اس دنیا میں بہت سے لوگ ایسے ہیں جو کہ کام کی زیادتی اور وقت کی
کمی کا رونا اکثر وبیشتر روتے ہیں۔ وقت ایک ایسی چیز ہے جو کہ ہر امیر، غریب کے
پاس یکساں موجود ہے۔ اور اس بات سے بھی سب ہی بخوبی واقف ہیں کہ ’’وقت کبھی لوٹ
کر واپس نہیں آتا ‘‘۔ بات صرف اس کو ٹھیک طور سے استعمال کر نے کی ہے ۔ کچھ لوگ
ایسے بھی ہوتے ہیں جو ضروری کام کاج نمٹانے کے بعد اپنی من پسند سرگرمیوں کو
بھی سرانجام دے لیتے ہیں۔اور وقت کو گنوانے والوں کے پاس سوائے پچھتاوے کے اور
کوئی چیز حاصل نہیں ہوتی۔ دنیا میں کامیاب ترین انسانوں کی سب سے بڑی خوبی یہی
تھی کہ وہ وقت کی قدر و قیمت سے آگاہ تھے اور اسی وجہ سے وہ کامیاب انسان
کہلائے۔
ہم میں سے اکثر لوگ یہ تمنا کر تے ہیں کہ کاش دن میں کچھ اور گھنٹے ہوتے، اور
ہم اپنے ادھورے کاموں کو مکمل کرسکیں ایسا تو ممکن نہیں ہے لیکن میں آج چند
ایسی باتیں آپ کو بتاؤں گا جس پر اگر آپ عمل کرنا شروع کردیں تو آپ اپنا کافی
قیمتی وقت بچا سکتے ہیں۔ اور کامیاب ترین انسانوں کی فہرست میں شمار ہو سکتے
ہیں۔ دنیا بھر کے ماہرین نے وقت کی منصوبہ بندی پر باقاعدہ تحقیق کی ہے اور اس
موضوع پر انہوں نے لوگوں کو کئی مفید مشوروں سے نوازا ہے۔
٭سب سے پہلے تو آپ کو اپنے وقت کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے سنجیدہ ہونا پڑے گا اور
اچانک بہت سے گھنٹے کا وقت بچانے کی بجائے اپنی توجہ ان چھوٹی چھوٹی سرگرمیوں
پر رکھیں جن سے آپ کے پانچ دس منٹ بچ سکتے ہیں۔ کیونکہ اسی وجہ سے آپ کا زیادہ
وقت ضائع ہوتا ہے۔ جتنا جلدی اگر کوئی کام کیا جاسکتا ہے تو اس کو جلد مکمل
کرنے کی کوشش کریں۔
٭اپنے وقت پر بیدار ہوجائیں اور بستر پر پڑے رہنے، کی بجائے اٹھ کھڑے ہوں
کیونکہ بستر میں فضول قسم کی سوچوں میں رہنے سے آپ کا وقت ضائع ہوگا۔اللہ تعالیٰ
نے آپ کو بے کار پیدا نہیں کیا ہے اپنی صلاحیتوں سے آگاہی حاصل کریں اور مثبت
کاموں کو سرانجام دیجئے۔
٭ناشتے سے قبل اگر آپ کوئی کام کرنا چاہ رہے ہوں تو وہ ناشتہ کرنے سے پہلے
کرلیں کیونکہ ایسا کرنے سے آپ اطمینان سے کھانے سے لطف واندوز ہوسکیں گے۔ ناشتہ
ضرور کریں چاہے وہ ہلکا پھلکا ہی کیوں نہ ہو چونکہ آپ نے دن بھر مختلف کاموں
میں اپنی توانائی کو ہی استعمال کرنا ہے ۔
٭ایسا لباس پہنے سے اجتناب کریں جس پر زیادہ استری کرنے کی ضرورت پڑتی ہو۔
کیونکہ استری کا مسئلہ بھی کئی لوگوں کی مصروفیت پر بری طرح اثر کرتا ہے۔ لباس
زیادہ قیمتی ہو یا نہ ہو صاف ستھرا ضرور ہو تاکہ لوگوں پر آپکا اچھا تصور قائم
ہو۔
٭اس بات کی کوشش کریں کہ ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ کام ہوتے رہیں یہ وقت
بچانے کا سب سے عمدہ طریقہ ہے۔ وقت بچانے کا سب سے بڑا ذریعہ یہ ہے کہ آپ گھر
کے چھوٹے موٹے کاموں کیلئے کوئی ملازم رکھ لیں ایسا کرنے کی صورت میں آپ اپنا
کافی وقت بچا سکتے ہیں۔ |