محبتِ رسول ﷺ اور اس کے تقاضے

 بسم اﷲ الرحمان الرحیم (حدیث د لربا) ’ محبتِ رسول ﷺ اور اس کے تقاضے

اﷲ تعالیٰ نے حضور نبی کریم ﷺ کی محبت کو ایمان کی بنیاد قرار دیا بلکہ اپنی محبت کا ذریعہ بھی کہا کیونکہ دعوے کے ساتھ دلیل کا ہونا دعوے کی سچائی کو ثابت کرتا ہے اس لیئے اﷲ سے محبت کر نے کا دعویٰ کرنے والے سے دلیل کے طور پر محبت ِ رسول ﷺ کی سند پیش کرنے کا حکم دیا ہے گویا محبتِ رسول ﷺ کے بغیر اﷲ سے محبت کا دعویٰ مسترد کیا گیا ہے اﷲ تعالیٰ کا ارشاد ہے (وان کنتم تحبون اﷲ فالتبعونی یحببکم اﷲ) اگر تم اﷲ سے محبت کرتے ہو تو میری اتباع کرو اﷲ تم سے سے محبت کرے گا ۔ اس طرح یہ بھی ارشادہے کہ (یٰایھا الذین اٰمنوا لا تقدموا بین یدی اﷲ ورسولہ واتقوا اﷲ ط ان اﷲ سمیع علیم (۱) یٰایھا الذین اٰمنوا لا ترفعوا اصواتکم فوق صوتِ النبی ولا تجھروا لہ با لقول کجھربعضکم لبعض ان تحبط اعمالکم وانتم لا تشعرون (۲) ۴۹!۱ !۲ تفھیم القرآن ج۵)اے لوگو جو ایمان لائے ہو اﷲ اور اس کے رسول ﷺ کے آگے پیش قدمی نہ کرو اور اﷲ سے ڈرتے رہو اﷲ سب کچھ سننے اور جاننے والا ہے ۔اے وہ لوگو جو ایمان لائے ہواپنی آواز نبی ﷺ کی آواز سے بلند نہ کرو اورنہ نبی ﷺ کے ساتھ اونچی آوازسے بات کیا کرو جس طرح تم آپس میں ایک دوسرے سے کرتے ہو،ایسا نہ ہو کہ تمہارا کیا کرایا سب غارت ہوجائے اور تمہیں خبر بھی نہ ہو۔اﷲ رب العالمین نے حضورِ اکرم ﷺ کی محبت کو جزو ِ ایمان قرار دیا اور رسول ﷺ کی محبت کو اپنی محبت اوررسول ﷺ کی اطاعت کو اپنی اطاعت سے منسلک کیامسلمان ہونے کے لیئے بھی جو کلمہ پڑھنے کا حکم دیاگیا اس کے معنی بھی اﷲ کی توحید اوررسول اﷲ ﷺ کی رسالت کا اقرار ہے (لاالٰہ الا اﷲ محمد رسول اﷲ) محبت رسول ﷺ کی اس سے بڑی دلیل کوئی نہیں ہو سکتی ۔خود رسول اﷲ ﷺ کا ارشاد ہے(لایٔومن احد کم حتیٰ اکون احب الیہ من والدہ وولدہ والناس اجمعین ) تم میں سے ہر گز مٔومن ہو نہیں سکتا جب تک کہ وہ اپنے ماں باپ اپنی اولاد اورپوری دنیا کے لوگوں سے زیادہ مجھ سے محبت نہ کرے گویا ایمان کے لیئے محبتِ رسول ﷺ کو شرط قرار دیدیا ۔محبت کا قاعدہ یہ ہے کہ جس سے محبت ہو اس کی ہرادا سے پیارہوتاہے اس کی شخصیت کے ہر انداز کو اپنا یاجاتا ہے اس کے ہر حکم اورتعلیمات پر عقیدت وجذبے سے عمل کیا جاتا ہے اگر چہ جاں گسل اور کٹھن ہی کیوں نہ ہو۔ لیکن جس کی محبت کا تذکرہ ہو رہا ہے اس کی زندگی کے ہر پہلو کی مکمل پیروی کرنے کا پابند بنایا گیا ہے ۔اﷲ رب العالمین کا ارشاد ہے ۔لقد کان لکم فی رسول اﷲ اسوۃ حسنۃ لمن کان یرجوا اﷲ و الیوم الاٰخروذکراﷲ کثیراً(الاحزاب۲۱) رسول کریم ﷺ کی زندگی تمہارے لیئے بہترین نمونہ ہے۔محبت کا تقاضہ ہے کہ رسول کریم ﷺ کی سیرت و صورت کو اس کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ اس کے علاوہ حضور ﷺ کے لائے ہوئے دین کے ہر گوشے کی حفاظت کی جائے۔اور اس کی حفاظت کے حوالے سے جان و مال اور اولاد کی قربانی دینا پڑے تو ایمان کا حصہ سمجھ کر دی جائے ۔ نبی کریم ﷺ کے جاں نثاروں کی قربانیاں ہمارے لئے امثال کا درجہ رکھتی ہیں ۔جب نبیٔ کریم ﷺ نے دعوت حق کا آغاز کیا تو قریش مکہ کی طرف سے مخالفت کی بھی ابتداء ہو گئی جیسے کہ ان کے سروں پہ بجلی کوند گئی ہو پھر کیا تھا ایک طوفان بپا ہو گیا ہر طرف مذاق ،ہلڑ بازی اوردلیل کے بجائے ہٹ دھرمی سے مقابلہ شروع کر دیا اس دعوت پرایمان لانے والوں نے ہر قربانی کے لیئے اپنے آپ کو تیار کرلیا سب سے پہلے حضرتِ خدیجہ ؓ ایمان لائیں اپنا مال اور اپنا آپ جو پہلے سے حضور ﷺکی زوجیت کے حوالے سے حضور ﷺ کی ملکیت میں تھاہرطرح کی آزمائش اور قربانی کے لیئے وقف کر دیااور سارے مصائب جھیلنے کے لیئے تیار ہو گئیں ۔اسی دوران میں حضور ﷺ کو جو تکلیفیں پہنچتیں ان کو ہلکا کرنے کی کوشش کرتیں گویا گھر میں اطمینان حاصل ہوتا۔اس کے بعد حضرت علیؓ جن کی عمر اس وقت دس سال کی تھی ایمان لائے حضرت علی ؓ واحد شخص ہیں جو حضور ﷺ کے گھر میں رہنے کی وجہ سے شائد قریشِ مکہ کی طرف سے بہت زیادہ سختیاں برداشت نہیں کیں ( سوائے بنی ہاشم و بنی عبد المطلب کے شعب ابی طالب میں محصور ہونے کے دوران اجتماعی تکالیف کے) ایک تو کم عمر تھے اور دوسرا حضور ﷺ کے گھر کے فرد تھے (سیرت ابنِ ہشام ص ۲۴۵) اس کے بعد حضرت زید بن حارثہ ؓ جو آپ ﷺ کے غلام تھے ایمان لائے(سیرت ابنِ ہشام ص۲۴۷)اس کے بعد حضرت ابو بکر صدیق ؓ جو آپ ﷺ کے دوست اور ہم اثر تھے ایمان لائے پھر یکے بعد دیگرے لوگ اسلام قبول کرتے گئے اور قریش مکہ کی سختیاں بھی بڑھتی گئیں لیکن رسول اﷲ ﷺ کی محبت و عقیدت اسی رفتار سے بڑھتی چلی گئی۔اور جاں نثارانِ مصطفی ﷺ نے نہ صرف مالی قربانیاں دیں بلکہ جانی قربانیاں بھی دیں۔یوں تو اصحابِ ؓ رسول ﷺ کی مجموعی طور پر قربانیاں قابلِ رشک ہیں لیکن (اولون الصادقون)رضوان اﷲ تعالیٰ کی قربانیوں کی مثال تاریخِ انسانی میں نہیں ملتی کہ حضور علیہ السلام کے سامنے ڈھال بن کر کھڑے ہو جائیں اور سامنے سے آنے والے تیر اپنے جسموں سے روکیں۔قریش مکہ نے اسلام قبول کرنے والوں پر ظلم کی انتہا کر دی اور سخت سے سخت سزائیں دیں لیکن محبت رسول ﷺ میں ہر سزا برداشت کی ۔یہاں سیرت رسول ﷺ لکھنا مقصود نہیں بلکہ محبتِ رسول ﷺ کے چند عملی نمونے پیش کرنا ہیں تاکہ دعویٰ محبت کر نے والوں کویہ بتایا جائے کہ رسول اکرم ﷺ جان و مال،والدین،اولاد، اور پوری دنیا کے انسانوں سے زیادہ محبت کیسے ہوتی ہے۔جب رسولاﷲ ﷺ کو ہجرت کا حکم ملا تو آپؐ کے پاس لوگوں کی امانتیں تھیں رات کونکلنا تھا اﷲ تعالیٰ نے آپؐ کوکفار کے منصوبے سے آگاہ کر دیا کہ تمام قبائل عرب سے نمائندہ جنگ جو جتھا سوتے میں شہید کرنے کی منصوبہ بندی کرچکا ہے۔حضور علیہ السلام نے اپنے ہی گھر کے فرد حضرت علی رضی اﷲ عنہ کو حکم دیا کہ میری طرف سے ساری امانتیں واپس کر کے مدینے آنا چنانچہ حضرت علی ؓ حضو ر ﷺ کے بستر پر سوگئے یہ سمجھتے ہوئے کہ یہ بستر سونے والے کی شہادت گاہ بنے گا لیکن جومحبت رسول ﷺ کو ایمان کا حصہّ قراردے اس کو جان کی قربانی دینا جنت کے حصول کا ذریعہ سمجھتا ہے۔حضرت علیؓ ثابت کیا کہ نبی علیہ السلام جان سے زیادہ پیارے ہیں۔ادھر صدیق اکبر ؓ حضور ﷺکے ہمراہ ہجرت کے پہلے مقام غارِ ثور کی طرف چلتے ہوئے کبھی حضورؐ کے ا ٓگے اور کبھی پیچھے چلتے اس خیال سے کوئی دشمن تعاقب میں نہ ہو اور کوئی گھات لگا کے نہ بیٹھا ہو اور حضور ﷺ کو نقصان نہ پہچائے حضرتِ صدیق ؓ نے ثابت کیاکہ حضور ﷺ کی ذات صدیق ؓ کی جان سے زیادہ عزیز اور قیمتی ہے۔یوں تو ابتداء میں ایمان لانے والوں پر کفار نے بہت زیادہ ظلم ڈھائے اور مطالبہ یہی تھا کہ جس شخص کے کہنے پر ایمان لائے ہواور اپنے آپ کو مشکل میں ڈال رہے ہو چھوڑ دو تمہیں انعام و اکرام سے نوازا جائے گا۔ایک ہی جواب تھا کہ جس رسول ﷺ پر ایمان لاچکے وہ ہماری جان و مال،والدین، اولاد عزیزواقارب،وطن، اور پوری دنیا کے انسانوں سے زیادہ عزیز اور محبوب ہیں کسی بھی قیمت پر ان کا دامن چھوڑا نہں جاسکتا اور ان شخصیات نے اپنے عمل سے ثابت کیا کہ محبت ِرسول ﷺ کس قدر اہم اور عزیز ہے۔غزوۂ بدر میں باپ بیٹے کے مقابلے میں تھا اور بیٹا باپ کے اور قریبی رشتہ دار ایک دوسرے کے سامنے تلواریں سونتے کھڑے تھے اور باطل کے پیرو کاروں سے حق کے پیروکار لڑ رہے تھے رشتہ داری کی محبت ہیچ تھی جبکہ رسول اﷲ ﷺ کی محبت فائق تھی یہ منظر تاریخ انسانی نے پہلے کبھی نہیں دیکھا ہو گا۔یہ صرف محبت ہی کا نہیں بلکہ اطاعت کا بھی اعلیٰ نمونہ تھا کہ رسو ل ا ﷲ ﷺکے حکم پر مر مٹنے پر تیار اور عمل پیرا سبحان اﷲ۔سب سے بڑی مشکل غزوۂ احد میں پیش آئی جب نبیٔ کریم ﷺ زخمی ہوکر گرپڑے دندان بھی شہید ہوئے حضرت علیؓ نے سہارادیا اورحضرت طلحہ بن عبید ؓ اﷲ نے آپؐ کو اٹھایا جب آپؐ کھڑے ہوئے تومالک بن سنان ؓ نے آپ ؐ کے چہرے پہ بہنے والا خون جوش محبت میں نوش کر لیا(سیرت ابنِ ھشام ج ۲ ص ۸۰)یہ محبت رسول ﷺ کی ایک اور اعلیٰ مثال،اسی طرح حضرت ابو عبیدہ بن الجراح ؓ نے خود کی کڑیاں اپنے دانتوں سے نکالنے کی و جہ سے آپ کے دونوں دانت یکے بعد دیگرے ٹوٹ گئے ۔حضرت ابو دجانہ ؓ آپ کے سامنے ڈھال بن کر کھڑے ہوگئے اور تیر ان پرلگتے رہے،حضرت سعد بن ابی وقاصؓ آپ ؐ کے دفاع میں دشمنوں پر تیر چلاتے رہے اس طرح دس جاں نثاروں نے اپنی جانیں حضور علیہ السلام پر قربان کیں اور یہ ثابت کیا کہ جان عالم ہماری جانوں سے زیادہ قیمتی اور محبت کا مرکز کا مرکز و محور ہیں۔بنی دینار کی ایک خاتون جس کے شوہر ،بھائی،اور باپ جنگ میں شہید ہو چکے تھے اس کو جب بتایا گیا اس نے ایمان افروز جواب دیا کہ یہ بتائیں کہ رسول اﷲ ﷺ کاکیا حال ہے اسے بتایا گیا کہ حضور ﷺ خیریت سے ہیں تو اس نے کہا مجھے ان سے ملائیں جب ملاقات ہوئی تو عرض کیا آپؐ سلامت ہیں تو ساری مصیبتیں ہیچ ہیں(سیرت ابن ہشام ج ۲ ص ۹۹) یہ مثالی محبت رسول ہے کہ جو باپ،شوہر ،بھائی سے زیادہ عملاً ثابت کی گئی وہ بھی ایک حساس صنف یعنی خاتون۔تفصیلات کو چھوڑتے ہوئے ہجرت کے تیسرے سال قبیلۂ عضل اور قبیلۂ قارہ نے رسول اﷲ ﷺ سے تعلیم وتعلم کے لیئے کچھ معلمین کی درخواست کی آپ ؐ نے چھے افرا کا وفد بھیجا ان قبائل نے غداری کی اور راستے میں چار کو شہید کر دیا اور ان میں سے دو حضرت خبیب ؓ بن عدیؓ اور زید بن الدثنہ ؓ کوقریش کے ہاتھوں فروخت کردیا خبیبؓ حجیربن ابی اہاب نے باپ کے بدلے میں قتل کے لئے خریدا جبکہ زید بن الدثنہ کو صفوان بن امیّیہ نے اپنے باپ کے بدلے میں قتل کے لیئے خریدا ۔ زیدؓ کو حرم سے باہر قتل کے لے جایا گیا قریش کے بڑے بڑے لوگ اکٹھے ہوئے جن میں ابو سفیان بھی تھے انہوں نے زید ؓ سے قسم دے کر پوچھا تم یہ پسند نہیں کرتے کہ تم گھر میں آرام سے رہواور تماری جگہ محمد ﷺ ہوں انہوں نے جواب میں کہا میں یہ کبھی گوارہ نہیں کرتا کہ میں گھر میں آرام سے رہوں اور رسول اﷲ ﷺکو ایک کانٹا بھی چبھے۔اس پر ابو سفیان نے کہا میں نے کسی کو کسی سے اتنی محبت کر تے نہیں دیکھا جتنی محبت محمد ﷺ کے ساتھی کر تے ہیں ، یہ وہ محبت ہے جس کا اعتراف دشمن بھی کرتے ہیں اس کے بعد حضرت زیدؓ بن الدثنہؓ کو شہید کر دیا گیا۔ اور حضرت خبیبؓ کو سولی چڑھا دیا گیا ۔ یہ صرف محبت رسول ﷺ کی چند مثالیں ہیں ورنہ جاں نثاران مصطفےٰ ﷺ کی لاکھوں امثال موجود ہیں تابعین میں سے محبت رسول ﷺ کی اعلیٰ مثال حضرت اویس قرنی ؒ کی ہے جنہوں نے ایک ایک کر کے اپنے سارے دانت نکال دیئے کہ نہ جانے غزوۂ احد میں محمد رسول ﷲ ﷺ کا کون سا دانت شہید ہوا ۔جاں نثاران اسلام کی ذمہ داری ہے کہ حضور علیہ السلام کی ذات ، آپؐ کی شریعت، آپؐ کی عزت وحرمت ، اور آپؐ کے اہل بیت و آلِ رسول ﷺ سے محبت واحترام اور آپؐ کے صحابہ رضوان اﷲ علیھم کے ساتھ عقیدت و احترام کو ملحوظ رکھیں اگر چہ اس میں جان ومال کی قربانی ہی کیوں نہ دیناپڑے پڑے۔
Muzaffar Bukhari
About the Author: Muzaffar Bukhari Read More Articles by Muzaffar Bukhari: 23 Articles with 33408 viewsCurrently, no details found about the author. If you are the author of this Article, Please update or create your Profile here.