رمضان المبارک
(پیرآف اوگالی شریف, Khushab)
رمضان المبارک حضور انور سرکار
کل جہاںﷺ ارشاد فرماتے ہیں کہ ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے۔
بہت ہی بابرکت اور فضیلت والا مہینہ ہے اور یہ صبر و شکر اور عبادت کا
مہینہ ہے۔ اس ماہ مبارک کی عبادت کا ثواب ستر درجہ زیادہ عطا ہوتا ہے۔ جو
کوئی اپنے پروردگار کی عبادت کرکے اس کی خوشنودی حاصل کرے گا اس کی بڑی جزا
خداوند تعالیٰ عطا فرمائے گا۔ ماہ رمضان المبارک کی پہلی شب بعد نماز عشاء
ایک مرتبہ سورۂ فتح پڑھنا بہت افضل ہے۔ ماہ رمضان کی پہلی شب بعد نماز تہجد
آسمان کی طرف منہ کرکے بارہ مرتبہ یہ دعا پڑھنی بہت افضل ہے۔ لَآ اِلٰہَ
اِلَّا اللّٰہُ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ الْقَآءِمُ عَلٰی کُلِّ نَفْسٍ م
بِمَا کَسَبَتْ ۔ ماہ رمضان المبارک میں روزانہ ہر نماز کے بعد اس دعائے
مغفرت کو تین مرتبہ پڑھنا بہت افضل ہے۔ اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ
الَّذِیْ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ اِلَیْہِ تَوْبَۃً
عَبْدٍ ظَالِمٍ لَّا یَمْلِکُ نَفْسَہٗ ضَرًّا وَّ لَا نَفْعًا وَّ لَا
مَوْتًا وَّ لَا حَیٰوۃً وَّ لاَ نُشُوْرًا o رمضان شریف میں ہر نماز عشاء
کے بعد روزانہ تین مرتبہ کلمہ طیب پڑھنے کی بہت فضیلت ہے۔ اول مرتبہ پڑھنے
سے گناہوں کی مغفرت ہوگی۔دوسری دفعہ پڑھنے سے دوزخ سے آزاد ہوگا۔ تیسری
مرتبہ پڑھنے سے جنت کا مستحق ہوگا۔ ماہِ رمضان کی کسی بھی شب میں بعد نمازِ
عشاء سات مرتبہ سورۂ قدر پڑھنا بہت افضل ہے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس کے پڑھنے
سے ہر مصیبت سے نجات حاصل ہوگی۔ شب قدر : شب قدر ایک مبارک رات ہے جو رمضان
المبارک کے آخری عشرہ میں ہوتی ہے۔ اس رات کی عبادت ایک ہزار مہینے کی
عبادت سے بھی بہتر ہے۔ اس لیے شب قدر بہت ہی فضیلت والی رات ہے۔ لیلۃ القدر
کے معنی عظیم رات کے ہیں۔ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ حضورﷺ
نے فرمایا کہ شب قدر اکیسویں یا تئیسویں یا پچیسویں یا ستائیسویں رات یا
انتیسویں رات میں تلاش کرو۔ اس سے معلوم ہوا کہ آخری عشرہ کی پانچوں راتیں
بڑی برکت اور فضیلت والی ہیں۔ اکیسویں رات: اکیسویں رات کو چار رکعت نماز
دو سلام سے پڑھے ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر ایک ایک بار، سورۂ
اخلاص ایک ایک مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر مرتبہ درود پاک پڑھے۔ انشاء
اللہ تعالیٰ اس نماز کے پڑھنے والے کے حق میں فرشتے دعائے مغفرت کریں گے۔
اکیسویں شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر
ایک ایک بار، سورۂ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے نماز ختم کرکے
ستر مرتبہ استغفار پڑھے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس نماز اور شب قدر کی برکت سے
اللہ پاک اس کی بخشش فرمائے گا۔ ماہ رمضان المبارک کی اکیسویں شب کو اکیس
مرتبہ سورۂ قدر پڑھنا بھی بہت افضل ہے۔ تئیسویں رات: ماہ مبارک کی تئیسویں
شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ
قدر ایک بار اور سورۂ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔ پھر بعد سلام کے ستر مرتبہ
درود شریف پڑھے۔ انشاء اللہ تعالیٰ مغفرتِ گناہ کیلئے یہ نماز بہت افضل ہے۔
تئیسویں شب کو آٹھ رکعت نماز چار سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ
کے سورۂ قدر ایک ایک دفعہ، سورۂ اخلاص ایک ایک بار پڑھے اور بعد سلام کے
ستر مرتبہ کلم�ۂ تمجید پڑھے اور اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی بخشش طلب
کرے۔ اللہ تعالیٰ اس کے گناہ معاف فرما کر انشاء اللہ تعالیٰ مغفرت فرمائے
گا۔ تئیسویں شب کو سورۂ یٰسین ٓ ایک مرتبہ، سورۂ رحمن ایک دفعہ پڑھنی بہت
افضل ہے۔ پچیسویں رات: ماہ رمضان کی پچیسویں شب کو چار رکعت نماز دو سلام
سے پڑھے۔ بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر ایک ایک بار، سورۂ اخلاص پانچ پانچ
مرتبہ ہر رکعت میں پڑھے۔ بعد سلام کے کلمہ طیب ایک سو دفعہ پڑھے۔ درگاہِ رب
العزت سے انشاء اللہ بے شمار عبادت کا ثواب عطا ہوگا۔ پچیسویں شب کو چار
رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر تین
تین مرتبہ، سورۂ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر دفعہ استغفار
پڑھے۔ یہ نماز بخشش کیلئے بہت افضل ہے۔ پچیسویں شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔
ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر ایک ایک مرتبہ، سورۂ اخلاص پندرہ
پندرہ مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر دفعہ کلم�ۂ شہادت پڑھے۔ یہ نماز عذاب
قبر سے نجات کیلئے بہت افضل ہے۔ ماہ رمضان کی پچیسویں شب کو سات مرتبہ سورۂ
دخان پڑھے۔ انشاء اللہ اس سورہ کے پڑھنے کے باعث عذاب قبر سے اللہ پاک
محفوظ رکھے گا۔ پچیسویں شب کو سات مرتبہ سورۂ فتح پڑھنا ہر کسی کیلئے بہت
ہی افضل ہے۔ ستائیسویں رات: ستائیسویں رات کو دو رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت
میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ اخلاص سات سات مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے ستر
دفعہ یہ تسبیح معظم پڑھے۔ اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ الَّذِیْ لَآ
اِلٰہَ اِلَّ ھُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہِ انشاء اللہ
تعالیٰ اس نماز کا پڑھنے والا اپنے مصلے سے نہ اٹھے گا کہ اللہ پاک اس کے
اور اس کے والدین کے گناہ معاف فرما کر انہیں بخش دے گا اور اللہ تعالیٰ
فرشتوں کو حکم دے گا کہ اس کیلئے جنت آراستہ کرو اور فرمایا کہ وہ جب تک
تمام بہشتی نعمتیں اپنی آنکھ سے نہ دیکھ لے گا اس وقت تک موت نہ آئے گی۔
مغفرت کیلئے یہ نماز بہت ہی افضل ہے۔ ستائیسویں شب کو دو رکعت نماز پڑھے۔
ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ الم نشرح ایک ایک بار سورۂ اخلاص تین
تین مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام 27مرتبہ سورۂ قدر پڑھے۔ انشاء اللہ بے شمار عبادت
کا ثواب ملے گا۔ یہ نماز بہت افضل ہے۔ جو شخص دو رکعت نماز میں ہر رکعت میں
الحمد شریف، سورۂ قدر ایک بار سورۂ اخلاص تین بار پڑھے تو اس کو شب پدر کا
ثواب حاصل ہوگا اور ثواب حضرت ادریس علیہ السلام، حضرت شعیب علیہ السلام،
حضرت ایوب علیہ السلام، حضرت داؤد علیہ السلام، حضرت نوح علیہ السلام جیسا
عطا ہوگا اور اس کو ایک شہر جنت میں دیا جائے گا جو مشرق سے مغرب تک لمبا
ہوگا۔ (فضائل ایام و الشہور) حضور ﷺ نے فرمایا کہ جو شخص شب قدر میں دو
رکعت نماز پڑھے۔ ہر رکعت میں الحمد شریف کے بعد سات مرتبہ سورۂ اخلاص بعد
سلام کے اَسْتَغْفِرُ اللّٰہَ الْعَظِیْمَ الَّذِیْ لَآ اِلٰہَ اِلَّا ھُوَ
الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَ اَتُوْبُ اِلَیْہِ ستر مرتبہ پڑھے تو یہ اپنے
مصلے سے نہ اٹھے گا کہ اللہ تعالیٰ اس کے اور اس کے والدین کے گناہوں کی
مغفرت فرما دے گا اور فرشتوں کو حکم ہوگا کہ اس کیلئے جنت میں میووں کا
درخت لگاتے رہیں۔ محل تعمیر کرتے رہیں، نہریں بناتے رہیں۔ یہ پڑھنے والا ان
کو جب تک اپنی آنکھ سے خواب میں نہ دیکھ لے گا اس وقت تک اس کو موت نہ آئے
گی۔ (تفسیر یعقوب چرخی) جو شخص چار رکعت پڑھے۔ ہر رکعت میں الحمد شریف کے
بعد ایک بار سورۂ تکاثر اور سورۂ اخلاص تین بار پڑھے اس پر موت کی سختی
آسان ہوگی۔ عذاب قبر اٹھ جائے گا۔ اس کو جنت میں چار ستون ملیں گے۔ جن کے
ہر ستون پر ہزار محل ہوں گے۔ (نذہۃ الالمجالس ج ۱) جو شخص ستائیسویں شب
رمضان کو چار رکعت پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد الحمد شریف کے سورۂ قدر تین بار
اور سورۂ اخلاص پچاس مرتبہ پڑھے اور بعد نماز کے سُبْحَانَ اللّٰہِ
وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ وَ اللّٰہُ اَکْبْرُ پڑھے
تو جو دعا مانگے قبول ہوگی۔ جو شخص ستائیسویں شب میں چار رکعت پڑھے۔ ہر
رکعت میں بعد الحمد شریف کے سورۂ قدر ایک بار، سورۂ اخلاص ستائیس بار پڑھے۔
وہ گناہوں سے ایسا پاک ہوجاتا ہے گویا ابھی پیدا ہوا ہے اور اس کو جنت میں
ہزار محل ملیں گے۔ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جو شخص شب
قدر میں بعد نماز عشاء سات مرتبہ سورہ قدر پڑھے اسے ہر مصیبت سے نجات ملے
گی۔ ہزار فرشتے اس کیلئے جنت کی دعا کرتے ہیں۔ (غنیہ الطالبین، نزہتہ
المجالس، فضائل الشہور) ستائیسویں شب کو ساتوں حٰمٓ پڑھے۔ یہ ساتوں
حٰمٓعذاب قبر سے نجات اور مغفرت گناہ کیلئے بہت افضل ہیں۔ ستائیسویں شب کو
سورۂ ملک سات مرتبہ پڑھنا مغفرتِ گناہ کیلئے بہت فضیلت کی بات ہے۔ انتیسویں
رات: انتیسویں رات کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے۔ ہر رکعت میں بعد سورۂ
فاتحہ کے سورۂ قدر ایک ایک بار، سورۂ اخلاص تین تین مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام
کے سورۂ الم نشرح ستر مرتبہ پڑھے۔ یہ نماز کامل ایمان کے واسطے بہت افضل ہے۔
انشاء اللہ اس نماز کے پڑھنے والے کو دنیا سے مکمل ایمان کے ساتھ اٹھایا
جائے گا۔ ماہِ رمضان کی انتیسویں شب کو چار رکعت نماز دو سلام سے پڑھے اور
ہر رکعت میں بعد سورۂ فاتحہ کے سورۂ قدر ایک ایک بار، سورۂ اخلاص پانچ پانچ
مرتبہ پڑھے۔ بعد سلام کے درود شریف ایک سو دفعہ پڑھے۔ انشاء اللہ تعالیٰ اس
نماز کے پڑھنے والے کو دربارِ خداوندی سے بخشش و مغفرت عطا کی جائے گی۔ ماہِ
رمضان کی انتیسویں شب کو سات مرتبہ سورۂ واقعہ پڑھے۔ انشاء اللہ تعالیٰ
ترقی رزق کیلئے بہت افضل ہے۔ |
|