پیپلز پارٹی کا توپ خانہ
(M. Ibrahim Khan, Karachi)
کنٹرول لائن پر جھڑپیں جاری ہیں
مگر اِس سے زیادہ پریشان کن بات یہ ہے کہ ملک کے اندر اہلِ سیاست کو اب
کوئی کنٹرول لائن یاد ہے نہ سرحد۔ مُنہ کی توپوں کے دہانے ایسے کُھلے ہیں
کہ بیانات پر بیانات داغے جارہے ہیں۔ ع
وہ پَو پھٹی، وہ کرن سے کرن میں آگ لگی
کا سماں ہے۔ میڈیا کے محاذ پر ایک دوسرے کی پچھاڑنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ لگن
کا یہ عالم ہے کہ سب کا حافظہ جواب دیتا جارہا ہے۔ جس سے سیاست نے ایک
دوسرے کا مُنہ نہ دیکھنے والوں کو ملایا تھا وہی سیاست اب ایک بار پھر
اُنہیں فاصلے سے رہنے پر مجبور کر رہی ہے۔ سارا کھیل مفادات ہے۔ جب تک اپنا
کام چل رہا ہو تب تک سب اچھا لگتا ہے۔ جہاں گوٹ پھنسی، اصلیت کھل کر سامنے
آگئی۔
دھرنوں کے چولھے سے پُھوٹنے والی چنگاریوں نے کئی جماعتوں کو لپیٹ میں لیا
ہے۔ ڈی چوک کا محاذ اُٹھ کر پہلے مُلتان پہنچا اور اب سندھ تک آگیا ہے۔
’’فطری اتحادیوں‘‘ یعنی پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ میں ٹھن گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کی توپیں عرصے سے خاموش تھیں۔ ڈی چوک کا شکریہ کہ مُنہ سے گول
کرنے والے ڈی میں داخل ہوکر گول کرنے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ حالاتِ
حاضرہ پر لکھنے والے پیپلز پارٹی والوں کا شکریہ ادا کریں کہ وہ وقفے وقفے
سے بیدار ہوکر چُپ کا روزہ توڑتے ہیں اور پھر اِتنا اور ایسا کہہ جاتے ہیں
کہ تجزیوں کی ہانڈی میں پکاکر عوام کے سامنے پروسا جاتا ہے تو ’’خوشبو‘‘ ہی
سے طبیعت ’’تر و تازہ‘‘ ہوجاتی ہے!
پیپلز پارٹی نے ہر دور میں ایسے لوگ دیئے ہیں جو مُنہ کی توپ سے گولے داغ
کر دشمنوں کے قلعے مِسمار اور میڈیا والوں کی روزی روٹی کے محل تعمیر کرتے
آئے ہیں۔ چند برس پہلے تک ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے زورِ بیان کا عہدِ شباب
تھا۔ وہ جب بولتے تھے تو عوام اپنے دِل اور لکھنے والے قلم تھام لیا کرتے
تھے۔ اُن کا ایک بار کا کہا کئی دن کام آتا تھا۔ مگر پھر یہ ہوا کہ اُنہیں
دشمنوں کی نظر کھاگئی۔ ایسے بیمار پڑے کہ زبان کی صحت بھی دم توڑ گئی۔
فوزیہ وہاب بھی بیان داغنے کے کام میں کسی سے کم نہ تھیں۔ ٹی وی کے ٹاک شوز
میں مخالفین کے سامنے ڈٹ جانا اُنہیں خوب آتا تھا۔ مرحومہ بھی ایسا بولتی
تھیں جو لِکھنے کے جاں گُسل مرحلے کو آسان کر جاتا تھا۔ بُرا ہو حاسدین کا
جن کی بُری نظر نے فوزیہ وہاب کی زبان ہی نہیں، پورے وجود کو ڈس کر اُنہیں
دنیا سے رخصت کردیا۔
تین چار سال قبل پیپلز پارٹی نے میڈیا کے محاذ پر منظور وسان کو متحرک کیا۔
پیپلز پارٹی میں جوش کے ہاتھوں ہوش کھونے والوں کی کمی نہیں۔ مگر منظور
وسان خاصے دانش مند قسم کے جیالے ثابت ہوئے۔ موصوف نے ہر ایسی ویسی بات کو
بیان کرنے اور ردِعمل سے بچنے کے لیے خوابوں کا سہارا لیا۔ ہر بات کو
خوابوں کے سَر منڈھنے کا فائدہ یہ تھا کہ پیش گوئی یا تجزیہ غلط ثابت ہونے
پر موردِ الزام ٹھہرائیے تو خوابوں کو ٹھہرائیے۔ ع
صاف چُھپتے بھی نہیں، سامنے آتے بھی نہیں
والا انداز منظور وسان کو بہت سے بکھیڑوں سے بچاگیا۔
خورشید شاہ صاحب کی اب اگرچہ عمر نہیں رہی کہ کسی مناقشے میں پڑیں مگر وہ
بھی بیان بازی کے محاذ پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے فلور پر اُنہوں نے
باتوں کی چنگاریوں سے کشیدگی کے بُھوسے میں آگ لگانے کی بھرپور کوشش کی۔
اُن کا دم خم دیکھ کر مخالفین چند لمحوں کے لیے تو سکتے میں آگئے۔ شاہ صاحب
جذبات کی رَو میں بہتے ہوئے اِتنا کچھ کہہ گئے کہ تجزیہ کاروں اور کالم
نگاروں کی چاندی ہوگئی۔
شرجیل انعام میمن اور شرمیلا فاروقی نے بھی بیان بازی کی دیگ میں حصہ ڈالنے
کی بھرپور کوشش کی ہے۔ اِن دونوں نے بھی خود کو پیپلز پارٹی کے توپ خانے کی
فعال اور کارگر توپ ثابت کرنے میں کوئی کسر نہیں اُٹھا رکھی۔ ڈیڑھ دو سال
سے شرجیل میمن کو فرنٹ پر رکھا جارہا ہے۔ کہیں سے کسی مخالف بیان کی چڑیا
اُڑتی ہوئی آئے تو اُسے مار گرانے کی ذمہ داری شرجیل میمن کے سَر ہے۔ مگر
اُن کا کردار چڑیوں کے شکار تک محدود نہیں، کبھی کبھی وہ عُقابوں سے بھی
بِھڑ جاتے ہیں!
شرمیلا فاروقی دھان پان سی ہیں مگر بولنے میں کسی سے کم نہیں۔ ہم جیسے تو
منتظر ہی رہتے ہیں کہ اُن کے ہونٹوں سے کچھ ’’پُھول‘‘ جَھڑیں اور ہم قلم سے
مزید کچھ گُل کِھلانے کی راہ پائیں!
ایسا لگتا ہے کہ شرجیل میمن اور شرمیلا فاروقی کا بیڈ لک خراب چل رہا ہے!
اِن دونوں کو ہٹاکر اب پارٹی کے سربراہ بلاول زرداری میدان میں، بلکہ فرنٹ
پر آگئے ہیں۔ یا یُوں کہا جاسکتا ہے کہ بلاول فرنٹ پر لائے گئے ہیں۔ دو
ڈھائی ماہ سے ’’اسکرپٹ‘‘ کی بحث چھڑی ہوئی ہے۔ دوسروں کا تو ہمیں پتا نہیں،
ہاں بلاول کے معاملے میں کہا جاسکتا ہے کہ وہ اسکرپٹ کے مطابق بولتے ہیں۔
اُنہیں دیکھ اور سُن کر اندازہ ہوتا ہے کہ اسکرپٹ کے مطابق کس طرح بولا
جاتا ہے!
کوئی بے وقوف ہی یہ سوچے گا کہ بلاول جو مُنہ میں آرہا ہے، بول رہے ہیں۔ حق
یہ ہے کہ بلاول وہی بول رہے ہیں جو اُن کے مُنہ میں ڈالا جارہا ہے! صاف
محسوس کیا جاسکتا ہے کہ کوئی اُن کی زبان کی ڈور ہلا رہا ہے۔ یعنی ع
’’وہی‘‘ معشوق ہے اِس پردۂ رنگاری میں
بلاول نے اپنی ہی پارٹی میں بہت سوں کے پیٹ پر لات مار دی ہے۔ ایک تو
اُٹھتی جوانی اور پھر اُس سے بھی زیادہ اُٹھتا ہوا جوشِ خطابت۔ جذبات کی
شِدّت ایسی کہ جب وہ بولتے ہیں تو عمر سے چار پانچ سال بڑے دکھائی دینے
لگتے ہیں۔ چہرے پر بچپن اور لڑکپن اب تک سلامت ہے۔ بھرپور جوانی آیا چاہتی
ہے مگر بچپن کی سادگی ہے کہ جایا نہیں چاہتی! بلاول کا اُردو نہ جاننا اُن
کے فنِ خطابت کو دو آتشہ کرگیا ہے۔ جو لکھ کر دیا جائے، بول جاتے ہیں۔ جب
آڈینس کا رسپانس بتاتا ہے کہ وہ کچھ ایسا ویسا بول گئے ہیں تب اُن کے چہرے
پر بھرپور مسکراہٹ خطاب کرنے لگتی ہے! بہت سے لوگ باقی سب کچھ چھوڑ کر یہی
تماشا دیکھنے پی پی پی کے جلسوں میں شریک ہوتے ہیں!
کل کے بچے کو بہت خوبصورتی سے ’’لانچ‘‘ کردیا گیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی فلم
میں بلاول کی انٹری بھرپور رہی ہے۔ سیاسی فلم کے پہلے ہی فریم میں اُنہیں
قومی سیاست کے نو گزے پیروں سے بِھڑادیا گیا ہے۔ بلاول نے اپنی زبان سے جو
دھما چوکڑی مچائی ہے اُس کی پُشت پر یہ ’’فلسفہ‘‘ کام کر رہا ہے کہ سیاست
کے بڑے بلاول کی باتوں کے جواب میں کچھ کہنے سے گریز کریں گے کہ کل کے بچے
کو کیا جواب دیں۔ اور اگر چھوٹے میاں کبھی کچھ زیادہ ہی بول جائیں تو یہ
کہتے ہوئے جان چُھڑائی جاسکتی ہے کہ یہ تو بچہ ہے جی، زبان کا کَچّا ہے جی!
پیپلز پارٹی کا توپ خانہ فُل سوئنگ میں آتا جارہا ہے۔ بلاول زرداری نے
آرٹلری کمانڈر کا منصب اختیار کرتے ہوئے مخالفین کے سُکون کا بَیڑا غرق
کرنے کا بِیڑا اُٹھالیا ہے۔ پیپلز پارٹی میں ’’مُنہ کی کھانے والے‘‘ فی
الحال مُنہ کی کھائے بیٹھے ہیں یعنی اپنے ’’کمانڈر‘‘ کے احترام میں خاموش
ہیں۔ بلاول کی ’’گلابی‘‘ اُردو نے قوم کو وہ زمانہ یاد دلادیا ہے جب اُن کی
والدہ بھی ایسی ہی معصوم سی اُردو میں اظہارِ خیال فرماکر بہت سے ہونٹوں کے
لیے مسکراہٹ کا سامان کیا کرتی تھیں! پیپلز پارٹی کے پردۂ زنگاری میں بیٹھا
ہوا ’’معشوق‘‘ جو اسکرپٹ تحریر کر رہا ہے وہ ایک بچے کو وقت سے بہت پہلے
بالغ بنا رہا ہے۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے جیسے چُوزے کو انتہائی طاقتور فیڈ دے
کر تین ہفتوں میں مُرغے میں تبدیل کردیا جائے! اِس حرکت کو کسی بھی طور
بالغ نظری قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ہم جیسے بہت سے قلم باز تو چاہیں گے کہ
بلاول روز کچھ کہیں اور قلم گھسیٹنے کی سبیل نکلے مگر بلاول پر ترس آتا ہے
کہ جو عہدِ جوانی اُنہیں مغرب کے رنگین گلیاروں میں ہیلووین پارٹیز کو
انجوائے کرتے ہوئے گزارنا چاہیے وہ پاکستانی سیاست کے خار زاروں میں گزارنا
پڑ رہا ہے! ہیوی ویٹس کے مقابل فیدر ویٹ کو رِنگ میں اُتارنا خاصی اور خالص
گھریلو قسم کی بے ایمانی ہے! |
|