(رمضان المبارک میں اصلاحِ حال، احتسابِ ذات) (گزشتہ سے پیوستہ)
(Professor Masood Akhter Hazarvi, luton)
شعبان المعظم 1435 ھ اپنے آخری دن گزر رہا
ہے۔ خیر و برکت، روحانی تربیت، اور احتسابِ ذات کا مہینہ ”رمضان المبارک“
عنقریب جلوہ گر ہونے والا ہے۔ قدرتی طور پراس موسم میں مسلمانوں کے مذہبی
جذبات میں تازگی آتی ہے اور عبادات کی طرف وفورِ شوق بیدار ہو جا تا ہے۔
رمضان المبارک قدرت باری تعالیٰ کا اک انوکھا نرالا فیضان ہے جس میں علم و
عرفاں، خود آشنائی اور خدا آشنائی کی موسلادھار بارش ہوتی ہے۔ یہ ایک حقیقت
ہے کہ مسلمانوں کو دین سے وابستہ رکھنے کیلئے رمضان کے موسم بہار کا شاندار
ماضی ہے۔ اور بہار کے یہ لیل و نہار سلامت رہے تو انشا ء اللہ مستقبل بھی
درخشاں ہے۔ یہ اسلامی سال کا نواں مہینہ ہے۔ اس کے روزوں کی فرضیت کا حکم
شعبان المعظم 2 ھ میں آیا۔ اس طرح نبی کریمﷺ نے روزوں کی فرضیت کے بعد
اپنی مبارک زندگی میں اللہ تعالی کی تجلی ذات کے مظہر اتم ”رمضان المبارک“
کے نو سال گزارے۔ قرآن پاک میں ہے کہ کل مہینے بارہ ہیں اور چار ان میں سے
حرمت والے ہیں (رجب، ذیقعد، ذوالحج اور محرم)۔ لیکن قرآن مجید میں صراحت کے
ساتھ نام کسی کا بھی ذکر نہیں ہے۔ اسلامی کیلنڈر کے بارہ مہینوں میں سے صرف
ایک رمضان المبارک کا ہی مہینہ ہے جس کام صراحت کے ساتھ قرآن پاک میں موجود
ہے۔
یقینا قرآن پاک کی رو سے روزہ کی مقصدیت حصولِ تقویٰ ہے۔ لیکن سوال یہ پیدا
ہوتا ہے کہ اگر ایک شخص صبح صادق سے غروب آفتاب تک کھانے، پینے اور مباشرت
وغیرہ سے اجتناب کرتا ہے تو اس سے متقی، پرہیزگار اور خشیت و للہیت کا حامل
کیسے بن جائے گا؟
صورت حال یوں ہے کہ حالتِ روزہ میں کئی مواقع ایسے میسر آتے ہیں کہ ایک طرف
بھوک اور پیاس کی شدت ہے تو دوسری طرف لذیذ ٓاورخوش ذائقہ کھانے اور ٹھنڈے
مشروبات بھی موجود ہیں۔ حالتِ خلوت ہے اور بظاہر دیکھنے والا بھی کوئی نہیں۔
دل میں کھانے کی خواہش پیدا ہوتی ہے اور ہاتھ کھانے اور پینے کی طرف بڑہنے
کی کوشش کرتا ہے لیکن عین اسی وقت روز ہ دار کا ذاتِ باری تعالی پر غیر
متزلزل ایمان اور یقین آڑے آجاتا ہے۔ اس کا ضمیر بیدار ہو جا تا ہے اور اسے
جھنجھوڑ کر بتاتا ہے کہ تجھے وہ ذات دیکھ رہی ہے جو تیری شاہ رگ سے بھی
قریب تر ہے۔ دل کی دھڑکنوں سے ایک آواز آتی ہے اور نادیدہ سی قوت اسے کھانے
پینے سے روک دیتی ہے کہ تو حالت روزہ میں ہے لہذا اِس وقت یہ عمل تیرے لیے
حرام ہے۔ کیونکہ تیرے مالک حقیقی نے اس سے اجتناب کرنے کا حکم فرمایا ہے۔
اسی طرح یہ سلسلہ ہر روز حالت روزہ میں ایک طویل دورانیہ میں میں جاری رہتا
ہے۔ پھر ایک مہینہ تک اس کی مشق ہوتی ہے۔ جب یہ ماہ مبارک اپنے اختتام کو
پہنچ جائے تو نفس امارہ اور شیطانی وساوس جب پھر کسی حرام کی طرف رغبت
دلائیں گے تو وہاں یہی مشق کام آئے گی۔ اُس کے دل سے آواز اٹھے گی کہ ”
تیرے رب ذوالجلال نے اسے تیرے لیے حرام کیا ہے لہذااس سے باز آجا“ اور وہ
اس سے رک جاتا ہے۔ یہی کیفیت قلبی جو دل میں نیکی کی الفت ومحبت اور گناہ
کی نفرت کا جذبہ اور تڑپ پیدا کر دے ”تقوی“سے تعبیر کی جاتی ہے۔یہی روزہ کا
مقصود اصلی ہے۔اگرچہ دیگر عبادات کا مقصد بھی حصول تقوی ہے لیکن ایک ماہ کے
طویل عرصے تک تریبیت کی ایک خاص مشق کی امتیازی اور انفرادی حیثیت اسلام کے
نظام عبادات میں صرف روزہ کو حاصل ہے۔ حدیث قدسی ہے ” کل عمل ابن آدم لہ
الا الصیام فانہ لی و انا اجزی بہ (بخاری۔ مسلم۔ نسائی بحوالہ ریاض
الصالحین عن ابی ہریرۃ) کہ ”اولاد آدم کا ہر عمل اس کیلئے ہے سوائے روزہ کے۔
یہ فقط میری خوشنودی کیلئے ہوتا ہے اور اس کی جزا بھی میں خود ہی دوں گا“
اسی طرح آپﷺ نے ارشاد فرمایا ”من صام رمضان ایمانا و احتسابا غفر لہ ما
تقدم من ذنبہ“ (بخاری، مسلم، احمد بحوالہ ریاضالسالحین) یعنی جس نے اللہ
تعالیٰ پر ایمان رکھتے ہوئے اور اس کی رضا جوئی کیلئے رمضان المبارک کے
روزے رکھے، اس کے سابقہ تمام گناہوں کو معاف کر دیا جائے گا۔
ایک اور پہلو بھی قابل توجہ ہے کہ جوشخص مخصوص اوقات میں اللہ کی خوشنودی
کیلئے اور حکم الہی کی تعمیل میں عارضی طور پر اپنی خون پسینے اور حق حلال
کی کمائی کو کھانے پینے اور جائز عمل مباشرت تک سے رک جاتا اور ایک ماہ تک
اس کی تربیت پاتا ہے۔ اگر روزہ کے مفہوم کو حقیقی معنوں میں سمجھ کر اس نے
روزے رکھے تو بعد از رمضان کیسے ہو سکتا ہے کہ وہ کسی حرام خوری کی طرف
راغب ہو یاحرام کاری کی طرف جائے۔ علاوہ ازیں حالت روزہ میں یہ پہلو بھی
قابل غور ہے کہ عارضی طور پر حرام کی ہوئی چیزوں سے تو بچے اورجو ہمیشہ
کیلئے حرام ہیں (مثلا غیبت، جھوٹ، چوری چکاری، رشوت خوری، بد نظری یا بد
دیانتی وغیرہ) ان سے باز نہ آئے تو پھر بھی روزہ کا وجود تو رہتا ہے لیکن
اس کی روح پرواز کر جاتی ہے۔
روزے کی منجملہ حکمتوں میں سے ایک یہ بھی ہے کہ ہو سکتا ہے کسی کی زندگی اس
قدر پر آسائش ہو کہ اسے کبھی بھوک اور پیاس کی شدت کا احساس ہی نہ ہوا ہو۔
بھوک لگی تو طرح طرح کے کھانے موجود اور حالت پیاس میں مشروبات
دستیاب۔چونکہ روزہ ہر امیر و غریب پر فرض ہے اس لئے پیاس اور بھوک کی شدت
کا احساس پا کر یقینا بھوکوں اور پیاسوں کی تکلیفوں کا احساس اجاگر ہوتا
ہے۔ اسی سے سماج میں بھوکوں، پیاسوں اور غمزدہ لوگوں کو دیکھ کر ان کیلئے
ہمدردی اور غمگساری کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ اس طرح روزہ معاشرتی طور پر
بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی میں توازن اور حقوق العباد کی ادا ئگی میں
معان ثابت ہوتا ہے۔
ہمارے کتنے ہی اعزہ واقارب اور دوست احباب ہوں گے جو گزشتہ سال ہمارے ساتھ
موجود تھے لیکن آج منوں مٹی کے نیچے قبروں میں مدفون ہیں۔ کچھ وہ بھی ہیں
جنہیں ہم نے پچھلے سال صحیح سلامت دیکھا تھا لیکن آج وہ بستر علالت پر ہیں۔
اور کچھ وہ بھی جو موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ کیا معلوم کہ عنقریب
آ نے والا رمضان شریف کا مہینہ ہم میں سے کس کس کی زندگی کا آخری رمضان ہو۔
اس لئے آؤ کہ ان لمحات کو غنیمت جانتے ہوئے خیر و خوبی کے ساتھ رمضان
المبارک کا استقبال کریں۔ نہ جانے زندگی میں پھر یہ پر کیف ساعتیں نصیب ہوں
کہ نہ ہوں۔ دعا ہے کہ مسلم امہ کیلئے یہ ہلال ِرمضان خیرو عافیت کا پیام
لائے۔ ہمیں ہوش کے ناخن لینے کی توفیق ملے۔ اسلام کی عظمت رفتہ بحال ہو اور
ہماری زندگیوں میں ایک مرتبہ پھر صبح پرنور کا سویرا طلوع ہو۔ |
|