کراچی کو پاکستان کا تجارتی مرکز کہا جاتا ہے اور یہ ایک
ایسا شہر ہے جہاں کروڑوں کی تعداد میں لوگ بستے ہیں۔ یہ شہر اپنی مصرف
تجارتی سرگرمیوں ، رنگینیوں اور روشن راتوں کی وجہ سے جانا جاتا ہے۔ کراچی
میں لوگوں کی سب سے نمایاں اور پسندیدہ تفریحی سرگرمی گھومنا پھرنا ہے- اور
جب بات گھومنے پھرنے کی آئے تو اکثر لوگ اپنے دوستوں یا رشتے داروں کے ساتھ
مل کر کسی ہوٹل یا ریسٹورینٹ میں کھانا کھانے کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔
ایک مصروف ترین ہفتے کے اختتام پر آپ ضرور کسی پُر سکون مقام پر جانا چاہیں
گے، سوال یہ سامنے آتا ہے کہ آخر کہاں جائیں؟ کھانا کھانے کے لئے باہر جانا
کراچی میں سب سے زیادہ عام ہے کیوں کہ یہاں مختلف اقسام کے مشہور ریسٹورنٹس
اور فوڈ اسٹریٹس موجود ہیں، کھانا کھانے گھر سے باہر جانا اب ایک روایت کی
صورت اختیار کرتا جا رہا ہے۔ اور اب یہاں رش کی صورتحال یہ ہے کہ ان فوڈ
اسٹریٹس پر جانے والوں اگر ایک جانب گاڑی پارک کرنے کے لیے آسانی سے جگہ
نہیں مل پاتی تو دوسری طرف کھانے کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے- کراچی
کے رہائشیوں کی زندگیوں میں سیر و تفریح کو فروغ دینے میں ان فوڈ اسٹریٹس
کا بڑا اہم کردار ہے، اگر کراچی میں امن و آمان کی صورتحال برقرار رہے تو
یہ فوڈ اسٹریٹس کراچی کی معاشی ترقی میں بہت حد تک مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔
آج ہم کراچی کی چند مقبول ترین فوڈ اسٹریٹس کا ذکر کریں گے جو صرف کراچی ہی
میں نہیں بلکہ پورے پاکستان میں مشہور ہیں-
|
ایشیا کی سب سے بڑی فوڈ
اسٹریٹ٬ پورٹ گرینڈ:
پورٹ گرینڈ ایک تفریحی، خریداری اور کھانے پینے کی مشہور جگہ ہے، پورٹ
گرینڈ میں داخلہ فیس پاکستانی ڈھائی سو روپے ہے جس میں سے آپ دو سو روپے
کوپن کے طور پر استعمال کر سکتے ہیں، یہاں پر وائی فائی کی سہولت بھی موجود
ہے اور بہت سے کھانے پینے کی اشیاء اور خریداری کے اسٹال بھی لگے ہوئے ہیں۔
پورٹ گرینڈ پر دنیا بھر کے مشہور ترین ریسٹورنٹس کی شاخیں قائم کی گئی
ہیں-پورٹ گرینڈ سمندر سے قریب ہے اس لئے بھی یہ ایک پرسکون مقام ہے، پورٹ
گرینڈ میں موسیقی کے پروگرام بھی منعقد کیے جاتے ہیں جن میں نوجوان نسل کا
ایک ہجوم نظر آتا ہے۔ |
|
دو دریا فوڈ اسٹریٹ:
کراچی میں فوڈ اسٹریٹس کی بات کی جائے اور دو دریا کا ذکر نہ آئے ایسا ممکن
نہیں، سمندر کے کنارے ٹھنڈی ہوا میں کھلے آسمان کے نیچے کھانا کھانے کا مزہ
ہی کچھ اور ہے۔ دو دریا سی ویو کی سڑک پر واقع ہے یہاں کئی جانے مانے
ریسٹیورنٹس موجود ہیں جن میں سے فوڈز ضرور شامل ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ یہاں
موجود بیشتر ریسٹورنٹس میں وائی فائی اور بوفے کی سہولت بھی موجود ہے- ان
ریسٹورنٹس میں بیٹھ کر کھانا کھانا اور ساتھ ہی سمندر کے خوبصورت نظاروں سے
لطف اندوز ہونا ایک منفرد تجربے کا باعث بنتا ہے-
|
|
برنس روڈ کی فوڈ اسٹریٹ:
پرانی کراچی میں واقع ایک علاقہ عام طور پر برنس روڈ کے نام سے جانا جاتا
ہے۔برنس روڈ دو طرفہ گاڑیوں کی پارکنگ سے بھری مصروف سڑک ہے، یہاں
ریسٹورینٹس سڑک کے کنارے بنے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے سڑک پر لوگوں کا رش
رہتا ہے۔نہاری، کڑاہی، بریانی ، دھاگا کباب، حلیم، مچھلی، ربڑی، لسی اور
دہی بڑے یہاں کے مشہور کھانے ہیں۔
|
|
بوٹ بیسن فوڈ اسٹریٹ:
یہ جگہ ایک جھیل کے نام سے منسوب ہے،لانگ ڈرائیو پر جانے والے افراد عموماً
بوٹ بیسن پر کھانا کھاتے ہیں، یہ ایک لمبی سڑک ہے جس پر ریسٹیورنٹس بنے
ہوئے ہیں، ان میں سے کئی ریسٹیورنٹس ایسے ہیں جو رات دیر تک کھُلے رہتے ہیں
جبکہ بعض تو صبح پانچ بجے تک اپنی خدمات سرانجام دیتے رہتے ہیں۔ یہاں بھی
شہریوں کی ایک بڑی تعداد آتی ہے جو یہاں کے کھانوں کو بہت پسند کرتی ہے-
|
|
حسین آباد کی فوڈ اسٹریٹ:
کراچی کی دوسری مشہور ترین فوڈ اسٹریٹ حسین آباد کی فوڈ اسٹریٹ ہے- کچھ
عرصہ قبل یہاں صرف چند ہوٹل ہوا کرتے تھے لیکن جیسے جیسے ریسٹورنٹس میں
کھانے کا رواج عام ہوتا گیا ویسے یہاں بھی ریسٹورنٹس میں اضافہ ہوتا گیا۔
اس فوڈ اسٹیٹ پر مہنگے سے مہنگے اور سستے سے سستے ریسٹیورنٹس موجود ہیں اور
یہی وجہ ہے کہ لوگ یہاں آنا پسند کرتے ہیں، یہاں کی خاص ڈشوں میں بریانی،
حلیم، برگر، گول گپے اور پیزا شمار ہیں۔
|
|