فزیو تھراپی کو عرف عام میں فزیکل تھراپی بھی کہا جاتے ہے
اور یہ ایک ایسا طریقہ علاج ہوتا ہے جس میں جسم کی مختلف بیماریوں مثلاً
جوڑوں کا درد، نسوں کا کھنچاؤ اور پٹھوں کی تکلیف کو کو دور کیا جاتا ہے-
اس کے علاوہ کسی حادثے کی صورت میں ہونے والے فریکچر کی سرجری کے بعد بھی
فزیو تھراپی کی ضرورت ہوتی ہے- فزیو تھراپی کے ذریعے کیے جانے والے مختلف
بیماریوں کےعلاج کے حوالے سے ہماری ویب کی ٹیم نے معروف فزیو تھراپسٹ ڈاکٹر
فرحان اسحاق خان سے اہم معلومات حاصل کیں تاکہ ہماری ویب کے قارئین کو اس
بارے میں شعور اور آگہی فراہم کی جاسکے- ڈاکٹر فرحان سے حاصل کردہ مفید
معلومات یہاں قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہیں تاکہ آپ اس سے استفادہ
حاصل کرسکیں-
ڈاکٹر فرحان کے مطابق “ فزیو تھراپی ایک ایسا ذریعہ علاج ہے جس میں بغیر
دواؤں کے مریض کا علاج کیا جاتا ہے- اس میں ورزشوں کے ذریعے اور متعدد
اقسام کی مشینوں کے ذریعے علاج کیا جاتا ہے جبکہ آج کل چند ایسی تکنیک بھی
آچکی ہیں جن کے بعد فزیو تھراپی مزید بہتر اور جدید ہوچکی ہے“-
|
|
ڈاکٹر فرحان کا کہنا ہے کہ “ بہت سی بیماریاں ایسی ہوتی ہیں جن کا علاج
ہومیو پیتھی یا پھر ہربل دواؤں سے ممکن نہیں ہوتا لیکن فزیو تھراپی میں ان
بیماریوں کا بہت اچھا اور مناسب علاج کروایا جاسکتا ہے“-
“ مثال کے طور پر ہمارے ہاں ہر گھر میں ایک ایسا مریض ضرور موجود ہوتا ہے
جسے کمر درد کی شکایت ہوتی ہے یا گردن کی تکلیف ہوتی ہے یا پھر جوڑوں میں
درد رہتا ہے جس میں گھٹنوں کی تکلیف بہت عام ہے“-
“ گھٹنوں کی اس تکلیف کو Osteoporosis کہا جاتا ہے اور یہ ایک مخصوص عمر کی
خواتین میں زیادہ پائی جاتی ہے“-
“ دواؤں سے ان بیماریوں کا علاج وقتی طور پر تو ہوتا ہے لیکن اس کے اثرات
دیرپا نہیں ہوتے لیکن فزیو تھراپی میں مختلف ورزشوں کے ذریعے مریض کو بہت
اچھا آرام اور سکون حاصل ہوسکتا ہے- اور یہ ورزشیں مریض آسانی سے اپنے گھر
پر بھی کر سکتا ہے“-
ڈاکٹر فرحان کا کہنا تھا کہ “ اگر آپ دیکھیں تو ایسے افراد جو دفاتر وغیرہ
میں نوکری کر رہے ہوں یا پھر ایسے افراد جو ٹیلر ماسٹر ہوں یا اس جیسے کسی
پیشے سے تعلق رکھتے ہوں جن میں مسلسل جھک کر کام کیا جاتا ہے تو یہ افراد
اپنی اس دیر تک رہنے والی پوزیشن سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے بے خبر
ہوتے ہیں“-
|
|
“ ایک ماہر فزیو تھراپسٹ ہی آپ کو آپ کی غلط حالتوں یا پوزیشن میں اپنے
کاموں کو سرانجام دینے کے حوالے سے آگہی فراہم کرسکتا ہے- اور وہی بتا سکتا
ہے کہ آپ کو اپنی کس پوزیشن کو درست کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد آپ متعدد
بیماریوں سے بچ سکتے ہیں“-
ڈاکٹر فرحان کا یہ بھی کہنا ہے کہ “ پہلے صرف کمر درد بوڑھے افراد کو ہوتا
تھا لیکن آج کل کمر درد اور گردن کی تکلیف نوجوانوں میں بہت زیادہ عام
ہوگئی ہے“-
“ اس کی وجہ بھی غلط انداز میں بیٹھ کر اپنے امور سرانجام دینا ہے- اور ان
امور میں جو سب سے زیادہ عام ہے وہ کمپیوٹر کا استعمال ہے“-
“ اگر آپ گھنٹوں کمپیوٹر اسکرین کے سامنے بیٹھے رہتے ہیں لیکن یہ نہیں
جانتے کہ اس وقت آپ کو اپنی کمر کیسے رکھنی ہے یا پھر آپ کی آنکھوں کی
پوزیشن کیا ہونی چاہیے تو یہ آپ کے لیے انتہائی خطرناک ہوسکتا ہے اور آپ کو
کمر درد یا گردن کی تکلیف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے“-
|
|
“ ہمارے پاس اکثر مریض ایسے آتے ہیں جو دواؤں اور ان کے مضر اثرات کی وجہ
سے تھک چکے ہوتے ہیں اور ایسی صورت میں فزیو تھراپی کے بہت اچھے نتائج
برآمد ہوتے ہیں“-
ڈاکٹر فرحان کا کہنا ہے کہ “ ایک اور بیماری جو ہمارے معاشرے میں عام ہے وہ
فالج ہے اور یہ دنیا کی تیسری بڑی بیماری ہے“-
“ فالج کے مریض کو دواؤں کے ساتھ ساتھ فزیو تھراپی بھی ضرور کروانی چاہیے
کیونکہ یہ اس کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوسکتی ہے“-
“ اسی طرح اگر کسی فریکچر کی سرجری کروائی گئی ہے تو اس صورت میں بھی فزیو
تھراپسٹ کی اہمیت بڑھ جاتی ہے کیونکہ ایک ماہر سرجن بہترین آپریشن تو
کردیتا ہے لیکن اگر درد کی وجہ سے مریض ٹانگ وغیر کو حرکت نہ دے پا رہا ہو
تو ایک فزیو تھراپسٹ ہی اس حرکت کو ممکن بناتا ہے“-
“ اس صورت میں فزیو تھراپسٹ کی ٹیکنیکل معلومات اور کاؤنسلنگ مریض کو پہلے
جیسی پوزیشن میں لے کر آتی ہے اور یقین دلاتی ہے کہ وہ سرجری کے بعد بھی
پہلے ہی کی طرح چل سکتا ہے یا ہاتھ ہلا سکتا ہے“-
ڈاکٹر فرحان کا یہ بھی کہنا تھا کہ “ فزیو تھراپی ایک ایسا علاج ہے جس کی
روز بروز ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے اور لوگوں میں اس حوالے سے آگہی بھی بہت زیادہ
پیدا ہورہی ہے“-
“ جن بیماریوں کا میں نے ذکر کیا ہے آپ ان پر توجہ دے سکتے ہیں اور مزید
معلومات کے لیے ہم سے رابطہ بھی کرسکتے ہیں“- |
|
|