قرآن مجید اﷲ کی کتاب ہے جو اس
دنیا و آخرت میں انسان کی کامیابی کی ضامن ہے ،جو شخص کامیابی حاصل کرنا
چاہتا ہے وہ اس کتاب سے اپنا تعلق قائم رکھے اس کی آیات کو اپنے خیالات کا
جز بنا لے ،رسول ؐ اور آئمہ طاہرین ؑکے ایسے متعدد اقوال ہیں جن میں
باقاعدگی سے قرآن مجید کی تلاوت کرنے کی تاکید کی گئی ہے ۔
رسول ؐ نے فرمایا:’’جو شخص دس آیات کی تلاوت کرے وہ اپنے عمل میں کوتاہی کا
مرتکب نہیں سمجھا جائے گا،جو شخص سو آیات کی تلاوت کرے اس کا نام اُن لوگوں
کی فہرست میں شامل کیا جائے گا جو اﷲ تعالی کو یاد کرتے ہیں ،جو شخص دو سو
آیات کی تلاوت کرے اس کا نام اﷲ کے اطاعت گذار بندوں میں شامل کیا جائے گا
اور جو شخص پانچ سو آیات پڑھے اُس کا نام اُن لوگوں کی فہرست میں درج ہو گا
جو اﷲ تعالی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے اَن تھک کوشش کرتے ہیں ‘‘
امام جعفر صادق ؑ نے فرمایا:’’قرآن مجید اﷲ کا اپنی مخلوق کے ساتھ عہد نامہ
ہے یہ ہر مسلمان کا فریضہ ہے کہ اس عہد نامے کو مدِ نظر رکھے اور اس کی
پچاس آیات روزانہ پڑھے‘‘
آپ نے یہ بھی فرمایا:’’ایک مصروف تاجر کے منڈی سے واپس آنے اور سو جانے کے
درمیانی وقفے میں قرآن مجید کا ایک سورہ پڑھنے میں کیا چیز مانع ہے ؟اگر وہ
ایسا کرے(یعنی اس دوران میں قرآن مجید کے ایک سورے کی تلاوت کرے)تو دس
نیکیاں اُس کے نامہ اعمال میں درج کی جائیں گی اور دس خطائیں ختم کر دی
جائیں گی‘‘
آپ نے یہ بھی فرمایا:’’قرآن مجید کی تلاوت کی طرف خاص توجہ دو کیونکہ جنت
کے اتنے ہی درجے ہیں جتنی اس مقدس کتاب کی آیات ہیں ۔قیامت کے دن قرآن مجید
کی تلاوت کرنے والے سے کہا جائے گا کہ ’’تلاوت کرو اور بلند تر ہو
جاؤ‘‘چنانچہ جب وہ ایک آیت کی تلاوت کرے گا تو اُسے ایک بلند تر درجے پر
فائز کیا جائے گا‘‘
متعدد احادیث سے پتہ چلتا ہے کہ قرآن مجید زبانی پڑھنے کی بجائے اس کے ایک
نسخے سے دیکھ کر تلاوت کرنا زیادہ ثواب کا موجب ہے۔
صحابی اسحاق بن عمرو ؓنے رسول ؐ سے دریافت کیا کہ میں نے قرآن مجید حفظ کر
رکھا ہے آیا میں کتب خدا کی تلاوت زبانی کروں یا قرآن مجید میں پڑھ کر کروں
رسول ؐ نے جواب دیا قرآن مجید سے پڑھ کر کرو کیوں کیونکہ قرآن پاک کی طرف
نگاہ کرنا بھی عین عبادت ہے۔
احدیث میں قرآن مجید گھر میں پڑھنے کے فضائیل بیان ہوئے ہیں ’’جب ایک شخص
اپنے گھر میں قرآن مجید کی تلاوت کرتا ہے تو اس کی بیوی بچوں کو بھی اُس کے
نقش قدم پر چلنے کا اشتیاق پیدا ہوتا ہے ۔جب کسی آبادی کے مختلف گھروں سے
تلاوت قرآن کی آواز آتی ہے تو اس کا اثر بڑا خوش کُن ہوتا ہے۔
رسول ؐنے فرمایا:کہ کسی گھر میں قرآن مجید کی تلاوت اُس کے مکینوں کے لئے
رحمت الہی کے نزول کا باعث بنتی ہے اس گھر میں فرشتے اُترتے ہیں اور شیطان
وہاں سے بھاگ نکلتاہے جس گھر میں قرآن مجید نہ پڑھا جائے وہاں شیاطین بسیرا
کر لیتے ہیں اور فرشتے اُس سے دور دور رہتے ہیں۔ |