عیدالاضحیٰ اور اس سال کے خوبصورت جانور ( خصوصی فیچر - 2 )

عیدالاضحیٰ کی تمام رونق خوبصورت اور تندرست جانوروں کی بدولت ہوتی ہے اور ان دنوں جس گلی محلے میں نظر دوڑائیں آپ کو ہر طرف خوبصورت جانور اور ان کو دیکھنے والا کا ایک ہجوم دکھائی دیتا ہے- عیدالاضحیٰ کے چاند کا اعلان ہوتے ہی کراچی کے علاقے سپر ہائی وے پر قائم کی جانے والی مویشی منڈی میں بھی جانوروں کی خرید و فروخت میں خاصی تیزی آجاتی ہے- ہماری ویب کی ٹیم نے اپنے قارئین کے لیے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی مویشی منڈی میں لائے گئے خوبصورت اور بیش قیمت جانوروں کی تصاویر اور ان سے متعلق معلومات اکھٹی کی ہیں- منڈی میں سب سے زیادہ قیمت والے جانور مشہور کیٹل فارم کے ہوتے ہیں- ان کیٹل فارم میں قابل ذکر آفریدی کیٹل٬ آصف شاہ کیٹل ٬ سندھ ڈیری فارم اور سرمہ والا اینڈ پرنس ہیں- ان کیٹل فارم میں موجود جانوروں کی قیمت 10 لاکھ سے لے کر 15 لاکھ تک ہے- ان جانوروں کی اتنی زیادہ قیمت کا سبب ان کا وزن٬ خوبصورتی اور قد کاٹھ ہے- اس سال ہماری ویب نے ان کیٹل فارم کی انتظامیہ کے علاوہ منڈی میں آنے والے خریداروں کی رائے بھی معلوم کی اور ان کی مشکلات کے بارے میں جانا- یہ تمام احوال آپ آرٹیکل میں پڑھنے کے ساتھ ساتھ ویڈیو میں دیکھ بھی سکتے ہیں-
 

آفریدی کیٹل فارم
آفریدی کیٹل میں ابھی تک 100 سے زائد جانور لائے جاچکے ہیں جبکہ 45 سے 50 جانور اب تک فروخت بھی کیے جاچکے ہیں اور اس کے علاوہ مزید جانوروں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے- اس فارم میں ہر نسل٬ رنگ اور قیمت کے جانور فروخت کیے جاتے ہیں- آفریدی کیٹل فارم کی سب سے خاص بات یہ تھی کہ یہاں وہ جانور بھی موجود ہے جسے صرف فارم کا ہی نہیں بلکہ پوری مویشی منڈی کا سب سے بڑا جانور ہونے کا اعزاز حاصل ہے- یہ دو بیلوں کی جوڑی تھی جس میں سے ہر ایک کا وزن 40 من تھا اور ان کی قیمت بھی ان کے وزن کے حساب سے یعنی 55 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے- ان خاص جانوروں کا تعلق ساہیوال سے ہے جبکہ ان کی غذائیں بھی خاص ہی ہوتی ہیں جن میں دودھ اور مکھن شامل ہے- اس کے علاوہ ان جانوروں کی غذا باہر سے منگوائی بھی جاتی ہے- ان جانوروں کو فارم کے الگ حصے میں خوبصورت برقی قمقوں کے نیچے رکھا گیا ہے اور انہیں دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد آفریدی کیٹل فارم کا رخ کر رہی ہے- جب انتظامیہ سے دریافت کیا گیا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے بھی کوئی فرق پڑا تو ان کا کہنا تھا کہ جانوروں کی تعداد اور قیمتیں تھوڑی بہت متاثر ہوئیں لیکن یہ فرق صرف درمیانے جانوروں کی قیمتوں میں آتا ہے اور کیونکہ بڑے جانور تو ویسے ہی بہت کم ہوتے ہیں-

image


آصف شاہ کیٹل فارم
اس کیٹل فارم میں چھوٹے بڑے یعنی ہر طرح کے جانور موجود ہیں- ویسے تو اس فارم کے مہنگے جانور فروخت کیے جاچکے ہیں البتہ اگر بات کی جائے فارم میں دستیاب جانوروں کی تو اس میں سب سے مہنگے جانور کی قیمت 15 لاکھ ہے اس جانور کا وزن 18 سے 20 من ہے جبکہ عمر 4 سال ہے- یہ جانور نہ صرف فارم کا مہنگا ترین جانور ہے بلکہ سب سے خوبصورت بھی ہے- اس جانور کو تندرست اور صحت مند رکھنے کے لیے خاص غذا فراہم کی جاتی ہے جس میں دودھ٬ گھی اور تیل شامل ہے- آصف شاہ کیٹل فارم کے مالک کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ عمر کے جانور نہیں رکھتے اور 4 سے 5 سال کی عمر تک پہنچنے پر ہی جانور کو لازمی فروخت کردیا جاتا ہے- آصف شاہ کیٹل فارم کے مالک خریداروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ پہلے خریدار پوری منڈی کا دورہ کرے اور دیکھے کہ کہاں جانور مہنگے ہیں اور کہاں سستے؟ اس کے بعد سودا کرے- ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تندرست جانور گھر جا کر کبھی بیمار نہیں ہوتا جبکہ ان کی بیمار ہونے کی وجہ مکمل ویکسینیشن کا نہ ہونا ہے- یہ ویکسنییشن مہنگی ہوتی ہے اور اسی وجہ سے اکثر بیوپاری نہیں کرواتے- اگر جانور کسی کیٹل فارم سے خریدے جارہے ہیں تو پھر انتظامیہ سے ویکیسنیشین کے بارے میں ضرور سوال کریں-

image

 


بابا انصاری کیٹل فارم
بابا انصاری کیٹل میں موجود سب سے مہنگے جانور کے بارے میں دریافت کیا گیا تو ہمارے سامنے ایک سنہرے رنگ کے حامل جانور لاکھڑا کیا گیا- دلچسپ بات یہ ہے کہ اس جانور کو کیمرے کے سامنے لانے سے قبل مکمل طور تیار بھی کیا گیا اور اسے ہار اور مہرے وغیرہ پہنائے گئے- فارم کی جانب سے اس جانور کی قیمت 15 لاکھ مقرر کی گئی ہے جبکہ خریداروں کی جانب سے 11 لاکھ تک پیشکش کی جاچکی ہے لیکن فارم اس قیمت میں جانور کو فروخت کرنے کا کوئی اراد نہیں رکھتا- کیٹل فارم کے منشی حسیب قریشی سے جب اس جانور کے وزن کے بارے میں پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ اس جانور کا زندہ وزن تقریباً 45 من جبکہ گوشت کا وزن 20 من ہے اور اس خوبصورت جانور کی عمر 4 سال ہے- جانور کی غذا کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسے خوراک میں دیسی کالا چنا٬ دیسی آٹا٬ دودھ٬ مکھن اور گھی وغیرہ کھلایا جاتا ہے- انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے جانور 4 سال سے 5 سال کی عمر تک فروخت کردیتے ہیں اور اس سے زیادہ عمر کے جانوروں کو کیٹل فارم میں نہیں پالا جاتا-

image


سندھ ڈیری فارم
سندھ ڈیری فارم میں اس سال 160 جانور لائے گئے جن میں صرف 90 جانور باقی ہیں جبکہ 70 جانور فروخت کی جاچکے ہیں- اس فارم کے سب سے مہنگے جانور دراصل افریقی نسل کے جانوروں کی ایک جوڑی ہے جس کی قیمت 28 لاکھ مقرر کی گئی ہے جبکہ خریداروں کی جانب سے اب تک فی جانور 10 لاکھ تک پیشکش آچکی ہے لیکن فارم کا ارادہ انہیں کم سے کم 11 لاکھ میں فروخت کرنے کا ہے- ان جانوروں کی عمر 3 سال ہے جبکہ ان میں سے ایک ایک جانور کا وزن تقریباً 19 من ہے- ان جانوروں کی غذا کے حوالے سے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ وہ انہیں دودھ٬ دہی٬ تیل٬ مکھن وغیرہ کھلاتے ہیں اور یہ تمام غذا ان کی اپنی فیکٹری میں تیار کی جاتی ہے- جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عام جانوروں کو بھی یہی غذا جاتی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ درمیانے جانوروں کی غذا میں دودھ اور مکھن کو شامل نہیں کیا جاتا اور یہ غذائیں صرف خاص جانوروں کو ہی دی جاتی ہیں-

image


سرمہ والا اینڈ پرنس کیٹل فارم
سرمہ والا کیٹل فارم میں اس سال 80 سے 85 جانور لائے گئے جن میں سے اب صرف 35 جانور فروخت کے لیے موجود ہیں اور باقی فروخت کیے جا چکے ہیں- جب انتطامیہ سے کیٹل فارم میں موجود جانوروں میں سے سب سے بیش قیمت جانور کے بارے میں دریافت کیا گیا تو ایک جوڑی کی جانب اشارہ کیا گیا- اس کیٹل فارم کی جانب سے جوڑی کی قیمت 30 لاکھ مقرر کی گئی ہے- اس خوبصورت جوڑی کی عمر 6 سال ہے اور انہیں وہی غذا کھلائی جاتی ہے جو کہ دیگر عام جانوروں کو فراہم کی جاتی ہے- اس غذا میں بھوسا اور چوکر وغیرہ شامل ہوتے ہیں-وزن کے بارے میں انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ان کے پاس جتنے بھی جانور موجود ہیں تمام کا وزن 8 من سے اوپر ہی ہے-

image

 

 

VIEW PICTURE GALLERY
 

YOU MAY ALSO LIKE:

Holy Eid-ul-Azha is the second greatest religious festival of the Muslims with solemnity and religious fervor. Eid-ul-Azha is known as the 'Festival of Sacrifice'. Especially for this purpose, the cows, sheep, goats and camel are offered to sell in the muslim countries. In this article many of beautiful cows are listed who catch attention to their buyers due to their beauty and size.