ٹیکسی ڈرائیور نے چالیس ہزار ڈالر کی رقم اور ساڑھے نو کلو سونا مالک کو لوٹا دیا

دبئی - آج کل کے دور میں جہاں ہر طرف برائی اور بیمانی کا زور ہے٬ جہاں ہر شخص جلد از جلد امیر بننا چاہتا ہے رستہ چاہے جو بھی ہو٬ مگر آج بھی دنیا میں ایسے لوگ موجود ہیں جنہوں نے نہ صرف اپنے نیک اعمال سے اپنا نام روشن کیا بلکہ اپنے ملک کے وقار کو بھی بلند کیا- جس کی ایک مثال متحدہ عرب امارات میں ایماندار پاکستانی ڈرائیور نے راتوں رات امیر بننے کی بجائے 40 ہزار ڈالر کی رقم اور ساڑھے نو کلو سونا مالک کو واپس لوٹا کر شاندار مثال قائم کر دی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والا ٹیکسی ڈرائیور رامین خان مشہد محنت مزدوری کیلئے دو برس قبل متحدہ عرب امارات گیا تھا جہاں اس نے عربیہ ٹیکسی کمپنی میں ملازمت اختیار کر لی۔

رامین خان کی ٹیکسی میں گزشتہ دنوں ایک چینی باشندہ اپنا سامان بھول گیا جسے کھول کر دیکھنے پر معلوم ہوا کہ اس میں ساڑھے نو کلو گرام سونا اور چالیس ہزار امریکی ڈالر موجود ہیں۔ رامین خان نے فوراً یہ سارا سامان اپنی کمپنی کے حکام کے پاس جمع کرا دیا۔ کمپنی نے سامان کے مالک کو تلاش کر کے یہ سامان اس کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں متحدہ عرب امارات کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پاکستانی ڈرائیور کی جانب سے ایمانداری کی شاندار مثال قائم کرنے پر اسے تعریفی سند اور نقد انعام سے نوازا۔
 

YOU MAY ALSO LIKE: