ویلنٹائن ڈے منانا صحیح ہے ۔۔۔؟

ویلنٹائن ڈے منانا صحیح ہے یہ کیا سوال ہوا ہم مسلمان ہیں اور ہماری اپنی روایات اقدار اور تہوار ہیں اور یہ اقدار و روایات ہی مسلم امہ کا امتیاز پہچان اور فخر ہیں اور ہمیں صرف اور صرف اسلامی اقدار کی ترویج و اشاعت کرنا چاہیے نہ کہ عیسائیت کا پرچار یہ تہوار جسے “یوم محبت“ کا خوبصورت نام دے دیا گیا ہے تاکہ محبت کی آڑ لے کر ہر مذہب کا انسان اس تہوار کو منانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے اور واقعی بیشتر اسلامی ممالک جن میں ہمارا ملک “پاکستان“ بھی شامل ہے اس تہوار کو خاص طور پر ہماری نوجوان نسل بڑے اہتمام اور دلچسپی سے منانے کی تیاریاں کرتے دکھائی دیتے ہیں اور ہمارا میڈیا بھی اس شغل کے فروغ میں پیش پیش ہے

اسلام محبت امن اور سلامتی کا مذہب ہے اور جذبہ محبت بہت وسیع اور خوبصورت جذبہ ہے ایک مسلمان کا مسلمان سے ایک انسان کا انسان سے محبت کرنا کارخیر اور پسندیدہ عمل ہے اور محبت کوئی ایسا جذبہ نہیں کہ جسے منانے کے لئے کوئی دن مخصوص کر لیا جائے سچا اور خالص جذبہ محبت ہو تو وہ ہر دن جاری ساری رہتا ہے یہ جذبہ محبت کوئی یادگار نہیں کہ جسے منانے کے لئے کوئی دن مخصوص کر لیا جائے اور جس طرح سے یہ دن “ویلنٹائن ڈے“ منایا جاتا ہے یہ سراسر محبت کی توہین ہے تجدید نہیں لہٰذا خاص کر ہم مسلمانوں کے لئے کسی بھی طور یہ خود ساختہ دن یا تہوار جو کچھ بھی ہے منانا قطعی درست نہیں ہے

ہم مسلمان ہیں انسانیت کے لئے محبت کا معیار کیا ہے قرآن کریم کی روشنی میں ہم خوب جانتے ہیں انسانوں میں محبت کیسے تقسیم کی جاتی ہے یہ اسلام نے ہی دنیا کو سیکھایا ہے لیکن محبت کا دن منانے کے لئے جو تہوار “ویلنٹائن ڈے“ کے نام سے موسوم ہے اس کا تعلق عیسائیت سے ہے لہٰذا مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمیں زیب نہیں دیتا کہ ہم غیر مسلموں کے تہواروں کی تقلید کریں قرآن کی رو سے اسلام ہی سچا دین ہے اور مسلمان قوم ہی دنیا کی دیگر اقوام سے ہر لحاظ سے افضل و برتر ہے

لیکن افسوس کہ ہماری قوم کے اکثر افراد غیر مسلموں کی تقلید کر کے خود کو غیر مسلموں سے کم تر ثابت کر رہے ہیں ہم یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ ہم کس مذہب کے پیرو کار، کس نبی کی امت ہیں اور کس قوم سے وابستہ ہیں ہمیں ہر معاملے میں صرف اور صرف اسلامی عقائید اور اسلامی تعلیمات کو پیش نظر رکھنا چاہئیے اور ہمیں اسلامی تہواروں کو خالص اسلامی طریقے سے منانا چاہئیے دیگر اقوام کے مقابل یہی ہمارا امتیاز ہے یہی ہماری پہچان اور یہی ہمارا فخر ہے نہ کہ “بسنت“ یا “ویلنٹائن ڈے“ جیسے غیر اسلامی تہواروں کو منانا اور فروغ دینا

ہم مسلمان اپنا امتیاز اپنی پہچان اپنا فخر اور اپنا وقار اسی صورت قائم رکھ سکتے ہیں کہ ہر قسم کی غیر اسلامی سرگرمیوں کو ترک کر دیں اور زندگی کے تمام معاملات میں اسلامی اقدار و روایات پر حکم الٰہی اور اطاعت نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق عمل پیرا ہو جائیں
uzma ahmad
About the Author: uzma ahmad Read More Articles by uzma ahmad: 265 Articles with 457019 views Pakistani Muslim
.. View More