسؓ نے یہ کلید باا صرار بنی ہاشم کو دینے کی درخواست کی مگر رسولؐ اﷲ نے اسی عثمان بن طلحہ کو دے دی اور فرمایا ’’ لے لو اسے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے تم سے اس کو کوئی نہ چھینے گا مگر ظالم‘‘ یہ فرمان پورا ہو ا آج تک کلید اس خاندان کے پاس ہے۔

محترم قارئین! مجھے اﷲ نے اسی محترم خانہ کعبہ بلایا ہے۔ حج کی سعادت عطا فرمائی ہے۔ اِن شاء اﷲ میں ۲ ستمبر کو ۸ بجے کراچی سے حج کے لیے روانہ ہوں گا میں آپ سے حج کا سفر آسان ہونے کی دعا کی درخواست کرتا ہوں۔ میری تحریروں سے اگر آپ کو کوئی تکلیف پہنچی ہو تو اس کی آپ سے معافی چاہتا ہوں۔ میں عرصہ ۵ سال سے پاکستان کے اخبارات میں اپنے کالم شائع ہونے کے لیے ارسال کرتا رہا ہوں اس دوران ٹیلیفون پر میری گفتگو ہوتی رہی ہے اس دوران مجھ سے ضرور غلطیاں ہوئی ہوں گی میں اخبارات کے تمام ایڈیٹر حضرات، ایڈیٹوریل عملے ، آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ اور ٹیلیفوں آپریٹرز حضرات سے سے معافی کا درخواست گزار ہوں آپ مجھے معاف فرما دیں۔ میں ان شاء اﷲ آپ حضرات کی لیے خانہ کعبہ پر پہلی نظر پڑتے ہی دعا کروں گا۔ اﷲ ہم سے راضی ہو آمین۔

Mir Afsar Aman
About the Author: Mir Afsar Aman Read More Articles by Mir Afsar Aman: 1130 Articles with 1095094 views born in hazro distt attoch punjab pakistan.. View More