خوش رہنے والے لوگوں کی 10مثبت عادتیں
(Abdul Rehman, Doha Qatar)
خوشی کوئی ایسی چیز نہیں جو بنی
بنائی کہیں سے مل جائے، یہ تو آپ کے اپنے کاموں کا نتیجہ ہوتی ہے۔۔ ہر
انسان خوش رہنا چاہتا ہے۔ کون ہے جو اْداسی اور ناخوشی میں جینا چاہتا ہو؟
ہم میں سے اکثر نے ایسے لوگ دیکھے ہوں گے جو زندگی کی تمام تر اذیت ناک
حالتوں میں بھی خوش رہتے ہیں۔ ایسا نہیں کہ یہ لوگ دکھ، غم، ناخوشی اور
اداسی جیسی کیفیات سے بالاتر ہوتے ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ یہ لوگ ان
کیفیات کو خود پر غلبہ نہیںپانے دیتے۔سوال یہ ہے کہ دردوالم سے بھری اس
دنیا میں کس طرح خوش خوش جِیا جائے؟ صدیوں سے کہا جا رہا ہے کہ خوشی کا
تعلق نہ تو اس بات سے ہے کہ آپ کے پاس بہت سا پیسہ ہو، نہ ہی اس بات سے کہ
آپ جسمانی خوب صورتی کے حامل ہوں۔ یہ بھی ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ
جدید زمانے میں جینے والوں کی زندگی اضطراب، ذہنی تنائو اور ناخوشی سے خالی
نہیں ہو سکتی کیوں کہ جدید معاشرے میں زندگی بسر کرنے والوں کے لیے یہ منفی
کیفیات اکثر اوقات چیلنجوں سے نمٹنے پر مائل کرنے والے عامل کا کام بھی
کرتی ہیں۔ بہرحال حد سے زیادہ اضطراب، ذہنی تنائو اور ناخوشی کے بغیر جینا
ہر انسان کا حق ہے اور ضرورت بھی۔ اگر منفی کیفیات حد سے بڑھ جائیں تو
انسان کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے خطرناک ہو جاتی ہیں۔خوشی کے حصول کے
بارے میں اتنی تحقیق کی گئی ہے، اتنی گہری باتیں کہی گئی ہیں اور انسانی
جذبات کے ایسے ایسے پہلو تلاش کیے گئے ہیں کہ خوشی اک بھید بن کر رہ گئی
ہے۔ جدید دور کے فلسفی کہتے ہیں خوشی آپ کا اپنا انتخاب ہے۔ جب چاہیں اسے
اپنے لیے چْن لیجیے جب کہ ماہرینِ نفسیات کہتے ہیں انسان کے کچھ خاص رویّے
اور عادتیں اسے ہر حال میں خوش رکھنے کا باعث ہوتی ہیں۔ جو لوگ ہر حال میں
خوش رہتے ہیں لوگ انہیں دیکھ کر سوچتے رہ جاتے ہیں کہ ان کی خوشی کا راز
کیا ہے۔ اس مضمون میں ہم آپ کو یہی راز بتا رہے ہیں۔ 1۔ ہر وقت خوش رہنے
والے لوگ اپنے بارے میں دوسرے لوگوں کی کہی ہوئی فضول باتوں خصوصاً درشتی
سے کہی گئی باتوں پر بالکل بھی توجہ نہیں دیتے۔ 2۔ دوسروںکی مد د کریں۔
حقیقت یہ ہے کہ معاشرے کے پچھڑے ہوئے لوگوں کی مدد کرنے کا عمل زیادہ فائدہ
بخش ہوتا ہے۔ 3۔ چند دوستوں کے ساتھ تعلقات کو مزید پرجوش بنائیں اور اس
دوستی کو کبھی غیراہم نہ ہونے دیں۔ 4۔ اپنے آپ سے بھی محبت کیجیے ‘یہ بات
نہایت اذیت دہ ہے کہ آپ کسی دوسرے سے اس قدر محبت کریں کہ خود سے محبت
کرنا ہی چھوڑ دیں۔ کسی سے محبت کرنے میں خود کو یوں گم کر دینا بالکل غلط
ہے کہ آپ یہ بات ہی بھول جائیں کہ آپ خود بھی اہم اور خاص انسان ہیں۔ 5۔
کارآمد ہونے کو مقبولیت پر ترجیح دیں۔ مقبول ہونے اور کارآمد ہونے میں
فرق ہمیشہ یاد رکھیے۔ مقبول ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو تھوڑے عرصے کے
لیے پسند کیا گیا جب کہ کارآمد ہونے کا مطلب ہے آپ نے کوئی ایسا کام کیا
ہے جو بے شمار دوسرے لوگوں کے کاموں سے مختلف اور بہتر ہے۔ 6۔ہر بات پر
’’ہاں‘‘ کہنا بہت جلد آپ کو مصیبتوں سے دوچار کر دیتا ہے۔ ہر بات پر
’’ہاں‘‘ کہیں گے تو آپ خود کو ہر وقت مصروف پائیں گے اور وقت کی کمی کی
وجہ سے ناخوش و افسردہ ہو جائیں گے۔خوشی اور راحت و آسودگی سے بھرپور
زندگی بسر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اپنی ’’ہاں‘‘ کہنے کی عادت کو معقول حد
تک ہی رکھیے۔ جس وقت ’’نہیں‘‘ کہنا ضروری ہو اس وقت ’’ہاں‘‘ بالکل مت کہیے۔
7۔ خلوص کے ساتھ شکر ادا کیجیے ۔شکرگزاری خوش رہنے کی سب سے بڑی کلید ہے۔
8۔ خوش رہنے والے لوگ کبھی ناامید نہیں ہوتے جو لوگ سب سے زیادہ خوش ہوتے
ہیں، وہ حالات و واقعات کے مطابق زندگی بسر نہیں کرتے بلکہ وہ چند خاص
رویّے اپناتے ہیں اور ہر طرح کے حالات و واقعات میں ان رویّوں کے مطابق
زندگی بسر کرتے ہیں۔ 9۔ بعض لوگ مستقلاً خوش رہتے ہیں۔ اس کی ایک ہی سادہ
سی وجہ ہے۔ وہ سادہ سی وجہ یہ ہے کہ وہ کامیابی اور ناکامی کے بارے میں
مختلف انداز سے سوچتے ہیں۔ جب کسی کام میں ناکامی کا سامنا ہو تو وہ صرف
خود کو اس کا ذمہ دار نہیں سمجھتے۔ اسی طرح جب کوئی کامیابی حاصل ہو تو وہ
خود کو اس کا ذمہ دار سمجھ کر مغرور نہیں ہو جاتے۔ 10۔ خوشی سے معمور زندگی
اور بامعنی زندگی میں فرق ہے۔ مثال کے طور پر جب کوئی المیہ رونما ہو، تب
خوش رہنا ممکن نہیں ہوتا۔ سوال یہ ہے کہ کون لوگ زیادہ لمبی عمر پاتے ہیں
اور مسائل ختم ہو جانے کے بعد بہتر انداز سے جیتے ہیں؟وہی لوگ لمبی عمر
پاتے ہیں جو کوشش کرنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ |
|